فریج سے بدبُو کا آنا اس بات کی نشانی ہے کہ آپ نے فریج کو اچھی طرح صاف نہیں کیا لیکن اچھی طرح صاف کرنے کے باوجود بھی ایسا ممکن ہوتا ہے کہ کسی کھانے کی بُو پُوری فریج کے کھانوں میں شامل ہو جاتی ہے اور اُن کا ذائقہ خراب کر دیتی ہے خاص طور پر اگر خربوزہ فریج میں رکھ دیں تو ایسا ہی ہوتا ہے۔
اس آرٹیکل میں چند ایسے آسان گھریلو ٹوٹکوں کا ذکر کیا جائے گا جو آپ کی فریج کے کھانوں سے نکلنے والی بُو کو دُوسرے کھانوں میں شامل نہیں ہونے دیں گے اور آپ کی فریج کو بُو سے بچائیں گے۔
نمبر 1 بیکنگ سوڈا
بیکینگ سوڈا ایک ایسی باکمال چیز ہے جو گھر میں موجود ہو تو بہت سے کام آسان کر دیتا ہے اور اگر آپ اسے ایک پیالی میں بھر کر فریج میں رکھ دیں تو یہ فریج میں پیدا ہونے والی کھانوں کی بُو کو اپنے اندر جذب کر لے گا اور اس بُو سے فریج کے دُوسرے کھانوں کو متاثر نہیں ہونے دے گا اور آپ جب بھی فریج کھولیں گے تو اس کی بُو سے پریشان نہیں ہوں گے اور آپ کے کھانے تروتازہ رہیں گے۔
نمبر 2 لیموں کی طاقت
لیموں جہاں صحت کے لیے کئی فوائد رکھتا ہے وہاں اس کی خوشگوار مہک بدبو پر حاوی آجاتی ہے اور اگر آپ لیموں کے رس کو ایک پیالی پانی میں شامل کرکے فریج میں رکھ دیں تو یہ حیرت انگیز طور پر فریج میں بدبو کو پیدا ہونے سے روکے گا اور فریج کے اندر تازگی کو برقرار رکھے گا اس کام کے لیے آپ ایک لیموں کو کاٹ کر بھی فریج میں رکھ سکتے ہیں لیکن ایسا کرنے کی صُورت میں اس لیموں کو کھانے کے لیے استعمال مت کیجیے گا اور 4 سے 5 دن کے بعد اسے کسی اور مقصد کے لیے استعمال کر لیں اور نیا لیموں کاٹ کر فریج میں رکھ دیں۔
نمبر 3 کافی کے بیج
اگر آپ فریج کی بدبو سے پریشان ہیں اور اسکا کوئی مستقل حل چاہتے ہیں تو کافی کے بیج کسی پیالی میں رکھ کر فریج میں رکھ دیں یہ فریج کے اندر موجود بدبو کو اپنے اندر جذب کر لیں گے اور کافی کی تازہ مہک کو فریج کا حصہ بنا دیں گے اور آپ کے کھانوں کا ذائقہ بھی خراب ہونے سے بچائیں گے۔
نمبر 4 پودینہ

پودینہ گرمیوں کی ایک ایسی سوغات ہے جس سے اُٹھنے والی مہک دل و دماغ کو معطر کر دیتی ہے اور اگر آپ اسے فریج کی بدبو ختم کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں تو پودینے کے عرق کے چند قطرے پانی کی پیالی میں ڈال کر فریج میں رکھ دیں یہ نیچرل ڈیوڈرائزینگ کا کام کرے گا اور جہاں فریج کو اپنی مہک سے مہکائے گا وہاں دُوسرے کھانوں سے نکلنے والی بُو اپنے اندر جذب کرتا جائے گا۔
نمبر 5 اخبار
ردی اخبار میں بھی یہ صلاحیت ہوتی ہے کہ وہ نمی کو اپنے اندر جذب کر لے اور یہ نمی ہی ہے جو فریج میں بدبو کا باعث بنتی ہے اس لیے ایسے کھانے جن پر آپ کو شک ہو کے یہ دُوسرے کھانوں کا ذائقہ اپنی بُو کی وجہ سے خراب کر دیں گے اُن کو ردی اخبار سے لپیٹ کر رکھیں اور فریج کی جالیوں کے اوپر تھوڑی اخبار بچھا دیں یہ فریج میں نمی پیدا نہیں ہونے دے گی لیکن اسے وقت پر تبدیل ضروری کریں۔
نمبر 6 سرکہ
سرکہ بھی بیشمار خوبیوں کا حامل ہے اور اسکی ایک خوبی یہ ہے کہ یہ اپنی مہک پر کوئی اور بُو ہاوی نہیں آنے دیتا اور اگر آپ ایک پیالی سفید سرکہ فریج میں رکھ دیں تو یہ آپ کا کام آسان کر دے گا اور فریج کی بدبو کو جادوئی طریقے سے ختم کر دے گا۔
نمبر 7 جو کا دلیہ
جو کا دلیہ صرف صحت کو ہی توانا نہیں کرتا بلکہ یہ نمی کو اپنے اندر جذب کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے اگر اسے کسی ایلومینیم باؤل میں رکھ کر فریج میں رکھ دیا جائے تو یہ فریج میں مختلف کھانوں سے پیدا ہونے والی بُو کو اپنے اندر جذب کرتا جائے گا اور آپ کی فریج کے ماحول کو تازہ رکھے گا۔
نمبر 8 کوئلہ
اگر اور کوئی چیز نہیں مل رہی تو کوئلہ لیکر پیس لیں اور اسے برتن میں ڈالکر فریج میں رکھ دیں یہ بھی آپ کی بدبو کا مسلہ حل کر دے گا لیکن کوئلے کو فریج میں 3 دن سے زیادہ پڑا نہ رہنے دیں اور تین دن کے بعد اسے تبدیل کردیا کریں۔