ایک سروے رپورٹ کے مطابق آج کے لوگ 100 سال پہلے کے لوگوں سے 20 فیصد زیادہ کیلوریز استعمال کر رہے ہیں اور اگرچہ آج کی میڈیکل سائنس خوراک کے متعلق بہت سے معلومات فراہم کرتی ہے لیکن انسان اپنی مصروفیات زندگی میں کھانے کے قوانین فراموش کر دیتا ہے اور پھر یہ غلط عادت بہت سی بیماریوں کو جنم دیتی ہے۔
کھانے کے قوانین کی پابندی اور مختلف کھانوں کے اوقات پر انہیں کھانا صحت کو بہتر بناتا ہے اور اگر کھانے کے اوقات کا خیال نہ کیا جائے تو یہ صحت کو خراب کرتا ہے جیسے اگرچہ سیب ایک انتہائی فائدہ مند پھل ہے لیکن اگر غلط وقت پر کھا لیا جائے تو یہ پیٹ خراب کرنے کا باعث بنتا ہے۔
اس آرٹیکل میں آپ کی خوراک کے متعلق معلومات میں اضافے کے لیے چند ایسے کھانے شامل کیے جارہے ہیں جنہیں اگر غلط وقت پر کھایا جائے تو یہ صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں۔
نمبر 1 کیلا: کیلا اگرچہ سُپر فوڈ ہے جو صحت کے لیے انتہائی مفید ہے لیکن اگر اسے نہار مُنہ کھایا جائے تو یہ نقصان دہ ثابت ہوتا ہے کیونکہ خالی پیٹ یہ جسم کو فوری طور پر توانائی تو فراہم کرتا ہے لیکن اسے کھانے کے کُچھ دیر بعد دوبارہ بھوک لگتی ہے اور کمزوری محسوس ہوتی ہے اور اگر کسی کو آئی بی ایس ( پاخانے کی بیماری) ہے تو نہار مُنہ کیلا کھانے سے اسے ڈائریا ہو سکتا ہے اس لیے اگر آپ ناشتے میں کیلا کھانے کے عادی ہیں تو اسے اکیلا مت کھائیں اور اس کے ساتھ دُوسرے کھانوں کو ملا کر کھائیں۔
نمبر 2 چائے اور کافی: بہت سے لوگ صبح اُٹھتے ہی چائے یا کافی پینا پسند کرتے ہیں اور اس ڈرنک سے انہیں انرجی حاصل ہوتی ہے لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ صبح بیدار ہونے کے بعد جسم ایک خاص ہارمون کورٹیسل پیدا کرتا ہے اور چائے یا کافی اس ہارمون پر اثر انداز ہوتی ہے اس لیے بہتر ہے کے اُٹھنے کے 1 گھنٹے بعد تک اسے استعمال نہ کیا جائے۔ ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ کھانے سے پہلے چائے اور کافی کا استعمال جسم کی کیفین کے لیے برداشت میں اضافہ کرتا ہے اس لیے اس ڈرنک کو ضرور استعمال کریں لیکن ایک حد کے اندر اور شام کے بعد اسے استعمال نہ کریں ورنہ نیند کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
نمبر 3 چاول: چاول سب کی من پسند خوراک ہے اور بریانی دیکھ کر مُنہ میں پانی آ جاتا ہے لیکن ڈاکٹر حضرات کا کہنا ہے کہ چاول میں ایسے کاربوہائیڈریٹ ہوتے ہیں جو ہضم ہونے میں وقت لیتے ہیں اور اگر چاول رات کے وقت کھائے جائیں تو کاربوہائیڈریٹس جسم کو موٹا کرنے کا باعث بنتے ہیں اس لیے چاول کو رات کے کھانے میں کم مقدار میں استعمال کریں اور دوپہر کو انہیں کھانا زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
