سائنس کے مُطابق ضرورت سے زیادہ سردی لگنے کی اہم وجوہات

Posted by

موسم سرما میں سردی لگنا ایک عام بات ہے لیکن اگر یہ سردی ضرورت سے زیادہ لگ رہی ہے اور آپ کو اس سے نپٹنے کے لیے زیادہ کپڑے پہننے پڑ رہے ہیں ہیں اور گرم جگہ پر بیٹھنے کے باوجود اگر آپ کے ہاتھ پاؤں گرم نہیں ہو رہے تو اس کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں جن پر دھیان دینا ضروری ہے۔

اس آرٹیکل میں ضرورت سے زیادہ سردی لگنے کی چند اہم وجوہات کا ذکر کیا جائے گا جنہیں پڑھنے کے بعد آپ جان پائیں گے کہ آپ کو سردی زیادہ کیوں لگتی ہے اور اس کے لیے آپ کو کیا کرنا چاہیے۔

نمبر 1 تھائیرائیڈ گلائینڈ

تھائیرائیڈ گلائینڈ گردن کے نیچے گلے میں موجود ہوتا ہے اور یہ ایسے ہارمونز پیدا کرتا ہے جو ہمارے میٹابولیزم کو کنٹرول کرتے ہیں، اس کے علاوہ بھی یہ گلائینڈ جسم میں کئی اہم افعال سرانجام دیتا ہے جیسے کہ سانس کو کنٹرول کرنا، دل کی دھڑکن، جسمانی وزن، کولیسٹرال لیول وغیرہ وغیرہ اور ان افعال کے ساتھ اس کا ایک اہم کام ہمارے جسم کے درجہ حرارت کو کنٹرول کرنا بھی ہوتا ہے۔

اگر یہ گلائینڈ کمزور ہو جائے تو جسم میں اس گلائینڈ کے ہارمونز کی کمی ہوجاتی ہے جسکے نتیجے میں ہم زیادہ سردی محسوس کرنا شروع کر دیتے ہیں، ایسی صُورت میں ڈاکٹر سے رابطہ کرنا ضروری ہوتا ہے تاکہ علاج کے ذریعے اس گلائینڈ کی مرمت کی جاسکے۔

نمبر 2 جسم میں آئرن کی کمی

ہمارے خُون میں آئرن کی کمی بھی ہمارے جسم کا درجہ حرارت کم کرنے کا باعث بنتی ہے کیونکہ آئرن کی کمی سے خُون کے سُرخ خُلیے ٹھیک طرح کام نہیں کر پاتے اور نتیجتاً ہمارے جسم کا درجہ حرارت کم ہوجاتا ہے ایسی صُورت میں آئرن سے بھر پُور کھانے جیسے سُرخ گوشت سبز پتوں والی سبزیاں، آلو اور فروٹس کھانے سے اس کمی کو پُورا کیا جاسکتا ہے اسکے علاوہ آئرن سپلیمنٹ کھانے سے بھی یہ کمی پُوری کی جاسکتی ہے۔

نمبر 3  خوراک

زیادہ سردی لگنے کی ایک بڑی وجہ ہماری خوراک ہے اگر آپ خوراک میں ایسے کھانوں کا استعمال کرتے ہیں جن کی تاثیر گرم ہے جیسے خُشک میوہ جات، مچھلی، اناج اور گرم مشروبات وغیرہ تو یہ ہمارے جسم کے درجہ حرارت کو بڑھاتے ہیں لیکن اگر آپ ایسے کھانے کھاتے ہیں جو ٹھنڈے ہیں جیسے آئسکریم، سبزیاں یا ٹھنڈے ڈرنکس تو وہ ہمارے جسم کا درجہ حرارت کم کرنے اور سردی لگنے کا باعث بنتے ہیں۔

نمبر 4 حاملہ خواتین

حاملہ خواتین کو عام طور پراینیمیا اور دوران خون کا مسلہ پیدا ہوتا ہے اور اگر موسم سرد ہو تو ایسے موسم میں حاملہ خواتین کو زیادہ سردی لگنے کی شکایت پیدا ہوتی ہے، ایسے موقع پر اپنے ڈاکٹر سے رابطہ کریں تاکہ وہ آپ کی خوراک میں وٹامنز اور منرلز خاص طور پر آئرن وغیرہ شامل کرے۔

