ایک مشہور کہاؤت ہے کہ عشق اور مُشک چھپائے نہیں چھپتے اور اگر یہی عشق آپ کو دفتر میں ہوجائے تب تو یہ بلکل بھی نہیں چھپتا اور صرف چند ہی دنوں کے اس سلسلے کے بعد آپ کو پتہ چلتا ہے کہ دفتر میں پیار کرنے کے سائیڈ افیکٹس کتنے ہیں۔
دفتر میں پیار کیوں ہوجاتا ہے
آجکل دُنیا کی رفتار سے قدم ملا کر چلنا آسان کام نہیں اور اس کوکرنے کے لیے سخت محنت کی ضرورت ہے اور یہی محنت آجکل لوگوں کو اپنی زندگی کا زیادہ وقت دفتر میں کام کرنے پر مجبور کرتی ہے اور زیادہ وقت دفتر میں بتاتے ہُوئے لوگ اکثر اپنے ساتھ کام کرنے والے اور کرنے والیوں سے محبت میں مبتلا ہوجاتے ہیں، اس محبت میں مُبتلا ہونا کوئی بُری بات نہیں ہے کیونکہ ایک ہی چھت کے نیچے اکھٹے رہنا کام کرنا اور بہت سارا وقت اکھٹے گُزارتے ہُوئے جہاں ایک دوسرے کو جاننے کا موقع ملتا ہے وہاں ایک دُوسرے سے پیار بھی ہو جاتا ہے اور پیار ہوجائے تو کام کرنے کے دوران وقت اور جسمانی تھکن کا احساس ختم ہوجاتا ہے، دفتر کا کام بہت آسان لگنے لگتا ہے، مگر شائد پیار کرنے والے پیار کرتے وقت یہ نہیں جانتے کہ یہ پیار اُن کے لیے بہت سے مسائل کھڑے کر سکتا ہے۔
ایک چھوٹی سی کہانی جو آفس میں کام کرتے ہُوئے شروع ہُوئی
عالیہ اور ناصر ایک ہی دفتر کام کرتے تھے، ناصر سینئر تھا جس کی ڈیوٹی تھی کہ وہ اپنے جونیرز کوکام کی تربیت بھی دے چنانچہ وہ عالیہ کو بہت پیار اور شفقت سے ہر بات سمجھاتا اور اسی پیار اور شفقت کی وجہ سے عالیہ ناصر کے قریب تر ہوتی چلی گئی اور پھر ایک دن ناصر نے اُسے کھانے پر انوائیٹ کیا جہاں دونوں نے ایک دوسرے سے محبت کا اظہار کیا اور یوں پیار کی یہ کہانی چل نکلی، دونوں کا دفتر میں زیادہ وقت اکھٹے گُزرنے لگا اور چند ہی دنوں میں دفتر کے سب لوگوں کو پتہ چل گیا کے دونوں کے درمیان کوئی کہانی چل رہی ہے۔
پھر ایک دن عالیہ نے دفتری کام میں کُچھ غلطیاں کیں جسے بڑے باس نے انتہائی تنقید کا نشانہ بنایا اور عالیہ کو وارننگ دی اور ساتھ ہی ناصر کیساتھ وقت گُزارنے پر طعنہ بھی دیا کے جب کام کے دوران ایسے شوق بیدار ہوں گے تو کام کہاں ہوگا۔
اور پھر مسلسل تنقید اور وارننگز کا سلسلہ چل نکلا یہاں تک کے آخر کار ایک دن عالیہ کو جاب چھوڑنی پڑی اور آپ جانتے ہیں کہ جاب چھوڑ کر دُوسری جاب ڈھونڈنا آسان کام نہیں۔
دفتر میں پیار کرنے کے سائیڈ ایفیکٹس
دفتر میں پیار ہونا بُری بات نہیں مگر جب آپ کام اور پیار کے درمیان توازن قائم نہیں رکھ پاتے تب دفتر میں کام کرنے کے سائیڈ ایفیکٹس شروع ہوجاتے ہیں۔
