ہمارا آجکل کا طرز زندگی اور خوراک اکثر ہمارے پیٹ کے لیے مسائل پیدا کرتے ہیں اور اگرچہ یہ مسائل کچھ وقت کے بعد خودبخود ختم بھی ہو جاتے ہیں لیکن چند علامات ایسی ہیں جنہیں ہرگز نظر انداز نہیں کرنا چاہیے کیونکہ یہ علامات صحت کو لاحق سنجیدہ مسائل کی طرف اشارہ دیتی ہیں اور وقت پر ان کا سدباب کرنا بڑی مشکل سے بچا لیتا ہے۔
اس آرٹیکل میں بڑی آنت میں درد کی 7 ایسی علامات کو شامل کیا جا رہا ہے جنہیں عام نہیں سمجھنا چاہیے اور ان پر فوراً توجہ دینی چاہیے۔
نمبر 1 پیٹ میں درد
پیٹ میں درد کا تجربہ تو تقریباً سب ہی رکھتے ہیں اور جانتے ہیں کہ غلط کھانے پینے سے یہ درد پیدا ہوتی ہے لیکن اگر آپ نچلے پیٹ میں اکثر درد محسوس کرنے لگے ہیں اور یہ درد بڑھتا جا رہا ہے تو یہ نشانی ہے انفلامیٹری باؤل ڈزیز کی جس میں السر، پاخانہ میں مشکل اور کینسر جیسی بیماریاں شامل ہیں اس لیے ایسی صورت میں فوراً اپنے ڈاکٹر سے رجوع کریں تاکہ آپ کا وقت پر علاج ہو سکے۔
نمبر 2 قبض
قبض کا ہو جانا عام طور پر نارمل سمجھا جاتا ہے لیکن اگر کسی کو یہ بیماری اکثر ہونے لگ گئی ہے اور باتھ روم میں تکلیف کا سامنا ہوتا ہے تو اُسے ان علامات پر توجہ دینی چاہیے کیونکہ یہ نشانی ہو سکتی ہے کہ بڑی آنت میں سوزش ہے، آئی بی ایس (پاخانے میں خرابی کی ایک بیماری) ہو سکتی ہے اور جب یہ بڑھتی ہے تو اکثر ڈائریا، پیٹ پھولنا، پیٹ میں درد اور گیس رہنا شروع کر دیتی ہے اور اگرچہ اس بیماری کا میڈیکل سائنس کے پاس کوئی مستقل علاج نہیں ہے لیکن خوراک میں پرہیز سے یہ بیماری قابو کی جا سکتی ہے۔
نمبر 3 ڈائریا
اگر آپ کو اکثر پتلا پاخانہ آنا شروع ہو گیا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کی بڑی آنت میں کوئی خرابی ہے اور وہ پانی کو ٹھیک سے جذب نہیں کر پا رہی اور اس میں سوزش پیدا ہو گئی ہے۔
ڈائریا کیساتھ بڑی آنت کی کئی بیماریاں وابسطہ ہیں جن میں آئی بی ایس، کرونز کی بیماری اور ڈائیورٹیکلیٹس وغیرہ شامل ہیں اور ڈائیریا کی یہ علامات 24 گھنٹے سے زیادہ رہیں تو ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
نمبر 4 پاخانے میں خون
اگر آپ کے پاخانے کے آس پاس آپ کو بلڈ دیکھائی دیتا ہے یہ جما ہُوا خون پاخانے میں شامل ہے تو یہ علامات میں بڑی آنت میں سوزش کی اور ایسے موقع پر فوراً ڈاکٹر سے رابطہ کرنا انتہائی ضروری ہے۔
نمبر 5 پاخانے کی ساخت میں تبدیلی
پاخانے کی شکل صحت کے متعلق کئی باتیں بتاتی ہے خاص طور پر اگر یہ پینسل کی طرح پتلا ہے تو یہ کینسر کی علامات ہو سکتی ہیں اور اگر یہ میرون ہے تو عین ممکن ہے کہ بڑی آنت سے خون اس میں شامل ہو رہا ہو اور اگر یہ پیلا اور آئلی ہے تو اسکا مطلب ہو سکتا ہے کہ لبلبہ اور بڑی آنت چکنائی کو جذب نہیں کر پا رہے اس لیے ایسی صورت میں ڈاکٹر سے رابطہ کریں اور ان علامات کا ٹیسٹ کروائیں۔
نمبر 6 گیس
پیٹ میں زیادہ گیس کا بننا اور گیس سے بدبو خارج ہونے کا مطلب ہے کہ خوراک میں کُچھ ایسا شامل ہے جو ہضم نہیں ہو پا رہا اور اس کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں جن میں دوست بیکٹریا کی کمی، سوزش اور آئی بی ایس وغیرہ شامل ہیں۔
نمبر 7 کمزوری محسوس کرنا
اگر بڑی آنت ٹھیک سے کام نہ کر پا رہی ہو تو بہت سے ضروری وٹامنز اور منرلز جسم جذب نہیں کرپاتا اور ان غذآئی اجزا کی کمی جہاں اور کئی سنجیدہ مسائل پیدا کرتی ہیں وہاں کمزوری اور لاغر پن بھی پیدا ہوتا ہے۔
نوٹ: اپنی بڑی آنت کی حفاظت کے لیے ایسے کھانے جن میں فائبر کی مقدار زیادہ ہو استعمال کریں اور سُرخ گوشت، چینی، چائے کافی وغیرہ کا استعمال کم کر دیں اور اگر سیگرٹ نوشی کے عادی ہیں تو اس عادت کو فوری ترک کر دیں کیونکہ جان ہے تو جہان ہے اور صحت سے زیادہ قیمتی چیز دُنیا اور کوئی نہیں۔