جوڑوں کے درد کے لیے 10 بہترین قدرتی علاج

Posted by

جوڑوں کا درد ایک تکلیف دہ اور دائمی بیماری ہے جس پر میڈیکل سائنس کی تحقیقات ابھی جاری ہیں اور ایلوپیتھی میں ذیابطیس کی طرح اس بیماری کا بھی کوئی مستقل علاج موجود نہیں ہے اس لیے بیماری سے نمپٹنے کے لیے ڈاکٹری میڈیسن کے ساتھ ساتھ دیگر طریقہ علاج کو آزمانہ اس بیماری کی تکلیف میں کمی لا سکتا ہے۔

اس آرٹیکل میں جوڑوں کے درد میں مبتلا افراد کے لیے 10 ایسے گھریلوعلاج شامل کیے جارہے ہیں جو اس بیماری کی تکلیف میں راحت کا سبب بنتے ہیں۔

نمبر 1 اچھی نیند

اچھی نیند انسان کی صحت کے لیے بہت زیادہ ضروری ہے لیکن جوڑوں کے درد میں مُبتلا افراد کا اچھی نیند لینا اور بھی زیادہ ضروری ہو جاتا ہے کیونکہ اچھی نیند جوڑوں کے درد میں تکلیف پر اثر انداز ہوتی ہے اور اس سے مریض کی نقل و حرکت کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔

اگر آپ جوڑوں کے درد میں مبتلا ہیں تو روزانہ 8 گھنٹے کی نیند لازمی لینا شروع کریں اور اگر رات کو اتنی دیر نہیں ہو سکتے تو دوپہر کو 1 سے 2 گھنٹے آرام کریں اور اگر بے نیندی کی شکایت ہے تو اپنے ڈاکٹر سے اس بات کا ذکر کریں تا کہ آپ کی نیند کا علاج ہو سکے۔

نمبر 2 ورزش

ریگولر ورزش مسلز اور جوائنٹس کو مضبوط بناتی ہے اور تحقیق سے یہ بات ثابت ہے کہ ایکسرسائز جوڑوں کے درد میں مُبتلا افراد کی نیند کو بہتر بناتی ہے اور ان میں بلا وجہ کی سُستی کا خاتمہ کرتی ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ برسک واک ( 3 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے زیادہ) تیراکی اور پانی میں ورزش کرنا جوڑوں کے درد میں انتہائی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔

نوٹ: ایسی ورزش کا انتخاب کریں جو جوڑوں پر زیادہ تناؤ نہ ڈالے۔

نمبر 3 یوگا

ایک تحقیق کے مطابق Lynger یوگا (یوگا کی ورزش) 6 ہفتے متواتر کرنے سے مُوڈ بہتر ہوتا ہے، سستی ختم ہوتی ہے اور دائمی درد میں راحت ملتی ہے لیکن اس ورزش کے نتائج 2 مہینے متواتر کرنے کے بعد نظر آنا شروع ہوتے ہیں اس لیے اسے مسلسل جاری رکھیں اور اس ورزش کو کرنے کا طریقہ آپ یوٹیوب وغیرہ سے سیکھ سکتے ہیں۔

نمبر 4 تائی چی

تائی چی چین کی مارشل آرٹ کی ایک قسم ہے جس میں اعضا کو آہستہ اور آرام سے حرکت دی جاتی ہے اور ساتھ میں گہرے سانس لیے جاتے ہیں اور تحقیق سے یہ بات ثابت ہے کہ اس مارشل آرٹ کو کرنے سے جوڑوں کے درد کی شکایت میں حیرت انگیز طور پر کمی واقع ہوتی ہے۔

نوٹ: آپ یوٹیوب سے تائی چی سیکھ سکتے ہیں اور اسے اپنی روزانہ کی روٹین میں آسانی سے شامل کر سکتے ہیں۔