نمبر 4 میٹھا کھانا: میٹھا کھانے سے ہر عمر میں پرہیز ہی بہتر ہے لیکن مزیدار میٹھے کھانے دیکھ کر ہاتھ کو روکنا آسان نہیں ہوتا، ماہرین کا کہنا ہے کہ میٹھے کھانے کو بطور سنیک استعمال کرنا خون میں شوگر لیول کو تیزی سے بُلند کرتا ہے لیکن اگر کھانا کھانے کے بعد تھوڑا میٹھا کھا لیا جائے تو یہ خون میں شوگر کو اتنی تیزی سے اوپر نہیں لیکر جاتا جتنا خالی پیٹ لیکر جاتا ہے۔
نمبر 5 دُودھ: کُچھ لوگ دُودھ کو صبح کو پینا پسند کرتے ہیں کیونکہ یہ عادت انہیں بچپن سے لگی ہوتی ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ بالغ افراد کے لیے دُودھ کو صبح کے وقت پینا نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ یہ جلدی ہضم نہیں ہوتا اور دن کے اوقات میں دُوسرے کھانوں کے ساتھ اسکا استعمال نظام انہظام پر بوجھ بن جاتا ہے لیکن رات کے وقت ایک گلاس گرم دُودھ کا استعمال جسم کو سکون دینے کا باعث بنتا ہے اور نیند کو بہتر بناتا ہے اس لیے بالغ افراد کو چاہیے کے وہ دُودھ کو رات کے وقت نیم گرم استعمال کریں۔
نمبر 6 گوشت: گوشت توانائی کا خزانہ ہے لیکن یہ جلدی ہضم نہیں ہوتا اس لیے بہتر ہے کہ رات کے وقت اسے کھاتے ہی بستر پر سونے کے لیے نہ جایا جائے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ رات کو اگر گوشت کھانا ہو تو گوشت کھانے کے 3 گھنٹے بعد تک سونے کے لیے جانا اچھی عادت نہیں ہے اور یہ صحت کو نقصان پہنچاتی ہے۔
نمبر 7 ڈرائی فروٹس: ڈرائی فروٹس بہترین چکنائی اور توانائی سے بھرپُور ہوتے ہیں اس لیے رات کے وقت ان کا زیادہ استعمال نظام ہضم کے لیے مسائل پیدا کرتا ہے اور نیند میں خرابی کا باعث بنتا ہے اس لیے انہیں ناشتے کے اوقات میں کھانا ان کی افادیت کو چار چاند لگا دیتا ہے۔
نمبر 8 سیٹرس فروٹس: کینو، مالٹا، مسمی، لیموں وغیرہ ایسے کھانے ہیں جنہیں سیٹرس فروٹس کہا جاتا ہے اور یہ صحت کے لیے انتہائی مفید ہوتے ہیں کیونکہ ان میں وٹامن سی کی ایک بڑی مقدار شامل ہوتی ہے جو ہمارے ایمیون سسٹم کو طاقتور بناتی ہے لیکن کھانے کے دوران اور کھانے کے فوراً بعد ان کا استعمال ہاضمے کے عمل میں رکاوٹ پیدا کرتا ہے اس لیے انہیں کھانے کے دوران اور فوراً بعد استعمال نہ کریں اور ان کا جُوس وغیرہ پینے کے لیے کھانے کے بعد وقفہ دیں۔
نمبر 9 سیب: یہ بات غلط نہیں ہے کہ ایک سیب روزانہ کھانا ڈاکٹر سے دُور رکھتا ہے لیکن شام کے اوقات میں سیب کو کھانا معدے میں تیزابیت کا باعث بن سکتا ہے اسی طرح رات کے وقت میں سیب کا استعمال پیٹ میں گیس پیدا کرتا ہے اس لیے سیب کو ناشتے میں استعمال کریں۔
نمبر 10 دہی: خالی پیٹ دہی کو نہیں کھانا چاہیے اور نہ ہی کھانے سے پہلے اس کا استعمال کرنا چاہیے کیونکہ اس میں لیکٹیک ایسڈ پایا جاتا ہے جو معدے میں فائدہ مند تیزابیت کو کم کر دیتا ہے اور ہضم کے عمل کو سُست کرنے کا باعث بنتا ہے۔
دہی کو کھانے کے لیے بہترین وقت کھانا کھانے کے 1 سے 2 گھنٹے بعد کا ہے اور رات کے وقت سونے سے پہلے دہی کھانا بھی جسم کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے کیونکہ یہ پیٹ کو بھرا رکھتا ہے اور نیند کو بہتر بناتا ہے۔