گرمیوں کا موسم آ گیا ہے۔ ایسی حالت میں دھوپ، گرمی اور نمی کی وجہ سے پسینہ آنا کافی عام ہے۔ اس کے ساتھ ہی کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جو گرمی برداشت نہیں کرتے اور بہت زیادہ پسینہ بہاتے ہیں۔ بہت سے لوگوں کو پسینے کی وجہ سے اُس وقت شرمندگی کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے جب انہیں جوتے اُتارنے پڑتے ہیں کیونکہ پسینے کی وجہ سے ان کے جوتوں میں بدبو پیدا کرنے والے جراثیم اپنی افزائش تیزی سے کرتے ہیں اور ان کے جوتوں میں شدید بدبو پیدا ہو جاتی ہے۔
جوتوں کی بدبو کا مسئلہ مردوں اور عورتوں دونوں کو ہوتا ہے۔ جوتوں کو صحیح طریقے سے صاف کرنے کے بعد بھی بہت سے لوگوں کے جوتوں سے بدبو آتی ہے اور گرمی کے موسم میں یہ مسئلہ مزید بڑھ جاتا ہے۔ اگر آپ بھی ان لوگوں میں سے ہیں جن کے جوتوں سے بدبو آتی ہے تو اس آرٹیکل میں بتائے گئے کچھ آسان اور گھریلو ٹوٹکے اپنا سکتے ہیں جو آپکے جوتوں کی بدبو کو ختم کرنے میں بہت مددگار ثابت ہوں گے۔
نمبر 1 جوتے اور اسکے انسولز
اگر جوتوں میں بدبو پیدا ہو رہی ہے تو انہیں اسولز سمیت دھونا انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگا۔ جوتوں کو ان کے اندر موجود انسلوز سمیت دھوئیں اور انہیں دھونے کے لیے جراثیم کش ثابن وغیرہ استعمال کریں۔ جوتوں کو ٹھنڈے پانی سے دھوئیں اور دھونے کے بعد کھلی فضا میں خشک ہونے کے لیے رکھ دیں۔ اگر آپ کے جوتے لیدر وغیرہ کے بنے ہیں جسے آپ دھو نہیں سکتے تو ایسی صُورت میں آپکو بازار سے جوتوں کے جراثیم کش سپرے مل جائیں گے جو جوتوں میں بدبو پیدا ہونے سے روکتے ہیں اسکے علاوہ یہ سپرے آپ خود بھی ڈیٹول اور سپرٹ وغیرہ کو مکس کر کے بنا سکتے ہیں اور جوتے استعمال کرنے بعد ان میں سپرے بوتل سے یہ سپرے کر سکتے ہیں۔
نمبر 2 پھلوں کے چھلکے
جی ہاں، یہ بالکل سچ ہے۔ کچھ پھل جوتوں کی بدبو دور کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے کینو، مالٹا یا لیموں وغیرہ کے چھلکے لے کر رات کو جوتوں کے اندر رکھ دیں اور اگلی صبح نکال دیں ایسا کرنے سے جوتوں سے بدبو نہیں آئے گی۔
نمبر 3 دیودار کی لکڑی
رب کائنات نے دیودار کی لکڑی میں اینٹی فنگل خصوصیات رکھی ہیں اور اگر آپ اس لکڑی کے ٹکڑے وغیرہ کو رات بھر جوتوں کے اندر رکھیں تو یہ جوتوں سے جراثیموں کا خاتمہ کر سکتی ہے جس سے جوتوں کی بدبو ختم ہو جائے گی۔
نمبر 4 اینٹی بیکٹریل جرابیں
اگر آپ کے جوتے ایسے ہیں جن میں ہوا داخل نہیں ہوتی اور آپ کے جوتوں سے بدبو آتی ہے تو آپ کے لیے ضروری ہے کے اینٹی بیکٹریل جرابیں خریدیں جو بازار میں عام فروخت ہوتی ہیں یہ ایسے کپڑے سے بنتی ہیں جن میں جراثیم افزائش نہیں پا سکتے چنانچہ انہیں پہننے سے جوتوں میں بدبو پیدا نہیں ہوتی۔
نمبر 5 ڈیوڈورینٹ سپرے
جوتا پہننے سے پہلے اپنے پیروں پر ڈیوڈورنٹ سپرے استعمال کرنے سے بدبو پیدا کرنے والے بیکٹیریا اور فنگس سے نجات مل سکتی ہے۔ اس لیے آپ بازار سے کوئی اچھا ڈیوڈورنٹ لے کر استعمال کر سکتے ہیں۔ لیکن ذہن میں رکھیں کہ اگر جلد حساس ہے تو یہ جلد کے انفیکشن کا سبب بن سکتا ہے۔
نمبر 6 ٹھنڈی اور خشک جگہ جوتے رکھیں
جوتے اُتارنے کے بعد انہیں ٹھنڈی اور خشک جگہ پر رکھیں اس سے جوتوں کے اندر جراثیم اپنی پیداوار بڑھا نہیں پائیں گے اور جوتوں سے بدبو کا خاتمہ ہوگا۔
Feature Image Preview Credit: kallerna, CC BY-SA 3.0, via Wikimedia Commons