دوسروں کے ہاتھوں بیوقوف بننے سے بچنے کے06 موثر طریقے

Posted by

علامہ اقبا ل کے مطابق انسان کو درد دل کے واسطے پیدا کیا گیا ہے۔ لیکن ہماری دنیا ایسے لوگوں سے بھری پڑی ہے جو دوسروں کو اپنے فائدے کے لئے استعمال کرتے ہیں۔وہ اپنا کام نکلوانے کیلئے ، اپنا مقصد پورا کرنے کے لئے یا پھر اپنا الو سیدھا کرنے کیلئے دوسروں سے ہمدردانہ یا پھر دوستانہ رویہ رکھتے ہیں۔ ایسے لوگ اپنا کام نکلوانے کے لئے منہ پر بہت میٹھے بنتے ہیں ۔اور کام ہو جانے کے بعد ٹشو پیپر کی طرح استعمال کر کے پھینک دیتے ہیں۔ہم میں بہت سے لوگ اتنے سادہ ہوتے ہیں کہ انہیں معلوم ہی نہیں ہو پاتا کہ ان کے ساتھ یہ سب ہو رہا ہے ۔ آج کے اس آرٹیکل میں ہم آپ کو ایسے طریقے بتائیں گے جنکو استعمال کرکے آپ ان شرپسندوں سے خود کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

اپنے بنیادی انسانی حقوق کو پہچانیں

اگر آپ ایسے لوگوں سے خود کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو یہ ضروری ہے کہ آپ اپنے بنیادی حقوق کو جانیں اور یہ پہچان سکیں کہ کب آپ کے بنیادی حقوق متاثر ہو رہے ہیں۔ ہمارے کچھ بنیادی انسانی حقوق مندرجہ ذیل ہیں

آپ کا حق ہے کہ

  • آپ سے عزت سے بات کی جائے
  • آپ اپنے جذبات، احساسات اور آراء کا اظہار کریں
  • آپ اپنی ترجیحات خود منتخب کریں
  • آپ شرم محسوس کئے بغیر "نہیں ” کہ سکیں
  • آپ دوسروں سے مختلف رائے رکھ سکیں
  • آپ صحت مند اور خوشگوار زندگی گزاریں

یقیناہمارا معاشرہ ایسے لوگوں سے بھرا ہوا ہے جو ان حقوق کا احترام نہیں کرتے۔ اپنے فائدے کے لئے آپ کو استعمال کرنے والے دراصل آپ کو ان حقوق سے محروم کرنا چاہتے ہیں۔آپ خود میں اس بات کو برملا کہنے کا حوصلہ پیدا کریں کہ آپکی زندگی پر آپکا حق ہے اور اسے آپ اپنی مرضی سے جینا چاہتے ہیں۔

فاصلہ رکھیں

اپنے فائدے کیلئے استعمال کرنے والے لوگوں کو تلاش کرنے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ ایسے شخص مختلف لوگوں کے ساتھ مختلف طرزعمل اپناتے ہیں ۔ ایسے لوگ ایک شخص کے ساتھ نہائت شائستہ رویہ جبکہ کسی دوسرے شخص کے ساتھ بدتمیزی اور گستاخانہ رویہ اپناتے ہیں ۔ اگر آپ کسی شخص میں مستقل طور پر ایسا رویہ دیکھیں تو فورا اس سے مناسب فاصلہ اختیار کریں اور انکی طرف مائل ہونے سے گریز کریں

جواب دینے کے لئے وقت لیں

ایسا شخص آپ پر دباوبڑھا تا ہے تاکہ آپ کو کنٹرول کر سکے اور اپنی مرضی کا کام نکلوا سکے۔ اس لئے ان حالات میں ایسے شخص کی باتوں میں آنے کی بجائے وقت لیں ، سوچیں، ایسے شخص کے اثر سے نکلیں اور اس سے فاصلہ اختیار کریں۔آپ اسے یہ کہ کر جواب دے سکتے ہیں ” میں اسکے بارے میں غور کروں گا یا پھر اس کے بارے میں سوچوں گا”۔

سیاسی طریقے سے "نہیں” کہنا سیکھیں

سیاسی اور ڈپلومیٹک طریقے سے "نہیں ” کہنا اپنا الو سیدھا کرنے والے عناصر سے آپ کو محفوظ رکھتا ہے۔ایسا کرنے سے رشتہ بھی محفوظ رہتا ہے اور ایسے شخص کو پیغام بھی مل جاتا ہے کہ یہاں دال نہیں گلنے والی۔

بدمعاشی کا احسن طریقے سے سامنے کریں

بعض اوقات ایسے شخص اپنا فائدہ نکالنے کے لئے بدمعاشی پر اتر آتے ہیں اور ڈرا دھمکا کر آپ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔یہ غنڈے ان لوگوں کو ٹارگٹ کرتے ہیں جو کمزور ہوتے ہیں۔ اس لئے جب تک آپ ان کا بہادری سے مقابلہ نہیں کریں گے آپ ایسے لوگوں کے ریڈار پر رہیں گے ۔یاد رکھیں ایسے لوگ اندر سے ڈرپوک ہوتے ہیں۔ جب ان کا ٹارگٹ مقابلہ کرتا ہے اور اپنے حقوق کے لئے کھڑا ہوتا ہے تو یہ ڈر جاتے ہیں اور پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔

نتائج کے بارے میں سوچیں

جب آپ ایسے شخص کی جانب سے بچھائے گئے جال اوردی جانے والی آفرز کے نتائج کے بارے میں سوچتے ہیں۔ اس کے فوائد اور نقصان کے بارے میں غور و فکر کرتے ہیں تو آپ کافی حد تک خود کو ایسے لوگوں کے ہاتھوں استعمال ہونے سے اور خود کو بیوقوف بننے سے بچا سکتے ہیں۔