اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے اور زندگی کب ختم ہو گی اُس کی ذات کے سوا کوئی نہیں جانتا لیکن اُس نے اہل علم کو بصیرت عطا کی ہے اس لیے ڈاکٹر حضرات اکثر خطرناک بیماری میں مُبتلا مریضوں کی اوسط عُمر کا صحیح اندازہ لگا لیتے ہیں اور موت سے کُچھ وقت پہلے جان جاتے ہیں کہ اب زندگی کی ساعتیں ختم ہونے والی ہیں۔
اس آرٹیکل میں طبی ماہرین کے اُن اندازوں کو شامل کیا جا رہا ہے جو وہ اوسط عُمر کے متعلق صحت ، جنیات اور لائف سٹائل کی مدد سے لگاتے ہیں اور ان اندازوں سے آپ بھی جان سکتے ہیں کہ ماہرین کے نزدیک آپ کب تک زندہ رہیں گے اور اس سے آپ کو یہ بھی اندازہ ہوگا کہ آپ اپنی عُمر میں کیسے اضافہ کر سکتے۔
نمبر 1 آپ کی عُمر کتنی ہے
خوشخبری کی بات یہ ہے کہ میڈیکل سائنس میں ترقی کیساتھ انسان اس قابل ہو چُکا ہے کہ وہ کئی دائمی بیماریوں سے لمبے عرصے تک مقابلہ کر پا رہا ہے خاص طور پر ہارٹ سرجری، برین سرجری اور دیگر ٹرانسپلانٹ وغیرہ سے زندگی کو بچانا ممکن ہو چُکا ہے لیکن خواتین کے لیے ایک اور خوشخبری یہ ہے کہ اُن کی عمر عام طور پر مردوں سے زیادہ ہوتی ہے اور وہ عام طور پر 5 سال زیادہ زندہ رہتی ہیں، آپ کی اس وقت عُمر کتنی ہے اس کا جواب ذہن میں رکھ کر آگے اس آرٹیکل کو پڑھتے رہیں تاکہ اوسط عُمر کا اندازہ لگایا جا سکے۔
نمبر 2 آپ کا وزن کتنا ہے
انسان کی اوسط عُمر اگر مردوں کو 75 اور عورتوں کو 80 سال مان لیا جائے تو ماہرین کے نزدیک آپکا وزن بڑھنے اور موٹاپا پیدا ہونے سے آپ کی عُمر میں 1 سے 2 سال کی کمی پیدا ہوجاتی ہے اور اسی طرح وزن کا نارمل وزن سے کم ہونا بھی 1 سال تک عُمر میں کمی پیدا کر سکتا ہے۔
نمبر 3 فیملی ہسٹری
اگر آپ کی فیملی میں آپ کے والدین یا دادا دادی وغیرہ میں سے کوئی ایک 70 سال سے زیادہ زندہ رہا ہے اور 55 سال تک اُسے کوئی دل کی بیماری لاحق نہیں ہوئی تو یہ بات آپ کی عُمر میں 2 سال تک اضافہ کر سکتی ہے اور اگر کوئی 55 سال سے پہلے دل کی بیماری میں مُبتلا ہُوا ہے تو جنیات کو مد نظر رکھتے ہُوئے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے عُمر میں 1 سے 2 سال کمی واقع ہوتی ہے اور اگر 2 یا 2 سے زیادہ افراد فیملی میں 55 سال سے پہلے دل کی بیماری میں مبتلا ہو چُکے ہیں تو یہ آپ کی اوسط عُمر میں 2 سے 3 سال تک کمی پیدا کر سکتی ہے یعنی اگر آپ کی اوسط عُمر 75 سال تھی تو اس سے یہ 72 سے 73 سال رہ جائے گی۔
نمبر 4 بلڈ پریشر
بلڈ پریشر کا نارمل رہنا عُمر کو لمبا کرنے کا باعث بنتا ہے اور اگر آپ کی عُمر اس وقت 40 سال یا اس اوپر ہے اور آپ کا بلڈ پریشر نارمل رہتا ہے تو یہ آپ کی اوسط عمر میں 4 سے پانچ سال کا اضافہ کر سکتا ہے لیکن اگر آپ کا بلڈ پریشر تیز رہتا ہے تو اس سے ماہرین کے نزدیک عُمر میں 5 سال تک کمی ہو سکتی ہے اور اگر آپ کو بلڈ پریشر ہے لیکن ادویات سے آپ نے اسے کنٹرول کر رکھا ہے تب بھی آپ فکر کی ضرورت نہیں آپ اپنی اوسط عُمر سے زیادہ زندہ رہ سکتے ہیں۔
نمبر 5 ذہنی تناؤ
ایک عربی کہاوت ہے انسان کو غم لے ڈوبتا ہے اور یہ بات سچ ہے ذہنی تناؤ آپ کی زندگی کو پُرلطف نہیں رہنے دیتا اور اس سے آپ کی عمر میں کمی واقع ہوتی ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ ذہنی تناؤ کی بیماری میں مُبتلا افراد کی عمر میں 2 سال اور اس سے بھی زیادہ کی کمی واقع ہو جاتی ہے۔
