برین واش ایک ٹرم ہے جسکا مطلب آپ کی سوچ پر غالب آکر اُس میں اپنے خیالات کو بھرنا ہے اور آپ کی صحیح اور غلط کی پہچان کو ختم کرکے اپنی پسند کی باتیں آپکو پسند کروانی ہیں تاکہ آپ ایک کٹھ پُتلی کی طرح بن کر رہ جائیں اور برین واش کرنے والے آپکو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کریں۔
لوگوں کو آپکا برین واش کرنے کے لیے کسی جادویا غیر مرئی طاقت کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ برین واش کرنا ایک تکنیک ہے جس میں کُچھ خاص حربے آپ پر استعمال کیے جاتے ہیں تاکہ آپ وہی سوچیں جو برین واش کرنے والا چاہتا ہےاور اگر آپ ان حربوں سے آشنا نہیں ہیں تو آپ ایک آسان حدف بن جاتے ہیں اور آپ کو پتہ بھی نہیں چلتا کہ آپ کا برین واش کیا جا چُکا ہے۔
اس آرٹیکل میں ہم چند ایسی نشانیاں ذکر کریں گے جو آپکو جہاں برین واش کرنے کی تکنیک سمجھائے گی وہاں آپ کے دماغ میں ایک ایسی فائر وال پیدا کرے گی جو ایسی تکنیک استعمال کرنے والوں کے خلاف آپ کو نہ صرف آگاہ کرے گی بلکہ آپ کو برین واش ہونے کے اثرات سے محفوظ بھی رکھے گی۔
نمبر 1 آپ کی توجہ بڑے موضوع سے ہٹانے کی تکنیک
ہ تکنیک عام طور پر حکومتی لیول پر استعمال کی جاتی ہے جہاں آپ کی توجہ کسی خاص موضوع سے ہٹانے کے لیے آپ کو میڈیا پر بہت زیادہ کھیلوں کی خبریں، سنجیدہ نیوز چینلز پر مزیدار مزاحیہ پروگرامز، بہت زیادہ دلچسپ اور صُوفیانہ قسم کے مذہبی پروگرامز کثیر تعداد میں دیکھائے جانے شروع ہوجاتے ہیں۔
آپ کسی خاص خبر کے لیے اپنا پسندیدہ نیوز چینل لگاتے ہیں اور وہاں خوبصورت ڈانس چل رہا ہوتا ہے جو آپ کی توجہ مبذول کردیتا ہے اور اس کا مقصد بھی یہی ہوتا ہے کہ آپ کی توجہ سنجیدہ اور متنازعہ موضوعات جیسے سیاست، معیشت، ملک کی خراب صورتحال، اداروں کی ناکامی، قومی شکست وغیرہ سے ہٹا کر آپ کے دماغ کو کسی اور طرف لگایا جائے۔
نمبر 2 آپکے دماغ میں خوف بھرنا
اس تکنیک میں آپکو نئے نئے پرابلمز دئیے جاتے ہیں اور آپ کے دماغ میں ایسے خوف بھرے جاتے ہیں جن کا حل آپ کے پاس نہیں ہوتا اور آپ کا کام سوائے اس خوف سے خوفزدہ ہونے کے اور مسلسل سوچنے کے اور کُچھ نہیں ہوتا چنانچہ آپ ایک خاص سمت میں سوچنا شروع کرتے ہیں اور اس سمت پر آپ کو لگانے والا اپنی چال چل جاتا ہے۔
آپ کو میڈیا پر تشدد اور لڑائی مار کُٹائی دیکھائی جاتی ہے، میڈیا آپکو مظلوم کی نشاندہی بھی کرتا ہے اور ظالم کی نشاندہی بھی خود ہی کرتا ہے، مثال کے طور پر آپ کو دیکھایا جاتا ہے کہ پولیس کسی کو بے دردی سے مار رہی ہے تو پہلا خیال آپکو پولیس کے متعلق یہی آئے گا کہ غلط کر رہی ہے اور آپ یہ جاننا نہیں چاہیں گے کے کیوں مار رہی ہے آپکو پولیس میں شیطانی اہلکار نظر آئیں گے لیکن تصویر کا دُوسرا رخ کُچھ اور بھی ہو سکتا ہے ہو سکتا ہے مار کھانے والا کوئی خطرناک آدمی ہو اور اُس نے پولیس پر پہلے حملہ کیا ہو یا وہ کسی اور کو نقصان پہنچانے لگا ہووغیرہ وغیرہ لیکن آپکے دماغ کو یہ ساری باتیں سوچنے سے روک دیا جاتا ہے اور اسے برین واش کہتے ہیں۔
