سونے سے پہلے 7 غلطیاں جو نیند میں ہمیں موٹا بناتی ہیں

Posted by

جسم کا اضافی وزن جہاں انسان کو سُست اور کاہل بناتا ہے وہاں کئی اور بیماریوں کا باعث بنتا ہے اور ایک تحقیق کے مطابق موٹاپا زندگی کو چھوٹاکر دیتا ہے۔ ماہرین کے مطابق جسم کے وزن کا بلا وجہ بڑھنا سونے سے پہلے کی عادات سے جُڑا ہُوا ہے اور اگر آپ وزن بڑھانے والی ان عادات کو پہچان کر انہیں ترک کر دیں گے تو جہاں آپ کی صحت بہتر ہو گی وہاں آپ کو موٹاپے سے بھی نجات ملے گی۔

اس آرٹیکل میں سونے سے پہلے کی 7 ایسی عادات کو شامل کیا جا رہا ہے جو سونے کے دوران ہمارے موٹا ہونے کا باعث بنتی ہیں اور ہماری صحت کو نقصان پہنچاتی ہیں۔

نمبر 1 رات گئے کھانا

ہم سب جانتے ہیں کہ شام 6 بجے کے بعد کھانا اچھی عادات نہیں ہے مگر پھر بھی زیادہ تر افراد رات گئے ڈنر کرتے ہیں اور سونے سے پہلے بھی سنیک وغیرہ کھاتے رہتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ رات گئے کھانا وزن بڑھنے کی ایک بڑی وجہ ہے اور یہ عادت ہمارے کولیسٹرال کو بڑھاتی ہے جسم میں انسولین لیول کو متاثر کرتی ہے اور ہارمونز کو خراب کر دیتی ہے اس لیے سونے سے کم از کم 2 گھنٹے پہلے کھانا کھا لینا چاہیے اور یاد رکھیں کہ آپ جو کیلوریز کھاتے ہیں اگر انہیں ورزش وغیرہ سے استعمال نہیں کرتے تو یہ کیلوریز آپ کے جسم میں چربی کی صورت میں جمع ہونا شروع کر دیتی ہیں۔

نمبر 2 سونے سے پہلے چائے اور کافی

رات کو سونے سے پہلے چائے اور کافی کا استعمال جہاں آپ کی نیند کو خراب کرتا ہے وہاں صحت بھی متاثر کرتا ہے اور جدید تحقیق کے مطابق سونے سے 6 گھنٹے پہلے چائے اور کافی نہیں پینی چاہیے کیونکہ کافی میں شامل کلورجینک ایسڈ کا سائنس کے مطابق موٹاپے سے گہرا تعلق ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ سونے سے پہلے چائے اور کافی کی عادت کو اگر سبز چائے کے قہوے سے بدل دیا جائے تو یہ صحت پر کئی اچھے اثرات مرتب کرتا ہے۔

نمبر 3 پوری نیند نہ لینا

ماہرین کے مطابق روزانہ 7 سے 8 گھنٹے کی نیند ہمارے جسم کے لیے ضروری ہے اور اگر یہ نیند نہ لی جائے تو صحت کو مسائل لاحق ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ جدید تحقیق کے مطابق نیند میں خلل اور نیند کی کمی کا ہمارے جسم کے میٹابولیز سے گہرا تعلق ہے اور یہ میٹابولیزم پر انتہائی بُرے اثرات پیدا کرتی ہے اور میٹابولیزم کی خرابی موٹاپے کا باعث بھی بن سکتی ہے۔

نمبر 4 ورزش

ورزش اور جسمانی نقل و حرکت موٹاپا کم کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں، ان سے جسم کا میٹابولیزم تیز ہوتا ہے اور اضافی کیلوریز جو جسم میں چربی کی صورت میں جمع ہوتی ہیں انہیں جلانے میں مدد ملتی ہے اور اگر آپ روزانہ 15 منٹ بھی پیدل چلتے ہیں تو اس سے آپ 100 کے قریب کیلوریز برن کر سکتے ہیں یعنی ایک ہفتے میں 700 کیلوریز اور اس روٹین سے آپ ایک سال میں 4 کلو سے زیادہ وزن کم کر سکتے ہیں۔

نمبر 5 سونے سے پہلے الیکٹرونک ڈیوائسسز کا استعمال

تحقیق سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ موبائل فون وغیرہ کی سکرین سے نکلنے والی بلولائٹ ہماری نیند میں خلل کا باعث بنتی ہے اور نیند کی خرابی موٹاپے کو پیدا کرنے کا ایک بڑا سبب ہے۔

نمبر 6 دیر سے بیدار ہونا

آپ یقین کریں یا نہ کریں لیکن ماہرین کا کہنا ہے صبح سویرے اُٹھنے والوں کے جسم میں چربی دیر سے اُٹھنے والوں کی نسبت کم ہوتی ہے اور وہ موٹاپے کا شکار نہیں ہوتے اور اسکی وجہ صبح سویرے کی روشنی ہے جو دیر سے اُٹھنے والوں کو نصیب نہیں ہوتی۔

نمبر 7 نا مناسب رنگ

ہلکا نیلا رنگ سکون کا باعث بنتا ہے اور اگر آپ اپنے بیڈ روم کو اور بستر کی چادر وغیرہ میں اس رنگ کو استعمال کریں گے تو یہ آپ کی نیند کو گہرا اور پر سکون بنانے کا باعث بنے گا اور سُرخ اور مالٹارنگ انرجی لیول کو بڑھاتے ہیں اور بھوک لگانے کا باعث بنتے ہیں اس لیے اپنے بیڈ روم میں استعمال ہونے والے رنگوں پر توجہ دیں اور اُن رنگوں کا انتخاب کریں جو سکون کا باعث بنتے ہیں۔