ارینج میرج کرنے سے پہلے یہ 4 باتیں ضرور پوچھ لیں وگرنہ زندگی بھر پچھتانا پڑ سکتا ہے

Posted by

پاکستان میں زیادہ تر لوگ ارینج میرج کو ترجیح دیتے ہیں کیونکہ اس طریقے کی شادی میں، دولہا اور دلہن کو ازواجی زندگی میں ناراضگی وغیرہ کے بعد دوبارہ ملانے کا کام دونوں خاندان کرتے ہیں۔ بہت سے لوگوں کو یہ بات شروع میں قدرے عجیب لگتی ہے لیکن جیسے جیسے معاملہ آگے بڑھتا ہے، بہت سی چیزیں سمجھ میں آنے لگتی ہیں۔ ارینجڈ میرج میں بات بڑھانے سے پہلے لڑکے اور لڑکیاں عمومًا صرف خاندان اور کیرئیر کی بات کرتے ہیں لیکن اس طرح کی بہت سی چھوٹی چھوٹی باتیں ہوتی ہیں جن پر وہ توجہ نہیں دیتے۔

اگر آپ ارینج میرج کرنے جا رہے ہیں اور اپنے ساتھ کے ساتھ زندگی کے آنے والے لمحات کو پر مسرت گزارنا چاہتے ہیں تو شادی طے کرنے سے پہلے ان تین باتوں کو ضرور جان لیں وگرنہ بعد میں پچھتاوا ملتا ہے۔

مالی حالات کی گفتگو

Savings Jars - Putting Money Away for a House or a Holiday

آج کے دور میں پیسے کے معاملے میں سمجھداری کا مظاہرہ کرنا اتنا ہی ضروری ہے جتنا جذبات پر توجہ دینا ضروری ہے۔ اگر آپ دونوں کام کر رہے ہیں تو ارینجڈ میرج کے معاملے کو آگے بڑھاتے ہوئے اس معاملے پر بھی کھل کر بات کریں۔ جیسے اگر لڑکا لڑکی دونوں جاب کرتے ہیں تو شادی کے بعد اپنے اخراجات کیسے تقسیم کریں گے؟ کیا اخراجات کو نصف میں تقسیم کرنا چاہیں گے یا ایک کی تنخواہ اور دوسرے کی تنخواہ سے بچت کا حساب رکھنا چاہیں گے؟ اگر آپ ایک خاتون ہیں اور شادی کے بعد بھی اپنے والدین کے اخراجات برداشت کرنا چاہتی ہیں تو بہتر ہے کہ اپنے ہونے والے ساتھی کو اس بارے میں پہلے سے آگاہ کر دیں۔ اگر آپ کام نہیں کر رہی ہیں تب بھی آپ اپنے ہونے والے شوہر سے بات کر سکتی ہیں کہ آپ شادی کے بعد پیسے کے معاملے میں کس قسم کی آزادی چاہتے ہیں اور آپ کا جیب خرچ کتنا ہونا چاہیے تاکہ شادی کے بعد کی زندگی میں معاشی مسائل پر جنگ سے بچا جا سکے۔

ایک دوسرے کا ماضی کی آگاہی

ارینج میرج میں معاملے کو آگے بڑھانے سے پہلے اپنے ساتھی کو اپنے ماضی کے بارے میں صحیح معلومات دیں۔ مثال کے طور پر اگر آپ کی منگنی ٹوٹ گئی ہے یا طلاق ہو گئی ہے تو اس طرح کی باتوں کو پہلے ہی کھولنا درست ہے۔ ان کہی چیزوں کو چھوڑنا بعد میں میاں بیوی کے درمیان معاملات کو خراب کر سکتا ہے۔ ہو سکتا ہے وہ راز جو آپ بتانا نہیں چاہتے، وہ شادی کے بعد کسی اور سے جان جائیں۔ ایسے میں تعلقات میں دراڑ آ سکتی ہے اور یہ دراڑ اکثر اوقات طلاق جیسے خطرناک موڑ تک بھی پہنچ جاتی ہے اس لیے ایک دوسرے کے بارے میں پوری آگاہی لیں اور ایک دوسرے کی ٹھیک عمر کے بارے میں بھی اچھی طرح جان لیں۔

گھریلو کام کی گفتگو

زیادہ تر خاندانوں میں یہ توقع کی جاتی ہے کہ شادی کے بعد خواتین گھریلو ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔ جیسے گھر کے کام کھانا پکانا، صفائی کرنا اور کپڑے دھونا وغیرہ۔ اگر آپ ایک ورکنگ ویمن ہیں تو شادی سے پہلے ان ذمہ داریوں پر بات کرنا دانشمندی ہوگی۔ اپنے مستقبل کے ساتھ کو پہلے ہی کھل کر بتائیں کے آپ کون کونسی ذمہ داری نبھا سکتی ہیں تاکہ بعد میں معاملات خراب نہ ہوں۔

بچوں کے بارے میں ضرور بات کریں

ہمارے ہاں عام طور پر ارینج میرج کی صورت میں لڑکا اور لڑکی بچوں کے بارے میں گفتگو نہیں کرتے جسے انہیں ضرور کرنا چاہیے اور ایک دوسرے کے خیالات سے آگاہی لینی چاہیے کہ کون کیا چاہتا ہے۔ بعض اوقات مرد افراد بچہ پیدا نہ ہونے کی صورت میں دوسری شادی کا رخ اختیار کرتے ہیں یا بچہ پیدا تو ہوا لیکن لڑکی ہوئی تب بھی لوگ لڑکا پیدا کرنے کے لیے دوسری شادی کا فیصلہ کر لیتے ہیں جس سے خاتون کے جذبات مجروح ہو جاتے ہیں اس لیے ان معاملات سے شروع سے آگاہی حاصل کریں اور سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں۔

نوٹ: یاد رکھیں شادی کوئی ہنسی مذاق کا کھیل نہیں ہے بلکہ یہ کڑی ذمہ داری ہے جس کا بوجھ لڑکا اور لڑکی دونوں کو مستقبل میں اٹھانا ہے اس لیے بچکانا ذہن کے ساتھ اس رشتے کو سمجھے بغیر اس کا آغاز کر دینا کئی زندگیاں خراب کر دیتا ہے لہذا اس مقدس رشتے کے بارے میں اچھی طرح آگاہی حاصل کریں اور یہ جانیں کے اس کے بعد آپ کی ذمہ داریوں میں کتنا اضافہ ہو گا اور کیا آپ ان ذمہ داریوں کو اُٹھا سکتے ہیں یہ سب جانکر پھر فیصلے کو آگے بڑھائیں وگرنہ یہ رشتہ وبال جان بن سکتا ہے۔