نمبر 3 آپکے دماغ کو تھوڑا سا بتا کر بہت کُچھ چھپانا
انگریزی کی ایک ٹرم ہے "گریجویشن” اور یہ سکول کالج والی ٹرم نہیں ہے اور اسکا مطلب ہے کے آپ کو کسی چیز کے بارے میں چند باتیں بتا کر اُسے فوراً قبول کروانا اور اُس چیز کی تمام خامیاں وقتی طور پر آپ کے دماغ کو ظاہر نہ کرنا، ایسے موقع پر جب وقت کیساتھ آپکو پُوری آگاہی ہوتی ہے تو آپکا نقصان ہوتا ہے۔
آپکو یاد ہوگا کہ ایک مشہور نیوز چینل کے معروف اینکر نے کُچھ سال پہلے اپنے پروگرام میں پانی سے گاڑی چلانے والا پیش کیا تھا اور آپ مان گئے تھے کہ چند ہی دنوں میں آپ پیٹرول کے خرچے سے بچ جائیں گے۔
نمبر 4 آپکو کنٹرول کرنے کے لیے آپ کوبچوں کی طرح ٹریٹ کرنا
یہ برین واش کا ایک پاپولر حربہ ہے جس میں برین واش کرنے والا آپکے ساتھ بچوں جیسا برتاؤ کرتا ہے، آپکو معمولی باتوں پر انعامات ملنے شروع ہوجاتے ہیں اور معمولی باتوں پر سزا بھی دی جاتی ہے، آپکا دماغ دو جمع دو چار کا جواب دیکر انعامات حاصل کرتا ہے اور متنازع اور مشکل مثائل کو چھوڑ دیتا ہے اور آہستہ آہستہ آپ اُن تمام باتوں کو نظر انداز کرنا شروع کر دیتے ہیں جو مستقبل قریب میں آپکو نقصان پہنچانے والی ہوتی ہیں۔
اس کی مثال میڈیا پر دیکھائے جانے والے کئی ایسے پروگرامز ہیں جس میں صرف دس چھلانگیں لگا کر انعام میں موٹر سائیکل ملتی ہے اور چار بند ڈبوں میں سے ایک میں سونا چُھپا دیا جاتا ہے اور ڈبہ کھولنے پر سونا نکل آئے تو جیتنے والے سمیت پُوری قوم خوش ہوتی ہے اور نہ نکلے تو سزا کے طور پوری قوم دُکھی ہوتی ہے اورقوم روزانہ کئی کئی گھنٹے ایسے پروگرامز دیکھ کر محظوظ ہو رہی ہوتی ہے اور اُنہیں بلکل خبر نہیں ہوتی کہ اُنکا برین واش ہو چُکا ہے۔
نمبر 5 برین واش ہو جانے والے آپکو تنہا ثابت کرتے ہیں
اس کی مثال سکول کالجز میں حتی کے دفاتر میں برین واش ہوجانے والے فینٹسی فلموں کے کریکٹرز کو موضوع گفتگو بنا کر ہنس کھیل رہے ہوتے ہیں اور اگر آپ نے فلم نہیں دیکھی ہوتی تو آپکو اُن کی کمپنی میں تنہائی محسوس ہوتی ہے اور اُسی شام آپ بھی اپنی زندگی کے دو تین گھنٹے فلم دیکھنے میں گُزارتے ہیں تاکہ اُن کی گفتگو میں ماہر تبصرہ نگاروں کی طرح شامل ہوں ۔
آپکو بلکل پتہ نہیں چلتا کہ آپکو یہ فلمیں دیکھائی ہی اسی لیے جارہی ہیں کہ آپ حقیقت پسندانہ موضوعات سے ہٹ جائیں اور اُنہیں بلکل مت سوچیں اور ایسے موضوع جن لوگوں کے قابو میں ہوں اُن پر تنقید کرنے والے اور دیکھنےوالے ختم ہوجائیں اور وہ اپنا کام اپنے طریقے سے جاری رکھیں۔
