بادام کو خشک میوہ جات کا بادشاہ کہا جاتا ہے۔اس کی دو قسمیں ہوتی ہیں: کاغذی اور کاٹھا۔ کاٹھا ذرا سخت ہوتا ہے۔ ذائقے کے لحاظ سے اس کی دو قسمیں ہیں: شیریں اور کڑوا۔ پاکستان میں کاغذی اور کاٹھے بادام بہت شوق سے کھائے جاتے ہیں۔ امریکن بادام کی گری میٹھی اور بڑی ہوتی ہے ۔اس کے علاوہ قندھاری اور ایرانی بادام بھی بہت پسند کیے جاتے ہیں۔ بادام کا درخت عموماً 20سے 25فٹ تک اونچا ہوتاہے ۔ بادام جب درخت پر اُگتا ہے تو ابتدا میں یہ پھل سبز رنگ کا ہوتاہے اور اگر اس وقت اسے کھایا جائے تو اس کا ذائقہ کھٹا اور کسیلا ہوتا ہے اور جب یہ پک جاتا ہے تو اوپر سے اسکا چھلکا اُتر جاتا ہے اور سخت گھٹلی نکل آتی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ خشک میوہ جات اپنے اندر بے شمار غذائیت رکھتے ہیں جن کا استعمال جسم میں توانائی اور تازہ خون بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، اور ان خشک میوہ جات میں بادام کو خاص اہمیت حاصل ہے کیونکہ اس کے اندر بڑے پیمانے میں منرلز ، وٹامنز، میگنیسیم ،کیلسیم، میگانیز، آئرن، کاپر، فاسفورس، وٹامن ای اور اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں۔ جو اس کے بے پناہ فوائد کی بڑی وجہ ہیں۔ اپنے اس مضمون میں ہم آپ کو بادام بھگو کر استعمال کرنے کے فوائد بتائیں گے تاکہ آپ بھی اسے اپنی روزانہ کی خوراک میں شامل کریں۔
بادام بھگو کر کھانے کے فوائد
بادام کی افادیت اس وقت دو گنا بڑھ جاتی ہے جب اس بھگو کر استعمال کیا جائے۔ بادام میں موجود انزائم پانی میں بھیگ کرمعدے میں فوری طور پر ہضم ہو جاتے ہیں۔ جبکہ خشک بادام کوہضم کرنے میں وقت لگتا ہے۔ بھیگے بادام کھانے سے دل کی شریانوں کی سوزش میں بھی کمی آتی ہے۔
اینٹی آکسیڈینٹس سےبھرپور
بادام میں وافر مقدار میں اینٹی آکسیڈینٹس پائے جاتے ہیں۔ جو جسم کے خلیوں کو سکڑنے سے بچاتے ہیں۔ خلیوں کے سکڑنے سے کینسر کے خدشات لاحق ہو جاتے ہیں۔ تاہم یہ یاد رکھیں کہ زیادہ تر اینٹی آکسی ڈینٹس چھلکے میں پائے جاتے ہیں اس لیے بادام کو چھلکوں سمیت کھائیں ۔
ہڈیوں اور دانتوں کی مظبوطی
بادام میں وسیع مقدار میں فاسفورس، میگنیسیم اور کیلسیم پائے جاتے ہیں۔ جو ہڈیوں اور دانتوں کی مظبوطی کے ضامن ہیں۔ ہڈیوں اور دانتوں کی مظبوطی کے لیے ایک پیالہ دہی میں مُٹھی بھر بادام شامل کر کےنوش کریں۔
دل کی حفاظت
تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ بادام دل کو زندہ اور طاقت ور رکھنے میں مفید ثابت ہوتے ہیں۔ ایک اور تحقیق سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ مٹھی بھر بادام کھانے سے خون میں موجود نقصان دہ کولیسٹرول کا لیول کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ بادام میں موجود میگنیسیم دل کا دورہ پڑنے سے محفوظ رکھتی ہے۔ اس کے علاوہ اس میں موجود پروٹین اور پوٹاسیم دل کو مظبوط رکھنے میں مدد دیتے ہیں
شوگر لیول میں کمی
تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ بادام میں موجود میگنیشیم ذیابطیس یعنی کہ شوگر ہونے اور میٹابولزم کو متاثر کرنے سے روک سکتا ہے۔ یہی دونوں عوارض آج کی دنیا میں سب سے اہم مسائل ہیں۔
وزن میں کمی
بادام کو بطورہلکی پھلکی غذا کھانے سے آپ کافی دیر تک بھوک محسوس نہیں کرتے۔اسکی بڑی وجہ بادام میں موجود فائبر، پروٹین اور چکنائی ہے جو آپ کو پیٹ بھرنے کی طرف راغب نہیں کرتے۔ یہی وجہ ہے کہ بادام وزن کم کرنے میں آپ کے لیے ایک بہترین دوست کا کام کرتا ہے۔
جلد اور بالوں کی حفاظت
جلد اور بالوں کی حفاظت کے لیے روغنِ بادام کا استعمال عام ہے اور یہ رنگ کو بھی گورا کرتا ہے، جب کہ نومولود بچوں کی جلد کی حفاظت کے لیے روغنِ بادام کا استعمال صدیوں سے کیا جارہا ہے۔
دماغی طاقت
تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ بادام میں موجود رائیبو فلاوِن اور ایلکرنٹائن کی وجہ سے دماغ بھرپور نشوونما پاتاہےاور دماغی طاقت میں اضافے کا باعث بنتے ہیں۔ اسی لیے دماغی طاقت میں اضافے کے لیے خود بھی بادام کھائیں اور بچوں کو بھی اس کی ترغیب دیں۔