ہمارے جسم میں ہر وقت بہت سارے کیمیکل ری ایکشنز ہوتے ہیں اور ان کیمیائی محرکات کو میٹابولیزم کہا جاتا ہے جس کی وجہ سے ہمارا جسم کام کرتا ہے اور زندہ رہتا ہے۔ میٹابولیزم کو میٹابولک ریٹ بھی کہا جاتا ہے جس کا مطلب ہوتا ہے کہ ہمارا جسم روزانہ کتنی کیلوریز استعمال کرتا ہے۔
میٹابولک ریٹ جتنا زیادہ بُلند ہوگا ہمارا جسم اتنا ہی زیادہ چاک و چوبند ہوگا اور صحت مند ہونے کے ساتھ ساتھ جسم میں جمع ہونے والی فضول چربی جو موٹاپا اور دیگر کئی بیماریاں پیدا کرتی ہے سے نجات حاصل کر لے گا۔
اس آرٹیکل میں ہم 10 ایسے طریقے ذکر کریں گے جن سے ہمارے جسم کا میٹابولیزم تیز ہوتا ہے تاکہ انہیں اپنی زندگی میں شامل کر کے ہم بھی اتھلیٹ افراد کی طرح صحت مند زندگی بسر کر سکیں اور دیر تک جوان رہ سکیں۔
نمبر 1 زیادہ سے زیادہ پروٹین کھائیں
سائنس ہمیں بتاتی ہے کہ کھانا کھانے سے جسم کا میٹابولیزم تیز ہوتا ہے اور چکنائی والا کھانا جسم کے میٹابولیزم کو 0 سے 3 فیصد تک تیز کرتا ہے اسی طرح کاربوہائیڈریٹس والا کھانا جیسے گندم کی روٹی وغیرہ میٹابولک ریٹ کو 5 سے 10 فیصد بڑھاتا ہے لیکن پروٹین والا کھانا ہمارے میٹابولیز کو 15 سے 30 فیصد تک تیز کر دیتا ہے اور صحت کو چار چاند لگا دیتا ہے۔
پروٹین سے بھرپُور کھانا جہاں میٹابولک ریٹ کو بڑھاتا ہے وہاں ہمارے معدے کو بھرا بھی رکھتا ہے جسکی وجہ سے ہمیں بلا وجہ بھوک نہیں لگتی اور ہم زیادہ کھانا کھانے سے بچے رہتے ہیں اور پروٹین والا کھانا ہمارے مسلز کے سائز کو کم نہیں ہونے دیتا جس سے مسلز طاقتور ہوتے ہیں اور ہمارا جسم خوبصورت اور طاقتور نظر آنا شروع ہو جاتا ہے۔
نمبر 2 زیادہ سے زیادہ ٹھنڈا پانی استعمال کریں
وہ لوگ جو سوڈا یا دُوسرے ایسے ڈرنکس جن میں چینی کا استعمال ہوتا ہے نہیں پیتے اور ان کی جگہ پانی استعمال کرتے ہیں اُن کا میٹابولک ریٹ دوسرے افراد کی نسبت زیادہ ہائی ہوتا ہے اور وہ جسم میں چربی پیدا ہونے سے بچے رہتے ہیں، ماہرین کے مُطابق آدھا لیٹر پانی پینے سے ہمارے جسم کا میٹابولیزم 10 سے 30 فیصد تک تیز ہوجاتا ہے اور یہ تیزی جسم میں ایک گھنٹہ تک جاری رہتی ہے۔
ماہرین کے مُطابق جب ہم ٹھنڈا پانی پیتے ہیں تو ہمارا جسم زیادہ تیزی سے کیلوریز کو استعمال کرنا شروع کر دیتا ہے اور ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ کھانے سے آدھا گھنٹہ پہلے آدھا لیٹر پانی پینے سے آپ کی بھوک کم ہو جاتی ہے اور آپ پیٹ کو بھرا محسوس کرنے کی وجہ سے زیادہ کھانا نہیں کھاتے اور اس وجہ سے موٹاپے سے بچے رہتے ہیں اور صحت مند رہتے ہیں۔
نمبر 3 سخت ورزش
سخت ورزش اُسے کہتے ہیں جس کو کرتے ہُوئے آپ کے دل کی دھڑکنیں تیز ہو جائیں اور یہ ورزش جسم میں جمی چربی کو پگھلا کر رکھ دیتی ہے اور میٹابولک ریٹ کو بہت زیادہ تیز کر دیتی ہے۔ ایک ریسرچ کے نتائج کے مطابق اگر 12 ہفتے سخت ورزش کی جائے تو اس سے پیٹ کی چربی 17 فیصد کم ہو جائے گی اور یہی وجہ ہے کہ اتھلیٹ حضرات کے پیٹ پر 6 پیکس نمایاں ہوتے ہیں۔
