برصغیر پاک و ہند کے رہنے والے اگرچہ اب اقوام میں تقسیم ہیں لیکن ان دونوں قوموں نے سینکڑوں سال اکھٹے گُزارے ہیں اور اگر تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو آپ کو ان میں جہاں جنگ و جدل کی داستانیں ملیں گی وہاں بہترین بھائی چارہ بھی دیکھائی دے گا اور جہاں ان میں ایک دوسرے سے نفرت کی کہانیاں سنائی دیں گی وہاں محبت کی ایسی داستانیں بھی ملیں گی جن کو سُن کر پتھر دل بھی پگھل جاتے ہیں۔
پاک و ہند میں تقسیم کے بعد اگرچہ دونوں قوموں میں حکومتی سطح پر تعلقات کبھی اچھے نہیں ہُوئے لیکن آج بھی دونوں قوموں کے تہذیب اور تمدن میں بہت زیادہ فرق نہیں ہے اور یہی وجہ ہے کہ جہاں پاکستان میں بھارتی فلمیں بہت شوق سے دیکھی جاتی ہیں وہاں بھارت میں پاکستانی ڈرامے پسند کرنے والوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔

پاکستانی ٹی وی ڈرامے اپنی بہترین کہانیوں اور شاندار اداکاری سے ساری دُنیا میں ہی مشہور ہیں اور یہ بات ہم سب ہی جانتے ہیں لیکن جب کوئی بڑا فنکار ہمارے ڈراموں کی تعریف کرتا ہے تو پھر بہت خوشی ہوتی ہے۔ دلیپ کمار صاحب نے اپنے ایک انٹرویو میں پی ٹی وی کلاسک ڈرامے "ان کہی” کی تعریف کرتے ہُوئے کہا کہ اُنہوں نے یہ ڈرامہ ویڈیو کیسٹس پر دیکھا اور اُن کا ارادہ تھا کہ وہ اس ڈرامے کی 13 قسطوں کو 13 دنوں میں اپنی بیگم کیساتھ دیکھیں گے لیکن ڈرامہ دیکھنے بیٹھے تو پھر اس ڈرامے نے انہیں اُٹھنے نہیں دیا اور اُنہوں نے بیگم کیساتھ ایک ہی رات میں سارا ڈرامہ دیکھ لیا۔

بھارتی فلمی اداکار عامر خان اپنی بہترین اداکاری کی وجہ سے ساری دُنیا میں مشہور ہیں۔ عامر خان کُچھ سال پہلے عمران خان کی دعوت پر شوکت خانم ہسپتال کی فنڈ ریزینگ کے لیے پاکستان تشریف لائے تو عُمر شریف صاحب نے ان کا انٹرویو کیا۔ انٹرویو کے دوران عامر خان نے بتایا کہ اُن کی والدہ پاکستانی ڈرامے دیکھنے کی بہت شوقین ہیں اور اُن کی والدہ نے عامر خان سے کہا کہ وہ پاکستانی سٹیج ڈرامہ بکرا قسطوں پر لازمی دیکھیں۔ عامر خان نے یہ ڈرامہ دیکھا اور عمر شریف کو انٹرویو دیتے ہُوئے کہا کہ وہ یہ ڈرامہ دیکھنے کے بعد عُمر شریف کے فین ہو گئے۔
اسی طرح بھارتی اداکار راج کمار جنہیں بھارتی فلم انڈسٹری کا بے تاج بادشاہ بھی کہا جاتا تھا پاکستانی ڈراموں کے بہت بڑے فین تھے خاص طور پر ڈرامہ ان کہی اور تنہائیاں اُنہیں بہت پسند تھا اور اس ڈرامے کے تمام ڈائیلاگز اُنہیں یاد تھے۔ پی ٹی وی کلاسک ڈرامے خاص طور پر ڈرامہ وارث بھارت کے علاوہ پڑوسی ملک چین میں بھی ترجمے کیساتھ دیکھایا جاتا تھا اور یہ ڈرامہ چین میں بھی اتنا پی پاپولر تھا جتنا یہ پاکستان میں مشہور تھا۔
پی ٹی وی کلاسک ڈراموں کا دور گُزر گیا لیکن آج بھی ہمارے ملک میں بہترین ٹی وی ڈرامے بنائے جا رہے ہیں اور حال ہی میں ہم ٹی وی پر دیکھایا جانے والا ایک ڈرامہ” پری زاد” پاکستان اور بھارت سمیت بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال میں بیحد پاپولر ہُوا اور اس کی مقبولیت کا اندازہ آپ کو یوٹیوب پر اس ڈرامے کی ویڈیوز کے نیچے کمینٹ کرنے والوں سے ہوگا اور اگر آپ یہ کمینٹ پڑھیں گے تو آپ کو پتہ چلے گا کہ یہ ڈرامہ بھارت اور دیگر ممالک میں کس قدر پاپولر تھا اور پھر بطور پاکستانی آپ کو اس بات پر فخر محسوس ہوگا کہ ہم پاکستانی کم وسائل کے باوجود بھی باقیوں سے پیچھے نہیں ہیں۔
Feature Image Preview Credit: Bollywood Hungama, CC BY 3.0, and Aaj News on Youtube, CC BY 3.0, via Wikimedia Commons