جگر ہمارے جسم کا اہم ترین عضو ہے۔ ہمارے خون میں جوبھی زہریلے مادے پائے جاتے ہیں جگرہی ان کو خون سے صاف کرنے میں مدد دیتا ہے ۔ جگر رنگت میں گہرا سرخ اور گوشت کی مانند ہوتا ہے۔یہ جسم کے دائیں جانب پپسلیوں کی نچلی طرف موجود ہوتا ہے۔ اس کا وزن تین پاؤنڈ تک ہو سکتا ہے۔ جگر خون صاف کرنے کے ساتھ ساتھ 500 سے زیادہ مختلف جسمانی سرگرمیاں انجام دینے والا عضو ہے لیکن اگر یہ خراب ہو جائے تو صحت کو برباد کرنے کیساتھ زندگی کا نقصان کر دیتا ہے۔
اس آرٹیکل میں 10 ایسے کھانے شامل کیے جارہے ہیں جو جگر کی حفاظت کرتے ہیں اور اسے خراب نہیں ہونے دیتے اور اگر آپ اپنے جگر کو صحت مند اور توانا رکھنا چاہتے ہیں تو آج ہی مندرجہ ذیل صحت مند غذاؤں کو اپنی خوراک کا حصہ بنائیں۔
لہسن
آپ لہسن کے ذائقہ کو پسند کریں یا نا پسند،لیکن لہسن ایسے مادوں سے لبریز ہے جو جگر کی صحت کے لئے فائدہ مند ہوتے ہیں۔لہسن میں وافر مقدار میں سلینیم پایا جاتا ہے جو جسم میں اینٹی آکسیڈینٹس کا کام کرتا ہے۔
لہسن میں آرجینائن نامی امائنو ایسڈ بھی پایا جاتا ہے جو بلڈ پریشر کو کنٹرول کرتا ہے اور جگر کو خون صاف کرنے میں مدد دیتا ہے۔
اس کے علاوہ لہسن وٹامن B6 اور وٹامن سی سے بھی مالا مال ہوتا ہے۔وٹامن B6 جگر کو سوزش )ہیپاٹائٹس(سے محفوظ رکھتا ہے جبکہ وٹامن سی جگر کے سیلز کو نقصان دہ زہریلے مادوں سے محفوظ رکھتا ہے۔
زیتون کا تیل
مناسب مقدار میں خالص زیتون کا تیل جگر کی صحت کیلئے کسی معجزہ سے کم نہیں۔ اس میں وافر مقدار میں لپڈ بیس پائی جاتی ہے جو خون کو زہریلے مادوں سے صاف کرنے میں مدد کرتی ہے۔
سبزیاں اور جڑی بوٹیاں
تحقیق سے یہ ثابت ہوا ہے کہ سبز پتوں والی سبزیاں جگر کی حفاظت کرتی ہیں۔ ساگ ، پالک اور چکوری خون سے زہریلے مادوں کو صاف کرنے میں مدد دیتی ہیں۔
چقندر قدرتی طور پر خون کو صاف کرتا ہے جس سے جگر کی صحت میں اضافہ ہوتا ہے۔ بروکلی، گوبھی اور بند گوبھی خون سے زہریلے مادوں کو صاف کرنے کے لئے انزائمز پیدا کرنے میں جگر کی مدد کرتی ہیں۔
سبز چائے
سبز چائے میں وافر مقدار میں اینٹی آکسیڈینٹس اور فلیونائڈز پائے جاتے ہیں۔ غذائی ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ ان مادوں کی ہی وجہ سے سبز چائے جسم کو مختلف قسم کے کینسر سے محفوظ رکھتی ہے۔
چکوترا
چکوترا نہ صرف وٹامن سی سے مالامال ہوتا ہے بلکہ اس میں گلوٹاتھائیون بھی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ یہ جسمانی گروتھ، اعضاء کے ٹشوز کی بحالی، پروٹین کی پیداوار اور مدافعاتی نظام کی بہتری میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ایک درمیانے سائز کے چکوترے میں 90 ملی گرام گلوٹاتھائیون موجود ہوتا ہے جو خون صاف کرنے میں جگر کی مدد کرتا ہے۔
اخروٹ
اخروٹ میں بھی لہسن کی طرح آرجینائن کے ساتھ ساتھ وافر مقدار میں گلوٹاتھائیون اور اومیگا تھری پائے جاتے ہیں جو خون سے زہریلے مادوں کے اخراج میں جگر کی حفاظت کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ اخروٹ میں اینٹی آکسیڈینٹس بھی پائے جاتے ہیں جو جگر میں چربی جمع ہونے سے روکتے ہیں
سیب
سیب 34 سےزائد امراض کے لئے فائدہ مند ہے۔سیب پکٹن سے بھرپور ہوتے ہیں جو جسم کو صاف کرنے اور نظام انہظام کی نالی سے زہریلے مادے نکالنے کے لئے ضروری ہوتا ہے۔
ہلدی
ہلدی میں وافر مقدار میں کرکیومن پایا جاتا ہے جو کہ اینٹی آکسیڈینٹس ہے اور خون کی نالیوں کو سوزش سے بچاتا ہے۔ یہ نظام انہظام کو بہتر بناتا ہے اور جگر کو صاف کرتا ہے۔ کرکیومین جگر کے سیلز کی حفاظت کرتا ہے انہیں کسی بھی قسم کے نقصان سے بچاتا ہے۔ کھانے میں تھوڑی سی ہلدی شامل کرنے سے کھانا نہ صرف مزیدار ہوجاتا ہے بلکہ صحت کے لئے بھی فائدہ مند ہوتا ہے۔
لیموں
لیموں میں وٹامن سی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے ۔ یہ زہریلے مادوں کو پانی میں حل کرنے میں مدد دیتا ہے جس سے یہ مادے آسانی سے جسم سے خارج ہو جاتے ہیں۔
ایووکاڈو
یہ جگر کے لئے نہائیت اہمیت کا حامل پھل ہے ۔ اس میں گلوٹاتھائیون کے ساتھ ساتھ وافر مقدار میں وٹامن سی، کے اور ای پائے جاتے ہیں جوجگر کے سیلز کو نقصان سے بچانے کے لئے اینٹی آکسیڈینٹس کا کام کرتے ہیں۔
اس میں موجود وٹامن ای اور کے اینٹی سوزش کا کام کرتے ہیں جو جگر کو مضر اثرات سے بچاتے ہیں۔ ایووکاڈو خون میں کولیسٹرول کے لیول کو بھی کنٹرول کرتا ہے۔
نوٹ: خوراک کیساتھ روزانہ ورزش کو اپنی روٹین کا حصہ بنائیں کیونکہ اگر آپ کا جسم ورزش کرنے کا عادی نہیں ہے تو عُمر کے بڑھنے کے اثرات اس پر بہت جلد پڑنے شروع ہو جائیں گے اور آپ کی قوت مدافعت کمزور ہوتی چلی جائے گی ۔
Featured Image Preview Credit: BruceBlaus. When using this image in external sources it can be cited as:Blausen.com staff (2014). "Medical gallery of Blausen Medical 2014”. WikiJournal of Medicine 1 (2). DOI:10.15347/wjm/2014.010. ISSN 2002-4436., CC BY 3.0, via Wikimedia Commons