کمپیوٹر نے انسان کی زندگی بدل کر رکھ دی ہے اور کمپیوٹر کے ساتھ انٹرنیٹ نے معلومات حاصل کرنا ہر انسان کے لیے آسان کر دیا ہےلیکن ان دونوں میں جو کام گوگل نے کیا اُس کا کوئی جواب نہیں کیونکہ آپ کو کسی بھی چیز کی کوئی معلومات درکار ہوں گوگل سے پُوچھ لیں وہ بتا دے گا۔
ویسے تو گُوگل معلومات کا خزانہ ہے لیکن کبھی کبھار یہ آپ کو فائدہ دینے کی بجائے پریشان کرنے کا باعث بنتا ہے اس لیے اس آرٹیکل میں 10 ایسی چیزوں کو شامل کیا جا رہا ہے جنہیں گوگل پر سرچ کرنا آپ کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔
نمبر 1 بیماری کی علامات
اگر آپ کو صحت کے متعلق کوئی مسلہ ہے تو انٹرنیٹ پر بیشمار ایسی ویب سائٹس ہیں جو آپ کو آپ کی بیماری کی تشخیص کرنے کیساتھ ساتھ آپ کے لیے ادویات بھی تجویز کر دیں گی لیکن ان ویب سائٹس کو چلانے والے زیادہ تر افراد میڈیکل پروفیشنل نہیں ہوتے اور انٹرنیٹ پر اپنی بیماری کے متعلق معلومات ڈھونڈنا آپ کے لیے فائدہ مند نہیں ہوگا بلکہ یہ آپ کو پریشان اور ڈبل مائنڈڈ بنا سکتا ہے اس لیے اگر آپ کوئی بیماری محسوس کر رہے ہیں تو گوگل کو اپنا ڈاکٹر مت بنائیں اور اپنے معالج سے رابطہ کریں۔
نمبر 2 مجرمانہ معلومات
یہ انتہائی سنجیدہ چیز ہے ہو سکتا ہے آپ تفریح طبہ کے لیے یا اپنی معلومات میں اضافے کے لیے انٹرنیٹ پر بم بنانے کا طریقہ گوگل سے پُوچھیں یا کسی ڈرگ کو بنانے کا طریقہ دریافت کریں لیکن یاد رکھیں ایسی صُورت میں سیکورٹی ادارے وغیرہ آپ کا آئی پی ایڈریس اپنی بُک میں محفوظ کر لیں گے اور جان جائیں گے کہ آپ کیا تلاش کر رہے ہیں اور عین ممکن ہے کہ وہ آپ کے لیے پریشانی کا باعث بنیں اس لیے فضول چیزوں کی تلاش کی بجائے اپنی سمت کو مثبت رکھیں۔
نمبر 3 کینسر
یہ ایک ایسی بیماری ہے جس کے متعلق آپ جتنا کم جانیں گے آپ کے لیے اُتنا ہی فائدہ مند ہوگا کیونکہ اس بیماری کی علامات بہت سی عام بیماریوں کی علامات سے ملتی جُلتی ہیں اور عام طور پر یہ بیماریاں خطرناک نہیں ہوتیں لیکن اگر آپ کے دماغ نے ان علامات کو کینسر سے ملا دیا تو پھر آپ کو یہ مسلسل پریشان کرتی رہیں گی اور کُچھ لوگوں میں تو ایسی صورتحال میں چکر آنا، کمزوری اور متلی جیسی کیفیت بھی پیدا ہو جاتی ہے۔
نمبر 4 حشرات
سر میں پڑنے والی جُوئیں، بستر میں پڑنے والے کھٹمل اور دیگر حشرات ہمارے اردگرد عام پائے جاتے ہیں اور یہ اتنے چھوٹے ہوتے ہیں کہ ان کی جسمانی ساخت کو آپ ٹھیک سے دیکھ نہیں پاتے اور ان کا مطالعہ کیے بغیر ہی آپ ان کا خاتمہ کر دیتے ہیں لیکن کیا آپ نے کبھی انہیں قریب سے خُوردبین وغیرہ کے ساتھ دیکھا ہے؟ اگر نہیں تو گوگل آپ کو دیکھا سکتا ہے اور سر کی جوئیں اور کھٹمل دیکھنے کے بعد آپ کی راتوں کی نیند اُڑا سکتا ہے اس لیے قدرت پر بھروسہ رکھیں جس نے انہیں سوچ سمجھ کر انتہائی چھوٹے سائز کا بنایا ہے تاکہ آپ پریشان نہ ہوں۔
نمبر 5 جلد کی صحت
