زمین پر رہنے والے انسان سالانہ تقریباً 4 بلین کیوبک فٹ صاف پانی پیتے ہیں تاکہ زندہ رہ سکیں اور عام طور پر خیال کیا جاتا ہے کہ ہر آدمی کو روزانہ کم از کم 8 گلاس پانی لازمی پینا چاہیے تاکہ جسم کے اندر ہونے والے افعال ٹھیک طریقے سے سر انجام ہوتے رہیں۔
روزانہ 8 گلاس پانی پینا اچھی بات ہے لیکن ہمارے جسم کو ٹھیک کام کرنے کے لیے کتنا پانی روزانہ درکار ہوتا ہے اس بات کا صحیح اندازہ 8 گلاس پانی پینے کی روایت سے نہیں لگایا جاسکتا کیونکہ جسم میں پانی کی مطلوبہ مقدار کئی چیزوں پر منحصر ہوتی ہے اوریہ مقدار جسم کے وزن کے حساب سے بھی بدلتی رہتی ہے۔
اس آرٹیکل میں ہم اپنے اپنے جسم کے مُطابق پانی کی مطلوبہ مقدار کیلکولیٹ کرنے کا فارمولا شامل کریں گے اور ساتھ ہی اُن عناصر کا ذکر کریں گے جن سے یہ مقدار بدلتی ہے۔
عناصر جو پانی کی مطلوبہ مقدار پر اثر انداز ہوتے ہیں
عُمر اور جنس: ہمارے جسم کے تمام اعضا زیادہ تر پانی پر مشتعمل ہوتے ہیں جن میں دل 73 فیصد، دماغ 73 فیصد، پھیپڑے 83 فیصد اور ان تمام اعضا میں پانی کا تناسب عُمر کے بڑھنے کے ساتھ بدلتا رہتا ہے اور یہ تناسب جنس کے مرد یا عورت ہونے کی صُورت میں بھی مختلف ہوتا ہے۔
وزن: ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے افراد جن میں موٹاپے کا عنصر پایا جاتا ہے اُن کے جسم کا ڈی ہائیڈریٹ یعنی پانی کی کمی کا شکار ہونے کا چانس پتلے افراد سے زیادہ ہوتا ہے۔
ماحول: ہمیں پانی کی کتنی مقدار پینے کی ضرورت ہے یہ چیز موسم اور ماحول کے حساب سے بھی بدلتی ہے، گرم علاقوں میں رہنے والے افراد کو زیادہ پانی پینے کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ ایسے علاقوں میں جسم سے پسینہ زیادہ خارج ہوتا ہے جبکہ سرد علاقوں میں یہ مقدار کم ہوجاتی ہے۔
جسمانی مشقت اور ورزش: اگر آپ کوئی ایسا کام کرتے ہیں جس میں جسمانی مشقت کی زیادہ ضرورت پڑتی ہے یا ورزش کرتے ہیں تو اس سے جسم سے پسینہ خارج ہوتا ہے اور ایسی صُورت میں آپ کو زیادہ پانی پینے کی ضرورت ہے۔
جسمانی صحت: بُخار وغیرہ یا ڈائیریا کی صُورت میں جسم سے پانی تیزی سے خارج ہوتا ہے اور ایسی صُورت میں بھی عام معمول سے زیادہ پانی پینے کی ضرورت ہوتی ہے۔
حاملہ اور دُودھ پلانے والی عورتیں: ماہرین کا کہنا ہے کہ حمل کے دوران خواتین کو زیادہ پانی پینا چاہیے اور اسی طرح وہ خواتین جو بچوں کو دُودھ پلاتی ہیں اُنہیں بھی عام مقدار سے زیادہ پانی پینے کی ضرورت ہوتی ہے۔
مطلوبہ مقدار کیلکولیٹ کرنے کا فارمولا
ہمیں روزانہ کم از کم کتنا پانی پینا چاہیے اسکے لیے ماہرین کا کہنا ہے کہ اپنے جسم کے وزن کو 0.033 سے ضرب دیں اور جو جواب نکلے اُتنے لیٹر پانی روزانہ ضرور استعمال کریں مثلاً اگر آپ کا وزن 80 کلو ہے تو 80 ضرب 0.033 برابر ہے 2.64 کے یعنی آپ کو روزانہ 2.64 لیٹر یا 10 سے 11 گلاس پانی پینے کی ضرورت ہے اور اس مطلوبہ مقدار میں اوپر دئیے گئے عناصر کو شامل کیا جائے تو یہ مقدار بڑھ جاتی ہے۔
پانی کا متبادل
بہت سے لوگ اپنی روزانہ کی زندگی میں اتنا پانی پینے کے عادی نہیں ہوتے ایسے افراد کے لیے ضروری ہے کہ وہ پانی کا متبادل استعمال کریں جیسے ایسے پھل فروٹس اور سبزیاں جو زیادہ تر پانی پر مشتعمل ہوں مثلاً کینو، مالٹا، تربوز، کھیرا وغیرہ 80 فیصد پانی پر مشتعمل ہوتے ہیں اسی طرح بہت سے دُوسرے کھانے جیسے سُوپ، چائے، کافی، دُودھ وغیرہ میں بھی زیادہ مقدار پانی کی ہوتی ہے اور ان کھانوں کا استعمال بھی پانی کی کمی کو پُورا کرتا ہے۔