سونے سے پہلے پاؤں دھونا صحت کے لیے حیرت انگیز فوائد رکھتا ہے

Posted by

کام چاہے گھر کا ہو یا دفتر کا یا کوئی اور جسمانی مشقت ہو ہمارے جسم اور دماغ کو تھکاوٹ میں مُبتلا کر دیتا ہے اور اگرچہ اچھی خوراک مناسب وزرش اور ٹھیک وقت پر مناسب نیند جسم و دماغ کی اس تھکاؤٹ کو قُدرتی طور پر ٹھیک کر دیتی ہے مگر آج کل کے اس ذہنی تناؤ کے دور میں اچھی نیند حاصل کرنا بھی بہت سے لوگوں کے لیے ایک بڑی مُشکل ہے اور اس آرٹیکل میں اس بڑی مشکل کو آسان بنانے کے لیے ایک انتہائی آزمودہ اور آسان ٹوٹکا شامل کیا جا رہا ہے جو جہاں آپ کی نیند کو آسان بنائے گا وہاں آپ کی صحت پر کئی اور اچھے اثرات مرتب کرے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ رات کو سونے سے پہلے پاؤں کو پانی سے دھونا خاص طور پر پاؤں کے تلووں کر ہاتھوں سے رگڑ نا اور ان پر پانی بہانا ہمارے نظام انہظام کو بہتر بناتا ہے اور معدے کی گرمی کو ختم کرنے میں انتہائی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر نظام انہظام ٹھیک کام نہ کر رہا ہو تو رات کی نیند گہری نہیں ہوتی۔

پیروں کے نیچے ہوا کا بہاؤ اگر درست نہ ہو تب بھی جسم کی بے چینی میں اضافہ ہوتا ہے اور ماہرین کے نزدیک یہ بہاؤ سونے سے یا ٹانگوں کو سیدھا کر کے بیٹھنے سے بہتر ہوتا ہے اور وہ افراد جو دن میں زیادہ وقت کھڑے رہتے ہیں یا پاؤں زمین پر سیدھے رکھ کربیٹھتے ہیں اُن کے پاؤں کے نیچے ہوا ٹھیک طرح نہیں پہنچتی اور اگر آپ رات کو سونے سے پہلے پاؤں کو اچھی طرح مل کر پانی سے دھو ڈالیں تو جہاں پاؤں اچھی طرح صاف ہو جائیں گے وہاں پاؤں کے نیچے ہوا کا پریشر بھی پُوری طرح پہنچے گا اور جسم کو پُرسکون بنا کر نیند کو گہرا کرنے کا باعث بنے گا۔

ماہرین طب کا کہنا ہے کہ پاؤں کا جسم کے درجہ حرارت کے ساتھ گہرا تعلق ہے یہی وجہ ہے کہ جو لوگ سارا دن بند جُوتے اور جرابوں کا استعمال کرتے ہیں وہ اکثر پاؤں جلنے کی شکایت میں مُبتلا ہوجاتے ہیں اور پاؤں کے جلنے کی یہ شکایت گرمی کے موسم میں پُورے جسم کے درجہ حرارت میں اضافہ کرنے کا باعث بنتی ہے اور جسم کو گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہونی شروع ہو جاتی ہے اس لیے ماہرین کا کہنا ہے کہ سونے سے پہلے پاؤں کو ٹھنڈے پانی سے اچھی طرح مل کر دھونا چاہیے تاکہ پاؤں صاف سُتھرے ہو جائیں اس سے جسم کا درجہ حرارت نارمل ہوتا ہے اور گہری نیند حاصل ہوتی ہے۔

چین کے قدیم طریقہ علاج ایکو پریشر کے ماہرین کے مطابق پاؤں میں ایسے پریشر پوائنٹس ہوتے ہیں جنہیں دبانے سے جسم اور دماغ کا تناؤ کم ہوتا ہے اور ذہن کو سکون ملتا ہے اور رات کو سونے سے پہلے پاؤں کو مل کر دھونا ان پریشر پوائنٹس کو تقویت دیتا ہے اور سارے جسم کے لیے سکون کا باعث بنتا ہے۔

جس طرح آپ اپنے جسم کے دیگر اعضا کا خیال رکھتے ہیں اپنی جلد اور بالوں کا خیال رکھتے ہیں اسی طرح پاؤں کا بھی مناسب خیال رکھیں اور رات کے وقت پاؤں دھوئے بغیر نہ سوئیں کیونکہ یہ جہاں آپ کے جسم کی پاکیزگی میں اضافہ کرے گا وہاں رات کی نیند کو گہرا بنائے گا اور رات کی گہری نیند جسم و دماغ کی صحت پر انتہائی اچھے اثرات مرتب کرتےہے۔