بہت سی خطرناک بیماریاں ایسی ہیں جو براہ راست جلد پر عام الرجی جیسی صورتحال پیدا کرتی ہیں اور یہ عام الرجی جو کوئی بھی کریم اور موئسچرائزر وغیرہ لگانے سے ختم ہو جاتی ہے آپ کے دماغ میں گوگل کی مدد سے ان خطرناک بیماریوں کی سوچ پیدا کرے گی اور یہ سوچ آپ کی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگی اس لیے اس معاملے میں بھی اپنے معالج پر بھروسہ رکھٰیں اور اُسی سے اپنی صورتحال دریافت کریں۔
نمبر 6 تمباکو نوشی اور پھیپھڑے
وہ افراد جو تمباکو نوشی کرتے ہیں وہ جانتے ہیں کہ اُن کی یہ عادت صحت کے لیے نقصان دہ ہے اور انہیں اسے جلد از جلد چھوڑ دینا چاہیے لیکن اگر وہ گوگل سے پُوچھیں گے کہ تمباکو پینے سے پھیپھڑے کیسے ہو جاتے ہیں تو گوگل انہیں کسی کینسر زدہ مریض جو بیچارہ آخری سٹیج پر ہوگا کے پھیپھڑے دیکھائے گا اور پھر اُن بیچاروں کو وقت سے بہت پہلے پریشان کر دے گا۔
نمبر 7 خطرناک اور زہریلے جانور
ایسی چیزوں کو دیکھنے سے آپ کو فوبیا ہو سکتا ہے کیونکہ یہ ہمارے اردگرد ہر طرف پائے جاتے ہیں اور بیچارے انسان سے ڈرتے ہیں اور خود ہی اس سے دُور رہتے ہیں لیکن اگر آپ ان کے متعلق بہت کُچھ جان جائیں گے تو پھر یہ آپ کا سکون غارت کر دیں گے مثال کے طور پر چمگادڑ کی آنکھیں بہت چھوٹی ہوتی ہیں اور وہ اس سے بہت ہی کم دیکھ پاتی ہے اور اسے ٹھیک سے اُڑنا بھی نہیں آتا اور ایسی صورتحال میں اگر یہ آپ کے سر سے ٹکرا جائے یا چہرے سے ٹکرا جائے تو اس سے چمٹ جاتی ہے اور پھر جلد کو چھوڑتی نہیں ہے اور بقول بزرگوں کے جب تک اسے چمٹا گرم کر کے نہ لگایا جائے یہ چمٹی رہتی ہے اور چمگادڑ کے متعلق اگر آپ کو فوبیا ہو جائے تو پھر رات کے وقت میں آپ کا گھر سے باہر نکلنا مشکل ہو جائے گا۔
نمبر 8 آپکا اپنا نام
انٹرنیٹ کے اس دور میں آپ کی ذاتی معلومات محفوظ نہیں ہیں اور اگر آپ اپنے نام کو انٹرنیٹ پر تلاش کریں گے تو عین ممکن ہے آپ کو اچھے نتائج نہ ملیں، آپکو اپنی کوئی بکواس پُرانی تصویر نظر آئے یا کوئی پُرانی اور غلط معلومات مل جائیں یا اس جیسا کُچھ اور ملے جسے آپ پسند نہ کریں اس لیے اپنا نام گوگل کرنے سے پہلے خود سوچ لیں کیونکہ آپکو آپ سے زیادہ کوئی اور انسان نہیں جانتا۔
نمبر 9 چہرے کی جلد سے بلیک ہیڈ نکالنا
اس کے متعلق آپ کو بہت سے ٹوٹکے دیکھنے کو ملیں گے اور ہو سکتا ہے کہ آپ نے انہیں استعمال بھی کیا ہو لیکن ایک چیز یاد رکھیں آپ کی جلد ایک حساس چیز ہے اور کوئی ٹوٹکا اگر اس پر ری ایکٹ کر گیا تو اس کا خمیازہ آپ کو ہی بھگتنا ہوگا۔
نمبر 10 بچوں کی پیدائش
اس طرح کے سین آپ نے ہندی فلموں وغیرہ میں دیکھے ہوں گے کہ عورت بچے کی پیدائش پر چیخ رہی ہے جیسے دیکھ کر آپ کو بھی ذہنی تناؤ ہوا ہو گا لیکن اگر آپ قدرت کے اس عمل کو گوگل سے پُوچھ کر دیکھ لیں گے تو اس سے آپ پر اچھے اثرات مرتب نہیں ہوں گے اور ہو سکتا ہے کہ آپ شادی کے بعد بچہ پیدا ہی نہ کریں اور ایسا کوئی بھی سین دیکھنے کے بعد آپ کی بھوک کئی دن تک ختم ہو سکتی ہے اور عین ممکن ہے آپ کو کُچھ بھی اچھا لگنا بند ہو جائے اس لیے اپنی جستجو کو کنٹرول میں رکھیں اور اُن چیزوں کے متعلق جن سے آپ کا کوئی لینا دینا نہیں پرہیز کریں اور اگر آپ ڈاکٹر ہیں تو پھر کوئی مشکل نہیں۔