بجلی کے بل میں40 فیصد سے زیادہ کمی لانے کے لیے ان 10 ہدایات پر عمل کریں

Posted by

بجلی ایک بُنیادی ضرورت ہے اور موجودہ دور میں اسکے بغیر زندگی تقریباً ناممکن ہے لیکن اس بُنیادی ضرورت کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اور ہر مہینے اسکا مہنگا بل خاص طور پر گرمیوں میں جیب پرآسمانی بجلی کی طرح پڑتا ہے اور گھر کے بجٹ کو برباد کر کے رکھ دیتا ہے۔

اس آرٹیکل میں بجلی بچانے کے 10 ایسے طریقے ذکر کیے جائیں گے جن پر عمل کر کے آپ بھی اپنے بجلی کے بل میں نمایاں کمی لا سکتے ہیں اور اپنی بچت میں اضافہ کر سکتے ہیں۔

نمبر 1 پانی بچائیں

کیا آپ جانتے ہیں کہ عام گھروں میں پانی کے لیے لگا ہُوا لال پمپ ایک گھنٹے میں 3 سے 4 یُونٹ بجلی کے خرچ کر دیتا ہے؟ اس لیے نہانے میں پانی کم استعمال کریں اور خاص طور پر بُرش کرتے وقت اور شیو وغیرہ کرتے وقت پانی کے نل کو بند کر دیا کریں اور گھر میں صفائی کے لیے فرش کو روزانہ پانی سے دھونا بند کر دیں اور صفائی کے لیے جھاڑو کے بعد گیلے کپڑے وغیرہ سے یا موب سے پونچا لگائیں اس سے بھی آپ کو بہترین صفائی ملے گی اور جہاں فضول پانی خرچ نہیں ہوگا وہاں بجلی کے بل میں نمایاں کمی واقع ہوگی اور اسی طرح برتن دھونے کے لیے بھی پہلے برتنوں کو برتن دھونے والے سوپ والے پانی میں بھگو دیں اوربعد میں صاف کر کے ہلکا نل چلا کر اسے صاف کریں۔

نمبر 2 استعمال نہ ہونے والی الیکٹرونکس کو ساکٹ سے الگ کر دیں

عام طور لوگ موبائل وغیرہ کا چارجر ساکٹ میں آن رہنے دیتے ہیں اسی طرح ٹی وی کو ریمورٹ سے آف کر کے سٹینڈ بائی چھوڑ دیتے ہیں اور اے سی بھی ریمورٹ سے بند کرنے کے بعد سٹینڈ بائی رہنے دیتے ہیں اور یہ غلط عادت بجلی ضائع کرتی ہے اسے لیے ایسی تمام الیکٹرونکس جنہیں آپ استعمال نہیں کر رہے اُنہیں ساکٹ سے الگ کر دیں تاکہ فضول بجلی ضائع نہ ہو۔

نمبر 3 اے سی

سخت گرمی میں ائیر کنڈیشنر ایک ضرورت بن گیا ہے لیکن کوشش کریں کے دن کے اوقات میں اسے استعمال نہ کریں اس سے آپ کی صحت پر اچھے اثرات پڑیں گے اور بجلی کا بل بھی بچےگا۔ عام اے سی کی بجائے انورٹر اے سی استعمال کریں اور اس کا آوٹر یونٹ دُھوپ میں مت رکھیں کیونکہ دُھوپ کی شدت سے یہ زیادہ بجلی استعمال کرے گا اور صُبح بیدار ہونے سے 2 گھنٹے پہلے اے سی کو ٹائمر سے آٹو میٹک آف کر دیا کریں اور کمرے کی اچھی طرح انسولیشن کریں یہ کام آپ کے بجلی کے بل میں حیرت انگیز طور پر کمی لائے گا۔

نمبر 4 پُرانا ٹی وی اور ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر

اگر آپ ابھی بھی ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر یا پُرانا ٹی وی استعمال کرتے ہیں تو ان دنوں چیزوں سے چھٹکارا حاصل کریں کیونکہ یہ دونوں بہت زیادہ بجلی استعمال کرتے ہیں اور ان کی جگہ لیپ ٹاپ اور ایل سی ڈی وغیرہ استعمال کرنی شروع کریں جو بہت کم بجلی خرچ کرتے ہیں۔

