ایک صحت مند انسانی بال تقریباً 100 گرام تک کا وزن برداشت کر سکتا ہے اور گیلے ہونے کے بعد تقریباً 30 فیصد تک سٹریچ کرتا ہے اور ٹُوٹتا نہیں لیکن یہ طاقتور خُوبیاں صرف صحت مند بالوں کو ہی حاصل ہوتی ہیں اور اگر بالوں کی صحت ٹھیک نہیں ہے تو بال ٹُوٹنے لگتے ہیں۔
اس آرٹیکل میں ہم 4 ایسے آسان ٹیسٹ شامل کریں گے جن سے آپ جان پائیں گے کہ آپ کے بال صحت مند ہیں یا نہیں اور اگر صحت مند نہیں تو اُن میں کیا خرابی ہے۔
نمبر 1 فولیکل ٹیسٹ

بال کتنے صحت مند ہیں اور کتنے بال گرنے سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں اسکے لیے بالوں کی جڑوں کا ٹیسٹ کرنا ضروری ہے، اس ٹیسٹ کے لیے سر کے درمیان میں سے کسی ایک بال کو جڑ کے قریب سے پکڑ لیں اور بال کو اس طرح کھینچیں کے بال جڑ سمیٹ آپ کے ہاتھ میں آجائے، پھر جڑ کا بغور معائینہ کریں۔
ایک صحت مند بال کی جڑ گول اور بلب جیسی ہوتی ہے اور اگر یہ جڑ بلب جیسی نہیں ہے تو یہ اس بات کی نشانی ہے کہ بال کمزور ہیں اور انہیں توجہ کی ضرورت ہے اور اس کام کے لیے خُشک میوہ جات، تازہ سبزیاں اور پھلوں کا استعمال زیادہ کرنا چاہیے۔
نمبر 2 بالوں کا پانی میں دُوبنا
کیا آپ کے بالوں کی صحت خطرے میں ہے اس بات کی جانچ کے لیے سر کے چند بال ایک گلاس پانی میں ڈال دیں اگر بال صحت مند ہُوئے تو وہ پانی میں اوپر ہی اوپر تیرتے رہیں گے لیکن کمزور بال اپنے اندر پانی کو جذب کرنا شروع کر دیں گے اور تھوڑی دیر بعد وزن بڑھنے سے وہ پانی میں ڈُوب جائیں گے۔
اگر آپ کے بال پانی میں ڈُوب رہے ہیں تو انہیں مکھن اور تیل کا مساج کریں یہ آپ کے بالوں کا موئسچرائزر بحال کریں گے اور اسکے ساتھ سیب کا سرکہ اور ایلوویرا سر میں لگائیں تاکہ آپکے بالوں کا پی ایچ لیول نارمل ہو۔
نمبر 3 بالوں کی لچک کا ٹیسٹ
صحت مند بالوں میں لچک ہوتی ہے اور اگر آپ کسی صحت مند بال کو دونوں سروں سے پکڑ کر کھینچیں اور پھر چھوڑ دیں تو بال میں لچک پیدا ہو گی اور چھوڑنے سے بال واپس اپنی پہلی حالت میں آجائے گا لیکن اگر اس ٹیسٹ میں بال ٹُوٹ جائے یا کھینچنے کے بعد واپس اپنی پہلی حالت میں آنے کی بجائے باریک ہوکر لمبا ہو جائے تو یہ کمزور بالوں کی نشانی ہے۔
بالوں میں لچک کی کمی کی صُورت میں بالوں پر جوجوبا کے آئل کا مساج ان کی لچک کو بحال کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے اس کے علاوہ بال دھونے سے پہلے سر کی جلد میں تھوڑا شہد ملیں یہ ایک نیچرل کنڈینشر کا کام دے گا اور بالوں کو صحت مند بنائے گا۔
نمبر 4 پرووسٹی ٹیسٹ
اس ٹیسٹ میں ایک بال کو اپنے ہاتھ کے انگوٹھے اور شہادت کی انگلی کے درمیان پکڑ لیں اور پھر بال کو انگلیوں میں رول کریں اگر اس رول کرنے سے آپ محسوس کریں کے بال کھردرا اور ایک جیسا نہیں ہے تو یہ بالوں کی کمزوری کی نشانی ہے۔
کھردرے بالوں کے لیے بالوں کو چاول کے پانی سے دھوئیں اس سے بالوں کا کھردرا پن ختم ہوگا اور بال نرم اور ملائم ہوجائیں گے۔