نمبر 5 جسم میں پانی کی کمی

سردیوں میں عام طور پر زیادہ پیاس نہیں لگتی اور لوگ پانی پینے پر توجہ بھی نہیں دیتے اور اسی لیے پانی کی کمی کا شکار ہوجاتے ہیں، پانی کی کمی سے ہمارا میٹا بولیزم کمزور ہوتا ہے اور ہمارا جسم مناسب توانائی اور حرارت پیدا کرنا بند کر دیتا ہے اور نتیجتاً ہمیں زیادہ سردی لگتی ہے اس لیے گرم ہو یا سردی روزانہ کم از کم 8 گلاس پانی ضرور پینا چاہیے۔

نمبر 6 ہارمونز کی خرابی

ہارمونز کی خرابی بھی موسم کی شدت میں ہمارے جسم کا درجہ حرارت کم رکھنے کا باعث بنتی ہے اور اس خرابی کا شکار زیادہ تر خواتین ہوتی ہیں اور ایسی صُورت میں اُن کے ہاتھ پاؤں سرد رہتے ہیں اور وہ زیادہ سردی محسوس کرتی ہیں، اگر آپ کے ہاتھ پاؤں سرد رہتے ہیں اور جرابیں وغیرہ پہننے اور گرم ماحول میں بیٹھنے کے باوجود گرم نہیں ہوتے تو ڈاکٹر سے ایک دفعہ ضرور مل لیں۔

نمبر 7 خُون کی ترسیل ٹھیک نہ ہو تو

ہاتھوں اور پاؤں کا مسلسل ٹھنڈے رہنا اس بات کو بھی ظاہر کر تا ہے کہ جسم میں خُون کی ترسیل کا نظام ٹھیک کام نہیں کر رہا اور اس نظام کیساتھ ساتھ یہ اس بات کی بھی نشانی ہے کہ دل بھی ٹھیک کام نہیں کر رہا اس لیے ڈاکٹر سے رابطہ کریں اور اپنے دل کا مکمل معائینہ کراوائیں۔

نمبر 8 ذہنی تناؤ اور اضطراب

ان دونوں حالتوں میں بھی سردی زیادہ لگنی شروع ہو جاتی ہے کیونکہ ذہنی تناؤ اور ضطراب سے دماغ کے وہ حصے جو جسم کو خطرے کی حالت میں مطلع کرتے ہیں بیدار ہوجاتے ہیں اور مسلسل بیدار رہتے ہیں، مسلسل متحرک رہنے کے لیے اُنہیں زیادہ حرارت کی ضرورت ہوتی اور وہ یہ حرارت جسم کے باقی حصوں سے حاصل کر کے اُن حصوں کے درجہ حرارت میں کمی کا باعث بنتے ہیں چنانچہ ہمیں سردی لگنا شروع ہو جاتی ہے۔

نمبر 9 جسم کی بی ایم ائی اور وزن کم ہونا

اگر آپ کے جسم کی بی ایم آئی لیول کم ہے اور جسمانی وزن ضرورت سے زیادہ کم ہے تو یہ جہاں آپ کے پٹھوں کو کمزور کرنے کا باعث بنتا ہے وہاں ان کی کمی سے جسم کو زیادہ سردی محسوس ہوتی ہے خاص طور پر اگر جسم میں فیٹ کی کمی ہو، آپ دیکھیں گے کے موٹے افراد کا جسم سردیوں میں عام طور پر زیادہ گرم ہوتا ہے نسبت پتلے افراد کے اور اس کی بڑی وجہ اُن کے جسم موجود چربی ہے جو انہیں گرم رکھتی ہے۔

نمبر 10 عُمر بڑھنے سے بھی سردی لگتی ہے

عُمر کے بڑھنے کے ساتھ ساتھ ہمارے جسم کا اعضا کمزور پڑتے جاتے ہیں خاص طور پر ساٹھ سال کی عُمر کے بعد ہمارا میٹابولیزم کمزور ہوجاتا ہے اور ہمیں سردی زیادہ محسوس ہونی شروع ہو جاتی ہے ایسے موقع پر خوراک اور ماحول کا خاص خیال رکھنا بہت ضروری ہو جاتا ہے۔