اکھٹے کام کے دوران جب پیار ہوجائے تو دونوں کولیگز اپنا زیادہ وقت اکھٹے گُزارنا پسند کرتے ہیں اور اس کے لیے وہ اکھٹے کام سے گھڑی گھڑی بریک مانگتے ہیں کبھی چائے پینے کے لیے اور کبھی کسی اور کام کے لیے اور کام سے اُن کی توجہ کم ہوجاتی ہے اور یہ کم توجہ آفس کا سمجھدار باس فوراً دیکھ لیتا ہے۔
پیار میں مبتلا ہونے والے کولیگز ہمیشہ آفس سے اکھٹے چھٹی کرتے ہیں جس سے آفس کا کام متاثر ہوتا ہے اور باس پریشان ہوتا ہے کہ دونوں اکھٹے چھٹی لیکر چلے گئے ہیں اور کام کی ذمہ داری محسوس نہیں کرتے۔
پیار کرنے کے دوران سبھی لوگ کامیاب نہیں ہوتے اور اگر دفتر میں پیار کرنے والوں کے درمیان بریک اپ ہوجائے تو دونوں کی توجہ کام پر سے ہٹ جاتی ہے، وہ دفتر میں ایک دوسرے کو دیکھنابھی پسند نہیں کرتے اور ایک دوسرے کے کام میں نقص تلاش کرتے ہیں جس سے خود دُکھی ہوتے ہیں اور آفس کا کام بھی متاثر ہوتا ہے۔
سائیڈ ایفیکٹس سے بچنے کے طریقے
اکھٹے کام کرتے ہُوئے ایک دوسرے میں دلچسپی لے لینا کوئی بُری بات نہیں مگر اس سے آفس کا کام ڈسٹرب نہیں ہونا چاہیے اور اگرنیچے دئیے گئے چند اصولوں پر عمل کیا جائے توآفس کے پیار کے سائیڈ ایفیکٹس سے بچا جا سکتا ہے۔
کام کے وقت میں کام کرنا اور اپنے پیار کی کہانی کو دفتر کے اوقات سے پہلے یا بعد میں آگے بڑھانا چاہیے تاکہ کام متاثر نہ ہو۔کام کے اوقات میں ایک دوسرے سے دُور رہیں اور اپنی کسی بھی حرکت سے یہ ثابت مت ہونے دیں کے آپ کسی طرح کی رنگ رلیاں منا رہے ہیں وگرنہ باس کی نظر میں آپ کھٹکنے لگیں گے۔
آپ کی محبت کا دفتر میں کسی کو پتہ نہیں چلنا چاہیے ورنہ آپ کے ہر کام پر نظر رکھی جانا شروع ہوجائے گا اور آپ کی جاب خطرے میں پڑ جائے گی۔
کام کے اوقات سے کبھی اکھٹے چھٹی مت کریں اور لنچ اور چائے کی بریک بھی اکھٹے مت کریں وگرنہ آپ کا پیار لوگوں کی نظروں میں آجائے گا اور آپ کے لیے مشکلات کھڑی کر دی جائیں گی۔ اپنے تعلقات کی وجہ سے آفس کا کام بلکل متاثر نہ ہونے دیں اور سارا کام پُورے دھیان اور ایمان داری سے کریں۔
آفس میں پیار کے فائدے
اگر آپ اپنے محبت کی کہانی کو سمجھداری سے آگے بڑھائیں گے تو جہاں سائیڈ ایفیکٹس سے بچیں گے وہاں آپ کو درجہ ذیل فائدے بھی حاصل ہوں گے۔
آپ کا روزانہ کام پر آنے کو دل لگے گا اور آپ روزانہ وقت سے پہلے کام پر پہنچیں گے تاکہ محبوب سے چند باتیں ہو سکیں اور آپ کا وقت سے پہلے دفتر آنا آپ کے باس کو خُوش کردے گا۔
آپ اپنے کام کے دوران خوش رہیں گے اور خوش ہونے کی وجہ سے اچھا کام کریں گے۔
آپ کا دماغ کام کے دوران آپ کو پُوری طرح حاضر رکھے گا اور کام کے پریشر کے دوران بھی آپ اپنے آپ کو ہلکا پھلکا محسوس کریں گے اور بہت جلد ترقی کریں گے۔