نمبر 6 ورزش
ورزش جسم کو چاق و چوبند رکھتی ہے اور اگر آپ روزانہ ورزش کے عادی ہیں تو یہ آپ کی عُمر میں 5 سال اور اس سے بھی زیادہ اضافہ کر سکتی ہے اور اگر آپ ہفتے میں 4 دن 30 منٹ پیدل چلتے ہیں تو یہ عادت آپ کی عمر میں 2 سال کا اضافہ کرنے کا باعث بن سکتی ہے لیکن اگر ورزش نہیں کرتے تو اس سے آپ کی اوسط عُمر میں 10 سال تک کی کمی واقع ہوجانا کوئی بڑی بات نہیں۔
نمبر7 خوراک
اگر آپ اپنی خوراک میں روزانہ کم از کم 5 پھل اور سبزیوں کو کھاتے ہیں تو یہ عادت آپ کی اوسط عمر میں 10 سال تک کے اضافے کا باعث بنے گی اور اگر آپ ہفتے میں 3 سے 4 دن تھوڑا بہت پھل اور سبزیاں کھاتے ہیں تو یہ عادت 3 سے 5 سال تک عمر میں اضافہ کر سکتی ہے لیکن اگر آپ فاسٹ فُوڈز اور پراسسیڈ فوڈ کھانے کے شوقین ہیں اور بہت کم پھل اور سبزیوں کو استعمال کرتے ہیں تو اس سے عُمر میں 3 سے 5 سال تک کمی واقع ہو جاتی ہے۔
نمبر 8 گاڑی کی سیٹ بلٹ
گاڑی کی سیٹ بلٹ لگانا حادثے سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر میں شُمار ہوتی ہے اور ظاہر کرتی ہے کہ آپ کتنی احتیاط برتتے ہیں اگر آپ احتیاط برتتے ہیں اور اسی طرح گاڑی کے علاوہ زندگی کے دیگر معاملات میں بھی پُر احتیاط رہتے ہیں تو ماہرین کے نزدیک اس سے آپ کی عُمر میں اضافہ ہوتا ہے اور احتیاط نہ برتنا عُمر میں 3 سے 5 سال کی کمی پیدا کر سکتا ہے کیونکہ بُوڑھا ہونے کے بعد احتیاط نہ برتنے کی عادت آپ کو جلد کسی حادثے کا شکار بنا سکتی ہے۔
اسی طرح کیا آپ کا پچھلے تین سال میں کوئی کار یا موٹر سائیکل ایکسڈینٹ ہُوا ہے اگر نہیں تو یہ چیز ظاہر کرتی ہے کہ آپ بہت احتیاط سے گاڑی چلاتے ہیں اور اگر ہُوا ہے تو یہ اس بات کی نشانی ہے کہ آپ زیادہ احتیاط نہیں برتتے۔
نمبر 9 الکوحل اور نشہ
اگر آپ الکوحل پینے کے عادی ہیں تو اس سے آپ کی عُمر میں کمی پیدا ہوگی اور یہ کمی آپ کتنی الکوحل استعمال کرتے ہیں اس سے پتہ چلتی ہے اور زیادہ استعمال کی صورت میں یہ 10 اور بعض دفعہ 10 سال سے بھی زیادہ کمی پیدا کرتی ہے اسی طرح اگر آپ کوئی نشہ آور چیز بھی استعمال کرتے ہیں اور اسکا کا استعمال کام کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے کرتے ہیں تو یہ آپ کی عمر میں 10 سال کم کر دے گی۔
نمبر 10 تمباکو نوشی
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ زندگی میں تیزی سے کمی پیدا کرتا ہے اور کتنی کرتا ہے اسکا دارومدار اس بات پر ہوتا ہے کہ آپ کتنی تمباکو نوشی کرتے ہیں اگر آپ 20 سیگرٹ روزانہ پیدتے ہیں تو یہ عادت آپ کی عمر سے 5 سال لے اُڑے گی اور اگر 40 سے زیادہ پیتے ہیں تو 10 سال اور اگر 2 سال پہلے چھوڑ چُکے ہیں تو یہ آپ کی اوسط عُمر میں 3 سال سے زیادہ کا اضافہ کر دے گی اور اگر نہیں پیتے تو یہ آپ کی عُمر کو لمبا کرنے کے لیے ایک اچھی عادت ہے۔
اوپر دئیے گئے چارٹ سے آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ آپ کتنا عرصہ زندہ رہ سکتے ہیں اپنی اوسط عُمر کو 75 سال شمار کریں اور ہر سوال کے جواب میں سال کم اور زیادہ کر کے دیکھ لیں اور نتائج ہمیں بھی بتائیے گا، ہماری دُعا ہے اللہ پاک آپ کو سدا سلامت رکھے۔