ایمیون سسٹم یعنی قوت مدافعت قُدرت کا ایک ایسا تحفہ ہے جو ہمارے جسم کا بیماریوں کے خلاف دفاع کرتا ہے اور جسم میں داخل ہونے والے جراثیموں کو بیماری پیدا کرنے سے خُودکار طریقے سے روکتا ہے، اگر ہمارا ایمیون سسٹم طاقتور ہے تو بہت سی عام بیماریاں جیسے نزلہ، زکام، کھانسی وغیرہ خُودبخود بغیر دوائی کھائے ٹھیک ہوجاتی ہیں لیکن اگر ایمیون سسٹم کمزور ہے تو معمولی بیماری بھی بڑا نقصان پہنچا سکتی ہے۔
اس آرٹیکل میں ہم اُن کھانوں کا ذکر کریں گے جو ہماری قوت مدافعت کو مضبوط بناتے ہیں تاکہ آپ ان کھانوں کو اپنی روزانہ کی خوراک میں شامل کریں اور اپنے جسم کی بیماریوں کے خلاف دفاعی نظام کو قُدرتی کھانوں سے مضبوط بنائیں۔
نمبر 1 ہلدی
ہمارے تقریباً سبھی سالن اس مصالحے کے بغیر نہیں پکائے جاتے یہ جہاں ان میں خوبصورت رنگ اور ذائقہ دیتی ہے وہاں اسے صدیوں سے بطور اینٹی اینفلامیٹری( سوزش ختم کرنے والی) دوا کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، یہ جوڑوں کے درد کے لیے انتہائی مُفید چیز ہے اور اس کے اندر شامل طاقتور اینٹی بیکٹریل خُوبیاں بہت سے جراثیموں سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا خاتمہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور ہلدی ہماری قُوت مدافعت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
نمبر 2 لہسن
بہت سی خُوبیوں کا حامل لہسن بیماریوں کے خلاف ایک اکسیر کا درجہ رکھتا ہے اور جہاں بلڈ پریشر، دل، ذیابطیس جیسی بیماریوں میں اس کا استعمال مُفید ہے وہاں اس کے اندر شامل سلفر ہماری قوت مدافعت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
نمبر 3 ادرک
ادرک ایک سبزی بھی ہے اور ایک مصالحہ بھی اور بہت سی بیماریوں سے لڑنے کے لیے ایک پُر اثر دوا بھی ہے جو نزلہ، زکام، کھانسی، سوزش، گلا خراب اُلٹی، متلی اور نظام ہضم کی بیماریوں کیساتھ اور بہت سے امراض میں انتہائی مُفید ہے۔
ادرک بھی لہسن کی طرح کولیسٹرول کم کرنے میں انتہائی معاؤن ثابت ہو سکتا ہے اور جسم کی دردوں میں اس کا استعمال درد سے راحت کا باعث بنتا ہے اور ان خوبیوں کے ساتھ ادرک ہمارے نظام دفاع کو مضبوط بناتا ہے کیونکہ اس میں بھی اینٹی بیکٹریل خوبیاں شامل ہیں۔
نمبر 4 سٹرس فروٹس
سمجھدار لوگ نزلہ زکام کھانسی وغیرہ میں عام طور وٹامن سی کا استعمال زیادہ کرنا شروع کر دیتے ہیں کیونکہ وٹامن سی خون میں سفید خُلیوں کا کا اضافہ کرتا ہے جو انفیکشن کے خلاف لڑنے میں ہماری مدد کرتے ہیں۔
سٹرس فروٹس جیسے کینو مالٹا مسمی لیموں چکوترہ وغیرہ وٹامن سی بھرپُور کھانے ہیں اور یہ وٹامن ہمارے جسم میں سٹور نہیں ہوتا لہذا اسے روزانہ کھانے کی ضرورت ہے اور یہ وٹامن ہمارے ایمیون سسٹم کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
نمبر 5 دہی

دہی کی خُوبیوں سے تقریباً سبھی واقف ہیں کیونکہ یہ ہماری صحت پر بہت سے اچھے اثرات مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ ہماری قوت مدافعت کو بڑھانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
دہی کا استعمال کرتے وقت دھیان رکھیں کے سادہ دہی استعمال کریں اور دہی کو میٹھا کرنے کے لیے چینی وغیرہ کی جگہ تازہ فروٹس جیسے کیلا، سٹابری اور شہد وغیرہ کا استعمال کریں۔
نمبر 6 پالک
پالک وٹامن سی سے بھرپور ہونے کیساتھ بہت سے دوسرے وٹامنز اور منرلز بھی ہمارے جسم کو مہیا کرتی ہے اور اس کا شمار بیٹا کیروٹین ویجیٹبل میں ہوتا ہے جو آنکھوں کی صحت کے لیے انتہائی مُفید ہے۔
پالک ہمارے جسم کو انفیکشنز سے لڑنے کی صلاحیت دیتی ہے اور ہمارے قوت مدافعت کو مضبوط بناتی ہے اور پروٹین حاصل کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔
