بلی ایک دانا جانور ہے جس میں انسان کو پہچان لینے کی صلاحیت ہے اور اسی صلاحیت سے فائدہ اُٹھا کر وہ عام انسانوں کے ساتھ اپنی زندگی بسر کرتی ہے، بلی چاہے پالتو ہو یا آوارہ دونوں کا انسانوں کیساتھ تعلق ضرور ہوتا ہے اور آورہ بلیوں نے وہ گھر منتخب کیے ہوتے ہیں جہاں اُن کے ساتھ اچھا سلوک ہوتا ہے۔
بلیوں کی دانائی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ انگلینڈ کے تقریباً 18 فیصد لوگ بلیوں کو پالتو بناتے ہیں اور پھر ان پالتو بلیوں کی خوب خدمت کرتے ہیں جیسے گھر کی اصل مالک یہ ہوں اور پھر یہ گھریلو بلیاں پُورے گھر پر راج کرتی ہیں۔
اس آرٹیکل میں ہم ان بلیوں کے اُن عادات و خصائل اور اعزازات کا ذکر کریں گے جنہیں جان کر آپ کو اس سمجھدار جانور کی دانائی کا اندازہ ہوگا۔
نمبر 1 بلی 9500 سال پُرانی ہے
سن 2004 میں ایک فرنچ آرکیالوجسٹ نے ایک 95 سو سال پُرانی بلی کی قبر دریافت کی جس سے اس بات کا پتہ لگایا جا سکتا ہے کہ یہ کتنی پُرانی ہے، ایرانی آرٹ میں تو بلی کی 4 ہزار سال پہلے تصاویر بنائی جاتی تھیں یعنی یہ جانور بہت کُچھ جانتا ہے اور نسل در نسل سیکھ گیا ہے۔
نمبر 2 بلی اپنی اوسط عمر کا 70 فیصد سو کر گُزارتی ہے

گھر میں بلی پالنے والے تو جانتے ہوں گے لیکن فیرل کیٹ (آوارہ بلی) کو جاننے والے بھی اگر تھوڑا غور کریں تو اُنہیں پتہ چل جائے گا کہ بلی کے کاروائی ڈالنے کے اوقات دن کے چند ہی گھنٹے ہوتے ہیں اور بلیوں کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دن میں 15 سے 16 گھنٹے سو کر گُزارتی ہے یعنی تقریباً دن کا 70 فیصد۔
نمبر 3 الاسکا کے ٹاون کی ایک بلی 20 سال تک شہر کی میئر بنتی رہی

جی ہاں یہ بات جان کر آپ کو بلیوں کی دانائی کا حقیقی اندازہ ہو جائے گا کہ الاسکا کے ایک ٹاؤن میں بلے کو 20 سال تک شہر کا میئر بنا کر رکھا گیا، وہ ہر سال بغیر مقابلہ الیکشن جیتتا مگر اُس کے پاس قانون ساز طاقت نہیں تھی وگرنہ شاید وہ پُورے ٹاؤن کا نقشہ بدل دیتا۔
سٹب نامی یہ بلا بحثیت ٹاؤن میئر کے روزانہ بیشمار لوگوں سے ملتا تھا اور سیاح اور بچے سٹب سے ملنا بہت پسند کرتے تھے۔
نمبر 4 دُنیا کی امیر ترین بلی
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے ریکارڈ کے مطابق دُنیا کی سب سے امیر ترین بلی 12.5 ملین ڈالر کی مالک تھی اور یہ رقم اُسکے برطانوی مالک نے مرتے وقت خاندان کو عاق کر کے اپنی بلی بلیکی کے نام چھوڑی تھی جسکی وہ ہر خطا معاف کر دیا کرتا تھا۔
نمبر 5 بلی اونٹ اور زرافے کی چال چلتی ہے
بلی کے چلن کیساتھ ساتھ اگر اس کی چال پر نظر ڈالی جائے تو پتہ چلے گا کے بلی اپنے آدھے جسم کو ایک دفعہ اور آدھے کو دوسری دفعہ چلنے کے دوران حرکت دیتی ہے اور بلی کے چلنے کا یہ انداز زرافے اور اونٹ سے ملتا جُلتا ہے یعنی اگر یہ سمجھا جائے کہ بلی نے چلنا اونٹ اور زرافے سے سیکھا ہو سکتا ہے تو عین ممکن ہے ہم ٹھیک ہوں۔
نمبر 6 نیوٹن اور بلیاں

نیوٹن نے صرف کشش ثقل ہی دریافت نہیں کی بلکہ اس عظیم سائنس دان نےاور بھی بہت کُچھ دریافت کیا اور ایک دریافت اسکی کیٹ ڈور ہے، کہا جاتا ہے کہ نیوٹن ایک دفعہ کیمبرج یونیورسٹی میں ایک تجربہ کرنے میں مصروف تھا اور دروازے پر ایک بلی بار بار دستک دے رہی تھی اوراندر آنے کے لیے دروازے پر پنجے مار رہی تھی جسکے نشان دروازے پر پڑ گئے۔
نیوٹن نے ترکھان بُلوایا اور اُس سے کہا کے دروازے کے نیچے ایک بڑا سوراخ بلی کے لیے اور ایک چھوٹا سوراخ اُس کے بچے کے لیے کردو، یہ دونوں سوراخ آج بھی کیمبرج یونیورسٹی کے اُس دروازے پر موجود ہیں۔
نمبر 7 بلی 30 میل فی گھنٹہ دوڑ سکتی ہے
بلی کی اوسطا سپیڈ 30 میل یعنی 48.2 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور یہ شاندار رفتار وہ استعمال کرتی ہے اور پلک جپھکتے اپنے چھوٹے سے جسم کے ساتھ وہ اُس دیوار پر چڑھ جاتی ہے جس پر ہم ہزار بار کوشش کرکے بھی نہیں چڑ پائے ہوتے۔
نمبر 8 بلی کی محبت

بلی اگر بھوکی ہے تو وہ آپ کے ساتھ لاڈیاں کرے گی آپ کے آگے پیچھے گھومے گی اور آپ سے کھانا مانگے گی لاڈیاں کرنے اور کھانا مانگنے کا انداز بلی کا انتہائی سمجھداری کیساتھ ہوگا اور کھانا کھا کر وہ زیادہ تر آرام کرنا ہی پسند کرتی ہے۔
نمبر 9 بلی خلا میں بھی جا چُکی ہے

بندروں اور کُتوں کے علاوہ بلی بھی وہ جانور ہے جسے خلا میں جانے کا اعزاز حاصل ہے، 18 اکتوبر 1963 میں Felicette نامی بلی کو خلائی مشن کے لیے چُنا گیا اور یہ بلی اب تک کی واحد بلی ہے جو خلا میں گئی۔
نمبر 10 بلی اور چیتا

عام طور پر بلی کو شیر کی خالہ کہا جاتا ہے مگر ماہرین کا کہنا ہے کہ بلی کے 95 فیصد خدوخال چیتے سے ملتے ہیں اور ان دونوں میں یکساں عادات بھی موجود ہیں جیسے پیشاب کی بُو سونگھ لینا، اکڑ کر چلنا، شکار کا انتخاب کرنا، اور شکار پر اوپر سے حملہ کرنا وغیرہ۔