نمبر 5 روشنی

دن کے اوقات میں کوشش کریں کے قدرتی روشنی استعمال ہو اورلائٹس کے لیے ایل ای ڈی لائٹس کا استعمال کریں اور انہیں فضول چلتا مت چھوڑیں تاکہ آپکی بجلی ضائع نہ ہو۔

نمبر 6 فریج

یہ الیکٹرونکس بھی گھر کی بُنیادی ضرورت ہے اور ایک عام سائز کی فریج 24 گھنٹے میں 3 سے 4 یُونٹ بجلی استعمال کرتی ہے لیکن آپ ذرا سی توجہ سے اسے 2 یُونٹ سے کم پر لا سکتے ہیں اس کام کے لیے گھر کی فریج کو ایسی جگہ پر رکھیں جہاں ٹھنڈک ہو اور سُورج کی روشنی بہت کم پہنچتی ہو اس سے گرمیوں میں فریج کی کارکردگی بہتر ہوگی اور فریج کا کمپریسر زیادہ نہیں چلے گا اور فریج اور فریزر کو مہینے میں 2 دفعہ بند کر کے ڈی فراسٹ ضرور کریں کیونکہ اگر اس میں فراسٹ جمی ہے تو یہ ضرورت سے زیادہ بجلی استعمال کرنا شروع کر دے گا۔

اسی طرح فریج کو بار بار مت کھولیں اور ٹھنڈے پانی کے لیے علیحدہ واٹر کولر وغیرہ کا بندوبست کریں تاکہ پانی کے لیے فریج کا دروازہ بار بار نہ کھولنا پڑے اور ساتھ ہی فریج کا تھرموسٹیٹ فریج کے لیے 2 ڈگری اور فریزر کے لیے منفی 18 ڈگری پر سیٹ کریں تاکہ کمپریسر پر زیادہ بوجھ نہ پڑے۔

نمبر 7 واشنگ مشین اور ڈرائیر

یہ دونوں الیکٹرونکس بھی بہت زیادہ بجلی استعمال کرتی ہیں اس لیے ہفتے میں ایک دفعہ کپڑے دھوئیں اور گرمیوں میں ڈرائیر استعمال نہ کریں اور یہ کام سُورج کی روشنی کو کرنے دیں لیکن اگر ڈرائیر استعمال کرنا ضروری ہو تو اس میں کپڑے خُشک کرنے سے پہلے کپڑوں کیساتھ ایک خُشک تولیہ بھی شامل کر دیں اس سے ڈرائیر بہت جلد کپڑے خُشک کرے گا اور بجلی کی بچت ہو گی۔

نمبر 8 استری

الیکٹرک آئرن بجلی کے میٹر کو پر لگا دیتی ہے اور وہ اُڑنا شروع کر دیتا ہے اور آپ الیکٹرک آئرن سے آسانی سے جان چھڑا سکتے ہیں اس کام کے لیے گیس آئرن لیکر آئیں یہ جہاں الیکٹرک آئرن سے زیادہ اچھا کام کرے گی وہاں آپ کا بجلی کا بل بھی کم ہوگا۔

نمبر 9 سیلنگ فین

گھر میں لگے پُرانے سیلنگ فین آپ کے اندازے سے کہیں زیادہ بجلی خرچ کرتے ہیں اس لیے انہیں نئے سیلنگ فینز کے ساتھ بدلیں اور کوشش کریں کے سیلنگ فین کی بجائے وال فین استعمال کریں تاکہ بجلی بجائی جا سکے۔

نمبر 10 الیکٹرونکس کو صاف رکھیں

گھر میں استعمال ہونے والی الیکٹرونکس پر گرد وغیرہ کو نہ جمنے دیں خاص طور پر اے سی کو سروس کرنے کے بعد استعمال کریں کیونکہ گرد کی وجہ سے جہاں الیکٹرونکس کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے وہاں یہ بجلی کا بھی زیادہ استعمال کرتی ہیں۔

Featured Image Preview Credit: Electricity Meter by Olivier Guin from the thenounproject.com