ہمارے باورچی خانے میں استعمال ہونے والے مصالحے صرف ہمارے کھانوں کو ہی خوش ذائقہ نہیں بناتے بلکہ طب ایوردیک اور طب یونان کے ماہر ان مصالحوں کو صدیوں سے ادویاتی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں اور ان سے بہت سی بیماریوں کا علاج کرتے ہیں۔
اس آرٹیکل میں ہم 7 ایسے مصالحوں اور بیماریوں کے لیے اُن کے نسخوں کو شامل کر رہے ہیں جو طبیب حضرات کی صدیوں کی محنت کا نچوڑ ہیں اور بہت سی بیماریوں میں انتہائی کارآمد ہیں۔
دھنیا

دھنیا ہرا ہو یا خُشک دونوں ہی بیشمار خوبیاں رکھتا ہے، جسم کے کسی حصے میں سوجن یا جلن ہونے کی صُورت میں خُشک دھنیاپیس کر اسے سرکہ میں ڈالکر پیسٹ بنا لیں اور جسم کے متاثرہ حصے پر لگائیں فائدہ حاصل ہوگا۔
پیٹ میں جلن اور درد کی صُورت میں خُشک دھنیا 5 گرام پیس کر تباشیر کے ساتھ کھا لیں پیٹ کی درد اور جلن میں راحت ملے گی اور ہاتھ پاؤں جلنے کی شکایت بھی کم ہوگی۔
دائمی قبض کو دُور کرنے کے لیے خشک دھنیا، کالی مرچ، کالا نمک اور زیرہ ہم وزن ملا کر پیس لیں اور کھانے کے بعد اس چورن کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کریں۔
ہرے دھنیے کے پتے پیس کر سر پر ملنے سے نسیر کا پھُوٹنا بند ہوجاتا ہے اسی طرح ہرا دھنیا پیس کر ململ کے کپڑے سے چھان لیں اور جو سفوف نکلے اس میں خالص دیسی گھی شامل کر کے 1 قطرہ دونوں آنکھوں میں ڈالیں یہ آنکھوں کی خارش، جلن، تھکاوٹ کو ٹھیک کرے گا اور بینائی کی ٹھنڈک بنے گا۔
ہینگ

پیٹ کی گیس، جلن، اور خرابی کی صُورت میں تھوڑی ہینگ لیکر اُسے ناف پر اور معدے پر مل لیں، ہینگ کو خالص گھی میں تھوڑا فرائی کر لیں اور پھر اس میں کالی مرچ، ساندھا نمک اور کاٹج پنیر ڈال کر باریک چُورن بنا لیں اور یہ چُورن شہد کے ساتھ دن میں 3 سے 5 دفعہ استعمال کریں۔
ہینگ کو پانی میں اُبال کر اس پانی سے کلی کرنا دانتوں اور مسوڑھوں کی بہت سے بیماریوں سے نجات دیتا ہے، خالص گھی میں بھنی ہُوئی ہینگ کھانا سردرد، چکر، درد زچگی کی درد میں انتہائی مُفید ثابت ہوتی ہے۔
لونگ

لونگ بیشمار خوبیوں کا حامل ہے خاص طور پر اس کی اینٹی بیکٹریل خوبیاں اسے دانت کی درد ختم کرنے میں انتہائی مُفید بناتی ہیں، دانت کی درد کی صُورت میں درد والی جگہ پر ایک لونگ رکھ لیں، گلے کی سوزش کی صُورت میں ایک لونگ آہستہ آہستہ چبا کر کھائیں اس سے گلے کی سوزش کیساتھ منہ کی بدبو بھی ختم ہوگی۔
لونگ کا قہوہ پیٹ درد اور گیس کے لیے انتہائی مُفید چیز ہے اور سر درد کی صُورت میں لونگ کا پاؤڈر تھوڑا گرم کر کے سر پر لگائیں درد میں راحت ملے گی۔
سونف

سونف کو خُشک ادرک کے ساتھ خالص گھی میں تھوڑا فرائی کرلیں اور پھر اس آمیزے کو پیس کر چھان لیں اور پانچ گرام صبح شام استعمال کریں یہ آپ کے نظام انہظام کو بہتر بنائے گا اور پیچش میں آرام دے گا۔
قبض کی صُورت میں سونف کو ایک گلاس پانی میں بگھو دیں اور رات کو سونے سے پہلے سونف کے ایک چائے کی چمچ کے ساتھ یہ پانی چھان کر پی لیں۔
بد ہضمی کی صُورت میں ہر کھانے کے بعد ایک چائے کی چمچ سونف کھا لیا کریں معدہ طاقتور ہو جائے گا۔
کالی مرچ

کھانسی اگر بار بار تنگ کر رہی ہو تو تھوڑی کالی مرچ پیس کر شہد ملا کر وقفے وقفے سے تھوڑا تھوڑا کھائیں یہ کھانسی کیساتھ پیٹ کو بھی ٹھیک کرے گا۔
کالی مرچ میں تھوڑا کالا نمک شامل کرکے اسے بھُنے ہُوئے ادرک کیساتھ کھانا نظام انہظام کو بہتر بناتا ہے اور ہد ہضمی ختم کرتا ہے۔