نمبر 4 بھاری وزن اُٹھائیں
ہمارے جسم کے مسلز جب کام کرتے ہیں تو یہ میٹابولیزم کو ورزش سے بھی زیادہ تیز کر دیتے ہیں حتی کے جب ہم بھاری وزن اُٹھانے کے بعد آرام بھی کر رہے ہوں تو یہ میٹابولک ریٹ کو ہائی ہی رکھتے ہیں جسکا مطلب ہے کہ ویٹ لیفٹینگ کرنے سے آپ سونے کی حالت میں بھی زیادہ کیلوریز برن کر رہے ہوتے ہیں اس لیے ویٹ لیفٹینگ یاروزمرہ کے کاموں میں بھاری وزن کو حرکت دیا کریں تاکہ جوانی دیر تک قائم رہے۔
نمبر 5 زیادہ دیر تک کھڑے رہیں
زیادہ دیر تک بیٹھے رہنا ہماری صحت پر انتہائی بُرے اثرات پیدا کرتا ہے کیونکہ بیٹھے رہنے سے جسم بہت کم کیلوریز استعمال کرتا ہے جس سے میٹابولیزم کم ہوجاتا ہے اس لیے بلا وجہ اور فضول بیٹھے رہنے سے پرہیز کریں اور اس وقت کو چلتے پھرتے اور کھڑے رہتے ہُوئے گزارنے کی کوشش کریں اور تب تک نہ بیٹھیں جب تک جسم تھک نہ جائے۔
نمبر 6 سبز اور اولونگ چائے
میڈیکل سائنس کی ایک ریسرچ کے مُطابق سبز چائے اور اولونگ چائے یعنی گہرے رنگ کی چائے ہمارے جسم کے میٹابولیزم کو 4 سے 5 فیصد تک بڑھاتی ہے اور یہ چائے جسم کی چربی کو فیٹی ایسڈز میں منتقل کرتی ہے جس سے چربی جلنے کا پراسس 17 فیصد تک تیز ہو جاتا ہے اور چونکہ اس چائے میں بہت ہی کم کیلوریز ہوتی ہیں چنانچہ جہاں موٹاپا کم ہوتا ہے وہاں صحت مند وزن کو قائم رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
نمبر 7 تیز مصالحے والے کھانے
تیز مصالحے والے کھانے خاص طور پر کالی مرچ میں ایسے کیمیا پائے جاتے ہیں جو میٹابولیزم کو بوسٹ کر دیتے ہیں اور ماہرین کا کہنا کے کہ کالی مرچ والا ہر کھانا 10 اضافی کیلوریز جلاتا ہے یعنی میٹابولک ریٹ کو ہائی کردیتا ہے۔
نمبر 8 رات میں پُوری نیند لیں
بے نیندی یا رات کو نہ سونا یا پُوری نیند نہ لینا موٹاپے کی ایک بڑی وجہ ہے اور یہ عمل ہمارے میٹابولیز کو بہت سُست کر دیتا ہے اس لیے سونے کے اوقات پر سو جایا کریں اور مناسب وقت نیند لیا کریں تاکہ جلدی بُوڑھے ہونے سے بچے رہیں اور صحت مند زندگی سے لُطف اندوز ہوتے رہیں۔
نمبر 9 کافی پینا شروع کر دیں
غذائی ماہرین کی ریسرچ کے مُطابق کافی کا استعمال ہمارے میٹابولک ریٹ کو 3 سے 11 فیصد تک تیز کر دیتا ہے اور یہ ہمارے جسم کی جمی ہُوئی چکنائی کو پگھلنے میں مدد کرتا ہے اس لیے روزانہ ایک کپ کافی ضرور پیا کریں۔
نمبر 10 گھی اور کوکینگ آئل کی جگہ کوکونیٹ آئل استعمال کریں
ایک تحقیق کے مُطابق گری کے تیل میں موجود چکنائی میں ایسے فیٹ چینز ہوتے ہیں جو دُوسری چکنائی جیسے مکھن اور گھی وغیرہ کی نسبت ہمارے میٹابولیزم کو 12 فیصد تک زیادہ تیز کر دیتے ہیں اور یہ تیل آپ کو وزن کم کرنے میں انتہائی مدد گار ثابت ہوتا ہے اس لیے اپنی خوراک میں اسے شامل کریں اور گھی اور بازاری کوکینگ آئلز جو صحت کو تباہ کر کے رکھ دیتے ہیں اور آج کے اس زمانے میں دل کے بڑھتے ہُوئے امراض کی سب سے بڑی وجہ ہیں ان سے پرہیز کریں۔