پانی کے ساتھ جسم کو ڈیٹوکس کرنا ایک انتہائی صحت مند عمل ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے جہاں فاسد مادے جسم سے خارج ہوتے ہیں وہاں وزن کم کرنے میں، جسم کی توانائی کو بحال کرنے میں، اور پیٹ کی جملہ بیماریوں سے چُھٹکارا حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔
اس آرٹیکل میں ہم 5 ایسی سادہ چیزوں کو شامل کر رہے ہیں جو پانی میں حل کر کے پینے سے صحت پر بیشمار اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
نمبر 1 سادہ نمک اور پانی
نمکین پانی بڑی آنت کی صفائی اور شدید قبض میں بہترین دوا کا کام کرتا ہے، ہمارا یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ ہمارے جسم کو روزانہ سوڈیم کی ایک مناسب مقدار کی ضرورت ہے اور نمک سوڈیم سے بھرپُور ہوتا ہے، سوڈیم ہمارے اعصاب اور پٹھوں کو تقویت دیتا ہے اور ہمارا بلڈ پریشر نارمل رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
1 سے 2 چائے کی چمچ بغیر آئیوڈین ملے نمک کو 4 کپ پانی میں حل کر کے صُبح نہار مُنہ غٹاغٹ پی لینے سے جہاں جسم کی سوڈیم کی مقدار پُوری ہوتی ہے وہاں وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے اور دائمی قبض اور پیٹ کی کئی اور بیماریوں سے چھٹکارا ملتا ہے۔
نمبر 2 لہسن ملا پانی
لہسن بلڈ پریشر، کولیسٹرال، دل اور کئی دائمی بیماریوں کے خاتمے کیساتھ ساتھ جسم کو بھاری مادوں سے صاف کرتا ہے اور وزن کم کرتا ہےلیکن کُچھ لوگ کچا لہسن کھانا پسند نہیں کرتے وہ لہسن بھگو کر بھی پی سکتے ہیں اس مقصد کے لیے 2 جوئے لہسن باریک کاٹ کر دس منٹ پڑا رہنے دیں اور پھر اسے ایک گلاس پانی میں 2 گھنٹے بھگو کر چھان کر پی لیں۔
نمبر 3 سیب اور دارچینی کا پانی
یہ دونوں چیزیں وزن کم کرنے میں انتہائی مدد گار غذائیں ہیں اور ان دونوں کو پانی میں بھگونے سے ان میں شامل اہم اینٹی آکسائیڈینٹس خاص طور پر وٹامن سی اور بی پانی میں شامل ہوجاتے ہیں اور یہ پانی پینے سے جہاں اور بہت سے فوائد حاصل ہوتے ہیں وہاں ذیابطیس کنٹرول کرنے، وزن کم کرنے، کولیسٹرال بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔
دو سیب لیکر باریک کاٹ لیں اور دو بڑی دارچینی کے ٹکڑے سیبوں کیساتھ ایک گلاسی مقدار پانی ڈالکر کسی مٹی کے برتن میں بھگو دیں اور یہ برتن 2 گھنٹے کے لیے فرج میں رکھ دیں اور 2 گھنٹے بعد چھان کر پی لیں۔
نمبر 4 کھیرے کی آئس کیوبز
ایک کھیرے کو کیوبز کی شکل میں کاٹ کر فریزیر میں فریز کر لیں اور پھر سادے پانی میں ڈال کر یہ پانی پیئں جسکے کئی فائدے ہیں ، اس سےجہاں آپ کی سوڈا پینے کی طلب کم ہوگی وہاں یہ آپ کے دماغ سے فاسٹ فُوڈ کھانے کی چاہت کو بھی کم کرے گا اور ان دونوں چیزوں سے پرہیز وزن کم کرنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
نمبر 5 کالی مرچ کا پانی
کالی مرچ اینٹی آکسائیڈینٹس سے بھرپُور مصالحہ ہے جو جلد کو جلد بُوڑھا نہیں ہونے دیتا اور دل کی بیماریوں میں اکسیر مانا جاتا ہے۔
وزن کم کرنے اور جسم کے بھاری مادوں کو خارج کرنے کے لیے دو گلاس پانی میں آدھی چمچ کالی مرچ موٹی پیس کر، ایک چمچ پیسا ہُوا ادرک، ایک چمچ شہد ڈالکر قہوہ بنا لیں اور اس قہوے میں ایک لیموں کا رس ڈالکر نوش فرمائیں۔