نمبر 7 پپیتا
پپیتا بھی وٹامن سی حاصل کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے اور یہ وٹامن جلد، دل وغیرہ کیساتھ ہمارے ایمیون سسٹم کو طاقتور بناتا ہے۔
پپیتا وٹامن سی کیساتھ اپنے اندر پوٹاشیم، وٹامن بی اور فولیٹ جیسے وٹامنز اور منرلز بھی رکھتا ہے جو ہماری صحت کے لیے انتہائی مُفید ہیں۔
نمبر 8 گرین ٹی
سبز چائے اور عام استعمال ہونے والی چائے فلیونائیڈز سے بھرپُور مشروب ہیں اور فلیونائیڈ ایک اینٹی آکسائیڈینٹ ہے اور خاص طور گرین ٹی میں ایسے اجزا پائے جاتے ہیں جو ہمارے ایمیون سسٹم کو توانا بنانے میں انتہائی معاؤن کردار ادا کرتے ہیں۔
نمبر 9 بروکلی
گوبھی کی نسل کی یہ سبزی جہاں پروٹین حاصل کرنے کے بڑا ذریعہ ہے وہاں بہت سے مُفید وٹامنز جیسے اے، سی، ای کیساتھ اینٹی آکسائیڈینٹس اور فائبر سے بھرپُور غذا ہے جو ہمارے جسم کے نظام دفاع کو مضبوط بنانے میں اپنا ثانی نہیں رکھتی۔
نمبر 10 سُرخ شملہ مرچ
وہ لوگ جو وٹامن سی کو صرف سٹرس فروٹس میں تلاش کرتے ہیں اُن کے لیے یہ جاننا بہت ضروری ہے کہ سُرخ شملہ مرچ میں سٹرس فروٹس سے دو گُنا زیادہ وٹامن سی شامل ہے جو صرف ہمارے ایمیون سسٹم کو طاقتور نہیں کرتا بلکہ ہماری جلد کو تروتازہ رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
سُرخ شملہ مرچ کا شمار بھی بیٹاکیروٹین ویجیٹبل میں ہوتا ہے اور یہ سبزیاں آنکھوں کو سُورج کی نقصان پہنچانے والی شعاؤں سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
نمبر 11 دارچینی
دارچینی بھی صرف ایک مزیدار مصالحہ نہیں ہے بلکہ میڈیکل سائنس کی بہت سی تحقیقات سے یہ بات ثابت ہو چُکی ہے کہ یہ دل، ذیابطیس، کولیسٹرول جیسی دائمی بیماریوں میں انتہائی مُفید چیز ہے اور اس کے اندر شامل اینٹی اینفلامیٹری اور اینٹی آکسائیڈینٹس اجزا ہمارے ایمیون سسٹم کو طاقتور بناتے ہیں۔
نمبر 12 امرود
ایسے پھل اور سبزیاں جن میں وٹامن سی بڑی مقدار میں شامل ہو ہمارے نظام دفاع کو مضبوط بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور امرود بھی وٹامن سی سے بھرپُور پھل ہے جو ہماری صحت پر انتہائی اچھے اثرات مرتب کرتا ہے۔
نمبر 13 شہد
شہد کی تعریف میں اگر پُوری کتاب لکھی جائے تو وہ بھی کم ہے کیونکہ اس کے اندر اتنی خُوبیاں ہیں جنہیں ابھی تک سائنس بھی پُوری طرح سمجھ نہیں پائی۔
خالص شہد ہمارے ایمیون سسٹم کو طاقتور بنانے میں اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتی اور نظام دفاع کیساتھ یہ اور بہت سی بیماریوں کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
نمبر 14 زیتون اور اسکے پتے
رب کائنات نے زیتون کی قسم کھائی ہے اور کوئی شک نہیں کہ زیتون ایک اکسیر ہے اور صرف زیتون ہی نہیں اسکے پتے بھی ہمارے جسم کے ایمیون سسٹم کو طاقتور بناتے ہیں کیونکہ اس کے پتے جسم پر حملہ کرنے والے وائرس کو غیر موثر کرنے کے ساتھ ساتھ مزید پھیلنے سے روکنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔
نمبر 15 کیلا
اس پھل کا ذکر بھی رب کائنات اپنی کتاب میں کرتا ہے اور اس کی خُوبیوں میں بھی کوئی شک نہیں۔ کیلا پوٹاشیم اور میگنیشیم سے بھر پُور غذا ہے جو دل اور سڑوک کے لیے انتہائی مُفید منرلز ہیں۔
کیلا خون میں سُرخ ذرات کو بڑھانے کا باعث بنتا ہے اور اس میں شامل وٹامن بی 6 ہماری قوت مدافعت کو طاقتور بناتا ہے۔
نوٹ: ایمیون سسٹم کو بہتر بنانے کے لیے مختلف پھل اور سبزیاں کھانا زیادہ فائدہ مند ہوتا ہے اور اس مقصد کے لیے کسی ایک پھل یا سبزی پر انحصار کرنا اور صرف اُسے ہی کھائے جانا اتنا فائدہ نہیں دیتا لہذا اپنی خوراک میں ان تمام چیزوں کو شامل کریں تاکہ بیماریوں کے خلاف لڑنے کی قوت پیدا ہو اور آپ صحت مند رہیں۔