نمبر 5 مساج

مساج فزیو تھراپی آپ کسی ماہر سے بھی کروا سکتے ہیں، فیملی ممبر سے بھی کروا سکتے ہیں اور خود بھی کر سکتے ہیں اور ماہرین کا کہنا ہےکہ درمیانے پریشر کا ایک مہینے تک مسلسل مساج جوڑوں کے درد کی تکلیف کو کم کرتا ہے اور جوڑوں کو مضبوط بنانے کیساتھ ان کی حرکت میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔

نمبر 6 خوراک

آپ کی خوراک جہاں آپ کے سارے جسم کی صحت پر اثر انداز ہوتی ہے وہاں کئی بیماریاں اس سے کنٹرول کی جاسکتی ہیں اور جوڑوں کے درد پر ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق اس بیماری میں اگر خوراک پر توجہ دی جائے اور خوراک میں ایسے کھانے جو اینٹی انفلامیٹری اور اینٹی آکسائیڈینٹ خوبیاں رکھتے ہوں جیسے کچی اور اُبلی ہوئی سبزیاں، مصالحے خاص طور پر ہلدی اور ادرک، تازہ پھل اور دہی وغیرہ کو روزانہ کی بنیاد پر شامل کیا جائے تو جوڑوں کے درد میں آرام ملتا ہے۔

نمبر 7 پرو بائیوٹیک سپلیمنٹ

پروبائیوٹیک انسان کی صحت کے دوست بیکٹریا ہیں جو عام طور پر دہی وغیرہ میں کھائے جاتے ہیں اور اسکے سپلیمنٹ بھی فارمیسی پر بغیر ڈاکٹر کی پرچی کے مل جاتے ہیں اور ایک تحقیق کے مطابق 8 ہفتے روزانہ پروبائیوٹیک سپلیمنٹ کھانے سے جوڑوں کے درد میں خاطر خواہ کمی پیدا ہوتی ہے اور اعضا کی سوزش میں بھی آرام ملتا ہے۔

نمبر 8 فش آئل

ماہرین کا کہنا ہے کہ فش آئل سپلینٹ میں شامل اومیگا تھری فیٹی ایسڈ جوڑوں کے درد میں کمی پیدا کرتے ہیں اور سوزش میں کمی لاتے ہیں اس لیے اس بیماری میں اپنے ڈاکٹر سے مشورے کے بعد فش آئل سپلیمنٹ شامل کریں اور انہیں کم از کم 3 مہینے جاری رکھیں تاکہ آپ کو بہتر نتائج مل سکیں۔

نمبر 9 ٹھنڈی اور گرم ٹکور

اگر جوڑوں پر سوزش ظاہر ہو رہی ہے تو اس پر برف ملنا جہاں درد میں راحت کا سبب بنتا ہے وہاں سوزش میں بھی فوری کمی پیدا ہوتی ہے اسی طرح گرم پانی سے شاور لینا اور تولیہ وغیرہ کو گرم کر کے متاثرہ حصے پر رکھنا بھی تکلیف میں راحت پیدا کرنے کا سبب بنتا ہے۔

نمبر 10 لیمن گراس ایزنشل آئل

لیمن گراس کے تیل میں اینٹی انفلامیٹری خوبیاں شامل ہیں اور ماہرین کا کہنا ہے کہ لیمن گراس کا تیل متاثرہ جوڑ پر آہستہ آہستہ روزانہ مالش کرنے سے درد کی شکایت میں آہستہ آہستہ کمی پیدا کرتا ہے اور سوزش کے خاتمے کا باعث بنتا ہے۔

نوٹ: جوڑوں کے درد میں صحت مند خوراک، ذہنی تناؤ کی مینجمینٹ، ورزش آپ کی زندگی کی کوالٹی میں بہتری لانے کا سبب بنے گی اور آپ کی صحت کو دن بہ دن بہتر بنائے گی اس لیے ان تینوں چیزوں کو اپنی زندگی میں شامل کریں تاکہ اس تکلیف دہ بیماری میں سکون حاصل کر سکیں۔

Featured Image Preview Credit: https://www.myupchar.com/en, CC BY-SA 4.0, via Wikimedia Commons