فوج ہو یا پولیس یا کوئی بھی ادارہ بحثیت پاکستانی وہ آپ کے ملازم ہیں انہیں ناحق گریبان مت پکڑنے دیں

Posted by

قوم تمام اداروں سے اعلی ہوتی ہے کیونکہ تمام ادارے قوم کے لیے بنائے جاتے ہیں چاہے وہ آرمی ہو یا پولیس یا کوئی بھی اور ادارہ وہ کسی صورت قوم سے اوپر نہیں ہوسکتا اور اگر وہ قوم سے اوپر جائے گا تو نہ قوم رہے گی اور نہ ہی ادارہ باقی بچے گا، یہ ایک ایسی حقیقت ہے جسے آج ہمارا سمجھنا بہت ضروری ہے۔

قوم ملک کی معمار ہوتی ہے جیسے فوج سرحدوں کی محافظ اور پولیس قوم کی محافظ لیکن اگر یہ ادارے قوم پر حکمرانی کریں گے تو پھر قوم باقی نہیں رہے گی کیونکہ قومیں آزاد ہوتی ہیں اور اگر ادارے حکمران بن جائیں تو قومیت ختم ہو جاتی ہے اور غلامیت باقی بچ جاتی ہے۔

اگر ایک فوجی سرحد پر اپنی جان کی بازی لگاتا ہے تو کوئی شک نہیں کہ اُس نے قوم کا حق ادا کیا اسی طرح اگر ایک مزدور مزدوری کرتے ہُوئے اپنی جان جوکھوں میں ڈالتا ہے تو وہ بھی اتنا ہی معزز ہے جتنا سرحد پر کھڑا کوئی فوجی یا اپنی ڈیوٹی دیتا ہُوا کوئی پولیس آفیسر۔

ہمارے سامنے ترقی یافتہ ممالک کی مثالیں موجود ہیں جنہوں نے اپنے شہریوں کو عزت دی اور اُن کا وقار قائم کیا اور آج وہ قومیں دنیا کی سپر پاور بن گئیں لیکن جن ممالک میں افواج، پولیس یا اور اداروں کو قوم پر فوقیت دی گئی وہ ممالک دُنیا میں ذلیل و رُسوا ہیں۔

اگر کوئی فوج یا پولیس اپنی عوام کو بلڈی سویلین کہتی ہے تو وہ نہ صرف عوام کی توہین کرتی ہے بلکہ اپنے دیے حلف کا انکار بھی کر دیتی ہے۔ ملک کے محافظ ادارے عوام کی حفاظت کے لیے جو حلف نامہ اُٹھاتے ہیں اگر وہ اسے توڑ دیں تو اس کا صاف مطلب ہے کہ وہ عوام کو غلام دیکھنا چاہتے ہیں لیکن ایک بات بھول جاتے ہیں کہ اگر انہوں نے عوام کو غلام بنایا تو وہ خود بھی غلامی کی زنجیروں میں جکڑے جائیں گے۔

پاکستان ایک اسلامی جہموری ریاست ہے جس کی عوام اپنے حکمرانوں کو خود منتخب کرتی ہے لیکن سوچنے کی بات یہ ہے کہ پھر اسٹبیلشمینٹ عوام کی رائے کا احترام کیوں نہیں کرتی؟ شائد اس کی وجہ عوام کی کمزوری ہے کیونکہ بیچارے غریب عوام 2 وقت کی روٹی کے لیے محنت کی ایسی کالی چکی میں پس رہے ہیں جہاں سے انہیں سوائے اپنے بچوں کا پیٹ بھرنے کے اور کُچھ دیکھائی نہیں دیتا۔

جو ادارہ اپنی قوم کی عزت نہیں کرتا دُنیا اُس عزت نہیں کرتی اس لیے بہت ضروری ہے کہ ادارے اپنی قوم کی عزت کریں اور شہریوں کی توقیر کریں کیونکہ یہی وہ شہری ہیں جو دن رات محنت کرتے ہیں اور ٹیکس دیتے ہیں جن سے ادارے چلتے ہیں۔ آج پاکستان کی قوم کو اپنے حقوق کے بارے میں جاننے کی اشد ضرورت ہے انہیں یہ سمجھنے کی اشد ضرورت ہے کہ ان کا ملک اُن کے دم سے ہے۔ اپنے حق کے لیےاپنی آواز اُٹھائیے اور اگر کوئی آپ کی آواز دبا رہا ہے تو یاد رکھیے گا وہ آپ کا دوست نہیں ہے اور آپ اور آپ کے ملک کا دُشمن ہے اور اگر کوئی ادارہ آپ سے یہ کہتا ہے کہ وہ آپ سے اوپر ہے تو یاد رکھیے گا وہ جھوٹ بول رہا ہے اور اپنے فرض کو پہچاننے کے قابل نہیں ہے چنانچہ ایسے افراد کو راہ راست پر لانا آپ کا فرض ہے، یاد رکھیے گا آپ ہی پاکستان ہیں اور باقی سب آپ کی وجہ سے ہے۔