بلغم ایک چپکنے والا مادہ ہے جو بخار اور گلہ خراب وغیرہ کی صُورت میں گہرا ہو کر گلے کے اندر لٹک جاتا ہے اور سکون برباد کر دیتا ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ ہمارے جسم میں ہمیشہ رہتا ہے چاہے ہم صحت مند ہو یا بیمار درحقیقت بلغم ہمارے نظام تنفس جس میں مُنہ، ناک، گلہ، سائنسس اور پھیپڑے شامل ہیں کی حفاظت کرتا ہے اور اسکے چپکنے کی صلاحیت سانس کے راستے نظام تنفس میں داخل ہونے والی گردوغُبار، الرجی اور بیماری پیدا کرنے والے جراثیم وغیرہ کو اپنے اندر ٹریپ کرلیتی ہے اور ہمیں ان کے شر سے محفوظ رکھتی ہے۔

بلغم ہمارے نظام تنفس کا اہم جُز ہے لیکن اگر یہ تکلیف دہ بن جائے تو اسے خارج کرنا ضروری ہوجاتا ہے، اس آرٹیکل میں بلغم کو خارج کرنے کے چند مُفید گھریلو ٹوٹکوں کا ذکر کیا جائے گا اور ساتھ ہی ہم جانیں گے کہ کس وقت ڈاکٹر سے ملنا ضروری ہو جاتا ہے۔
نمبر 1 ہوا میں نمی پیدا کریں
اگر موسم کے بدلنے کے ساتھ آپ کے گلے میں الرجی یا انفیکشن سے خراش وغیرہ یا نزلہ، زکام وغیرہ محسوس کر رہے ہیں تو بہتر ہوگا کہ اپنے آس پاس کی ہوا میں نمی کی مقدار کو بڑھائیں، بہت سے لوگ ایسے موقع پر پانی کی بھاپ لینے کا مشورہ دیتے ہیں جو اتنا کارگر ثابت نہیں ہوتا لیکن اگر آپ اپنے پاس کوئی Humidifier یا پھر گرم پانی کا برتن رکھ لیں تو ہوا میں پیدا ہونے والی نمی بلغم کو پتلا کرکے خارج ہونے میں مدد دینا شروع کر دے گی۔
نمبر 2 زیادہ سے زیادہ پانی
کسی بھی قسم کی الرجی یا انفیکشن وغیرہ کی پہلی علامت محسوس کرتے ہی زیادہ سے زیادہ پانی پینا شروع کر دیں خاص طور پر نیم گرم پانی پینا جہاں آپ کے جسم کو ہائیڈریٹ رکھے گا تا کہ آپ کی قوت مدافعت مضبوط ہو وہاں آپ کی بلغم کو پتلا کرکے خارج ہونے میں بھی مدد دے گا۔
نمبر 3 گھریلو ٹوٹکے
بلغم اگر بڑھ رہی ہے اور تکلیف دہ بننا شروع ہو رہی ہے تو یہ وقت ہے کہ آپ اپنی خوراک میں لیموں، ادرک اور لہسن کو شامل کریں کیونکہ یہ تینوں نزلہ، زکام، کھانسی اور بُخار وغیرہ کا قُدرتی علاج ہیں اور انکے ساتھ تیزمرچ مصالحے والے کھانے بھی وقتی طور پر سانس کی تکلیف ختم کر کے بلغم کو خارج کر دیتے ہیں۔
گرم اور نمکین پانی سے غرارے کرنا بھی بلغم کو پتلا کر کے خارج کرتا ہے اور گلے کی ٹکور کر دیتا ہے لیکن نزلہ، زکام، گلہ خراب اور بُخار وغیرہ میں ایک مقام آتا ہے جب آپ کی تکلیف اتنا بڑھتی ہے کہ آپ محسوس کرتے ہیں کہ اس وقت کوئی طاقتور قسم کا قُدرتی نُسخہ جو واقعی کارگر ہو ہونا چاہیے جسے آپ استعمال کر کے ڈاکٹر کے پاس جانے سے بچے رہیں کیونکہ بیماری میں یہ وہ وقت ہوتا ہے جب عام گھریلو ترکیبیں جن میں ادرک، لہسن اور ہلدی وغیرہ شامل ہوتی ہے کام نہیں کرتیں مگر یہ نُسخہ کام کرتا ہےبس ایک چائے کی چمچ شربت تُوت سیاہ، ایک چائے کی چمچ شربت صدوری اور آدھی چائے کی چمچ لعوق سپستاں کو عرق گاؤزبان میں جوش دیکر قہوہ بنا لیں اور اس قہوے کو نہار مُنہ اور رات کو سونے سے پہلے پی لیں یہ جادوئی طور پر موسمی بیماری کا خاتمہ کر دے گا اور طبیعت کو ہلکا پھلکا بنا دے گا۔
نمبر 4 ڈاکٹر سے کب ملنا ہے
بلغم کا گہرا ہو کر خارج ہونا کوئی خطرناک بات نہیں ہے اور عام طور پر صُبح کے وقت کھانسی کے ساتھ یہ جمی ہُوئی خارج ہوتی ہےاور شام کہ اوقات میں یہ پتلی ہو جاتی ہے اور اگر موسمی بُخار ہو تو یہ زیادہ مقدار میں خارج ہوتی ہے لیکن اگر آپ اکثر ایسے موسمی بُخاروں کا شکار ہو رہے ہیں تو ڈاکٹر سے ملکر اصل وجہ کا پتہ چلانا ضروری ہے۔
سانس میں شدید دُشواری، سینے میں درد، کھانسی میں خُون یا اور کوئی شدید علامت محسوس کریں تو فوراً اپنے معالج سے رابطہ کریں اور اگر اور کسی بھی تکلیف کے بغیر بلغم 20 دن سے زیادہ پریشان کرے تو ڈاکٹر سے ملکر مشورہ کر لینا اچھی بات ہے۔