نمبر 6 آپ کے جذبات کو استعمال کیا جاتا ہے
برین واش کی یہ ایک عام اور انتہائی پاپولر تکنیک ہے جس کی مثال آپ ایک پیشہ ور فقیر سے لے لیں جو اپنے بھوکے پیاسے بچوں کا رونا روکر آپ کی جیب سے پیسے نکال لیتا ہے اور بعد میں چاہے اُن پیسوں سے کُچھ اور خرید لے۔ آپکو ٹی وی پر دیکھایا جاتا ہے کہ ڈیم بنانا بہت ضروری ہے اور آپ سے عطیہ لے لیا جاتا ہے اور پھرآپکی ساری زندگی وہ ڈیم نہیں بنتا۔
نمبر 7 لوگ چھوٹی سی بات پر آپکو قصور وار ثابت کرتے ہیں
یہ تکنیک عام طور پر گھر میں ماں باپ چھوٹے بچوں پر استعمال کرتے ہیں ، مثال کے طور پر معمولی گلاس ٹوٹنے پر بناوٹی غصے سے انہیں کہا جاتا ہے کہ یہ تُم نے کیا کیا اور وہ خوفزدہ ہوکر ہر بات ماننے کے لیے تیار ہوجاتا ہے، پولیس کے چوراہوں پر کھڑے سپاہی بھی اس تکنیک کے ماہر ہوتے ہیں جو آپکولاسسنس ہونے کے باوجود گاڑی کے کاغذات ہونے کے باوجود کوئی نہ کوئی نقص نکال کر آپ کو گلٹی ثابت کرتے ہیں اور آپ کی جیب سے پیسے نکال لیتے ہیں ۔
در حقیقت وہ آپکا برین واش کردیتے ہیں اور حق پر ہونے کے باوجود آپ پر ثابت کر دیتے ہیں کہ آپ غلط ہیں اور پھر آپ سے اپنے مطلوبہ مقاصد حاصل کرتے ہیں۔
نمبر 8 لوگوں کا ظاہر کرنا کے وہ آپکو آپ سے بہتر جانتے ہیں
سائنس کی ترقی کیساتھ ہم آج انسانی جسم کے متعلق بہت کُچھ جان چُکے ہیں اور یہ باتیں ہم کُچھ سال پہلے نہیں جانتےتھے ۔ برین واش کرنے والے ایسی باتوں کو بطور دلیل پیش کرکے آپکو بتاتے ہیں کہ وہ آپکو آپ سے زیادہ جانتے ہیں اور اسی طرح وہ آپ کے فیصلوں کو کنٹرول کرتے ہیں، یہ تکنیک مختلف چیزوں کی تشہیر کرنے والے عام استعمال کرتے ہیں مثال کے طور پر میڈیکل سائنس کے مُطابق بناسپتی گھی دل کی بیماریوں کا باعث ہے مگر گھی کے ڈبے پر دل بنا دیا جاتا ہے اور اُسے دل کے لیے مُفید قرار دے دیا جاتا ہے۔
نمبر 9 آپ کو قید تنہائی میں پھینک دیا جاتا ہے
برین واش کرنے کا یہ حربہ بہت سی جگہوں پر استعمال ہو رہا ہے، اسے خطرناک قیدیوں پر استعمال کیا جاتا ہے اور اُنہیں قید تنہائی میں پھینک دیا جاتا ہے۔ دوسری مثال زیادہ سنگین ہے جس میں گھر کے سمجھدار لوگوں کو مجبور کر دیا جاتا ہے کہ وہ روزی روٹی کے لیے پردیس چلے جائیں اور ملک اور گھر بار سے دُور ہوجائیں اور ملک چلانے والے اپنی من مانی کرتے پھریں۔ آپ کے اپنے کتنے دوست ایسے ہوں گے جو مجبوراً ملک سے باہر ہیں اور ملک کے کسی فیصلے میں شامل نہیں؟ ۔
سوچئے وہ کون ہے جو اُنہیں کنٹرول کر رہا ہے؟ اُن کے دل کے فیصلوں پر اثر انداز ہو رہا ہے وہ نا چاہتے ہُوئے بھی ملک سے باہر کیوں ہیں؟ سوچیں سوچیں اس سے پہلے کے کوئی آپکا برین واش کرکے آپ کے فیصلوں پر اثر انداز ہو خُوب سوچیں۔