جسمانی سُستی اور تھکاؤٹ ہمارے روزمرہ کاموں کو بُری طرح متاثر کرتی ہیں یہ ہمارے جسم اور دماغ کو کمزور بناتی ہیں اور کام پر ہماری توجہ میں کمی کا باعث بنتی ہیں، اس آرٹیکل میں سُستی، کاہلی اور تھکاؤٹ کو فوری طور پر دُور کرنے کے لیے ماہرین کے بتائے ہُوئے چند آزمودہ اور آسان ٹوٹکوں کو شامل کیا جارہا ہے تاکہ آپ بھی انہیں استعمال کرکے چاک و چوبند رہ سکیں۔
آزمودہ ٹوٹکے
اگر کام کے دوران مسلسل کھڑے رہنے سے آپ کے پاؤں کی ایڑیوں یا ٹخنوں میں درد ہونے لگے تو گرم پانی میں تھوڑا سا نمک ڈال کر پاؤں کو ٹخنوں سمیت اس میں تھوری دیر بھگو دیں اس سے پاؤں کی تھکن دُور ہو جائے گی اور آپ خُود کو ہلکا پُھلکا محسوس کریں گے۔
کام کے دوران ذہنی اور جسمانی تھکاؤٹ کی صُورت میں چائے اور کافی کا ایک کپ آپ کو پھر سے تروتازہ کر سکتا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کے چائے اور کافی میں پائی جانے والی کیفین انرجی لیول کو بہتر بناتی ہے، موٹاپا ختم کرتی ہے، کام کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرتی ہے اور مُوڈ کو بہتر بناتی ہےاور اگر بغیر چینی کے اسے پیا جائے تو یہ ذیابطیس ٹائپ 2 کو کنٹرول کرنے میں مدد کرتی ہے اور یاداشت کو بہتر بناتی ہے۔
تھکاؤٹ سے کمر درد ہونے لگے تو چٹائی وغیرہ پر یا سخت تختے پر سیدھے لیٹ جائیں اور آہستہ آہستہ گہری سانس لیں یہ آپ کے اعصاب کو پُرسکون بنائے گی اور پٹھوں کے کھچاؤ کو کم کر کے درد میں راحت پیدا کرے گی اسکے علاوہ سونے سے پہلے گرم پانی کی بوتل سے کمر کی ٹکور کرنا بھی سکون کا باعث بنتا ہے۔
زیادہ جسمانی مشقت سے پنڈلیوں میں درد ہونا شروع ہو جاتا ہے ایسی صُورت میں پاؤں کے ٹخنوں کے اوپر ٹھنڈا پانی ڈالیں اس سے پنڈلیوں کا کھنچاؤ کم ہوگا اور سکون ملے گا۔

اگر آپ اپنے جسم میں انرجی لیول کا فُقدان محسوس کر رہے ہیں تو 2 کھجوریں کھا لیں کیونکہ دُنیا کے بہترین اتھلیٹس اپنے جسم کی انرجی کو بحال کرنے کے لیے کھجور کو بطور انرجی بُوسٹر کے استعمال کرتے ہیں اور کھجور کے اندر ایسے غذائی اجزا شامل ہیں جو اپنےاندر سارے جسم کے لیے توانائی کا خزانہ رکھتے ہیں۔
رات کو 4 سے 5 کھجوریں پانی میں بگھو کر صبح نہار مُنہ پانی پی لیں اور اسکی کھجوریں بھی کھا لیں یہ سارا دن آپ کے جسم کی توانائی کو بحال رکھے گا اور تھکاؤٹ کو آپ کے پاس نہیں آنے دے گا۔
انگور کا شُمار اُن پھلوں میں ہوتا ہے جو تھکاؤٹ دُور کرنے لیے اکسیر کا درجہ رکھتے ہیں اس لیے سارے دن کی تھکاؤٹ دُور کرنے کے لیے انگور کیساتھ لیموں کھا لیں یہ آپ کی تھکاؤٹ کو تھوڑی ہی دیر میں ختم کردے گا۔

جو لوگ اکثر تھکاؤٹ اور سُستی کا شکار رہتے ہوں اُنہیں چاہیے کے وہ سبزاناج کو بغیر پکائے ہُوئے اپنی خوراک کا حصہ بنائیں اور اگر سبز اناج میسر نہیں تو جّو ، ،مکئی وغیرہ کو بگھو دیں اور پھر استعمال کریں، چند ہی دنوں میں یہ آپ کی سُستی کو ختم کر دے گا۔

روزانہ کم از کم 8 گلاس پانی پینے سے جسم ڈی ہائیڈریشن سے بچا رہتا ہے اور جسم کے تمام اعضا بہتر طریقے سے کام کرتے ہیں اور یہ عادت انسان کو سُستی اور کاہلی سے بھی محفوظ رکھتی ہے اس لیے خاص طور پر سردیوں میں اگر پیاس نہیں بھی لگی تو روزانہ مناسب پانی ضرور پیئں۔
اچھی نیند جسم اور دماغ کی تھکاؤٹ کو اُتار دیتی ہے اور اگلے پُورے دن کے لیے آپ کو تروتازہ کر دیتی ہے اس لیے اپنے بیڈ روم کو پُرسکون بنائیں اور روزانہ مناسب نیند لیں تاکہ جسم تھکاؤٹ کا شکار نہ ہو۔