اللہ تعالی نے بنی آدم کو دنیا میں طرح طرح کی نعمتیں عطا کی ہیں ۔جن میں سبزیاں اور پھل بھی شامل ہیں۔ان پھلوں میں ایک پھل کیلا بھی ہے۔ یہ ہر موسم میں کھایا جانے والا لوگوں کا پسندیدہ پھل ہے۔کیلا جلد ہضم ہونے والا، ذائقے دار، صحت بخش اور سب سے زیادہ فروخت ہونے والا پھل ہے۔کیلا نہ صرف یورپی ممالک بلکہ پاکستان میں بھی کثرت سے پایا اور کھایا جاتا ہے۔کیلا صحت پر مثبت اثر ڈالتا ہے۔ افریقہ میں پائے جانے والے بن مانس ہونگو بھی کیلوں کے شوقین ہیں اور یہی انکی پھرتی اور طاقت کا راز ہے ۔ انسان اور کیلے کا DNA حیران کن طور پر 50 فیصد تک ملتا جلتا ہے۔
ہم میں سے بہت سے لوگ نہیں جانتے ہوں گے کہ روزانہ صرف دو کیلے کھانا انسانی صحت کے لئے نہائیت فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں اور ہمارے جسم پر کئی اچھے اثرات مرتب کرتے ہیں جن میں سے کچھ فوائد کا ذکر اس آرٹیکل میں کیا جارہا ہے ۔
انرجی کا پاور ہاؤس
طبی ماہرین کے مطابق کیلا انرجی کا پاور ہاؤس ہے ۔دو کیلے کھانے سے انسان کو اتنی انرجی ملتی ہے کہ وہ ڈیڑھ گھنٹہ تک مسلسل بہتر طریقے سے کام کرسکتا ہے۔وہ سستی اور تھکاوٹ کا شکار نہیں ہوتا اور اُس کا دماغ بہترین کارکردگی کرتا ہے۔
بلڈ پریشر میں کمی
کیلا ہائی بلڈ پریشر کو نمایاں طور پر کم کرتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہر کیلے میں 420 ملی گرام پوٹاشیم موجودہوتا ہے ماہرین کے نزدیک بلڈ پریشر کے مرض میں ایسے کھانے جو پوٹاشیم سے بھرپُور ہیں وہ اس مرض کو قابو کرنے کے لیے انتہائی مُفید ثابت ہوتے ہیں اور دل کی بیماریوں میں بھی پوٹاشیم کا استعمال دل کو تقویت دیتا ہے۔
موٹاپے سے نجات
کیلے میں فائبر وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ اس کو کھانے کے بعد انسان کافی دیر تک بھوک محسوس نہیں کرتا۔ کیلے میں سٹارچ بھی پایاجاتا ہے جو بھوک کو کم کرتا ہے اور موٹاپے سے نجات دیتا ہے۔یہ خون میں موجود شوگر لیول کو کم کرتا ہے ۔جس سے وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
جلد کی حفاظت
کیلا وٹامن سی اور میگانیز سے بھرپور ہوتا ہے۔ جس کی وجہ سے یہ جلد کے لئے ایک بہترین غذا ہے۔میگانیز وٹامن سی کو جسم کا حصہ بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ پھریہ دونوں مل کر جلد کے سیلز کی حفاظت کرتے ہیں۔ اور فری ریڈیکلز سے جلدکو پہنچنے والے نقصان سے بھی بچاتے ہیں اور انسان کو لمبی عُمر تک جوان رکھتا ہے۔
خون کی کمی ہونے سے محفوظ رکھتاہے
خون میں کمی سے رنگ کا پیلا ہو جانا ، تھکاوٹ ،سستی اور سانس میں کمی جیسی شکائیت پیدا ہوتی ہیں۔انیمیا )خون میں کمی( ریڈ بلڈ سیلز کی پیداوار میں کمی کے باعث لاحق ہوتی ہے۔
کیلے میں وافر مقدار میں آئرن پایا جاتا ہےجو ریڈ بلڈ سیلز کی پیداوار میں اضافہ کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ کیلے میں وٹامن B6 بھی پایاجاتا ہے جو خون میں گلوکوز کی سطح کو کنٹرول کرتا ہے اور خون میں کمی کی بیماری سے نجات دلاتا ہے۔
نظام انہظام میں بہتری
کیلا جلد ہضم ہونے والا پھل ہے۔ اس میں پایا جانے والا سٹارچ معدے میں ہضم نہیں ہوتا بلکہ بڑی آنت میں پہنچ کر وہاں موجود فائدہ مند اور صحت مند بیکٹیریا کے لئے غذا کا کام کرتا ہے۔ کیلےگیس اور سینے کی جلن سے نجات دینے کے ساتھ ساتھ ہیضے کے مرض کے دوران ہونے والی منرلز کی کمی کو بھی پورا کرتے ہیں۔
ذہنی تنا ؤ میں کمی
کیلے آپ کے موڈ کو بہتر بناتے ہیں۔کیلے میں ٹرپٹوفان (Tryptophan) پایاجاتا ہے۔ جو جسم میں سیروٹونِن نامی ہارمون پیدا کرنے میں مدد دیتا ہے ،جسے خوشی کا ہارمون بھی کہا جاتا ہے۔ ایک کیلے میں تقریبا 27 ملی گرام میگنشیم پایا جاتا ہے جو انسان میں اچھے موڈ اور بھرپور صحت مند نیند کے لئےفائدہ مند ہے۔
وٹامن کی کمی کو پورا کرتا ہے
کیلے میں بھرپور مقدار میں وٹامن B6 پایا جاتا ہے ۔ ایک کیلے میں تقریبا وٹامنB6روزانہ کی ضروریات کا 20 فیصد پایا جاتا ہے۔ اس سے آپ کے جسم کو انسولین ، ہیموگلوبن ، اور امینو ایسڈ تیار کرنے میں مدد ملتی ہے ۔وٹامن سی ایک اہم اینٹی آکسیڈینٹ ہے جو نقصان دہ فری ریڈیکلز (جسم کے خلیوں کو تباہ کرنے والے( کو غیر موثر بناتا ہے ۔ یہ خون کی شریانوں کو صحت مند رکھنے میں بھی مدد کرتا ہے اور کولیجن پیدا کرتا ہے۔
قبض سے نجات کیلئے فائدہ مند ہے
اگر آپ کو قبض ہو جائے تو آپ دو کیلے کھائیں ۔ یہ آپ کو قبض سے جلد نجات دلانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں کیونکہ کیلے میں شامل فائبر بڑی آنت میں فضلے کی مقدار میں وزن پیدا کرتی ہے اور اسے آسانی سے خارج کرنے میں انتہائی مددگار ثابت ہوتی ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ انسان کی قوت مدافعت کا 80 فیصد تعلق اس کے نظام انہظام سے ہے اگر یہ نظام ٹھیک کام کر رہا ہو تو عام موسمی بیماریوں کے خلاف جسم خودکار طریقے سے کام کرتا ہے اور انہیں بیماری پیدا کرنے سے روک دیتا ہے۔