فون سکرین پر ٹیمپرڈ گلاس لگوانے سے پہلے یہ بات لازمی پڑھ لیں کیونکہ یہ آپ کے قیمتی گیجٹ کی سکرین کو خراب کر سکتا ہے

Posted by

موبائل فون کی سکرین کی حفاظت کے لیے ہر نیا موبائل فون خریدنے والا اُس کے لیے ٹیمپر گلاس لازمی خریدتا ہے کیونکہ یہ ٹیمپر گلاس اُس کی سکرین کی حفاظت کا وعدہ کرتے ہیں لیکن بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ یہ ٹیمپر گلاس اُن کے فون کو خراب کرنے کا باعث بن سکتے ہیں۔

جدید موبائل فونز کی سکرین پر جب ٹیمپر گلاس لگتا ہے تو یہ فون کی کارکردگی کو متاثر کرنے کا باعث بنتا ہے جس سے اکثر لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ فون میں کوئی خرابی پیدا ہو گئی ہے۔ اس آرٹیکل میں ہم جانیں گے کہ ٹیمپر گلاس فون کو کیسے متاثر کر سکتا ہے اور اس سے بچنے کے لیے ہمیں کیا کرنا چاہیے۔

فون کے سینسر اور ٹیمپر گلاس

جدید موبائل فونز میں ماڈرن ڈسپلے سکرینز استعمال ہو رہی ہیں اور ان سکرینز کے اندر ایمبینٹ لائٹ سینسر ( بیرونی روشنی کے مطابق فون کی سکرین کی لائٹ کو ایڈجسٹ کرنے کی خوبی جو اندھیرے میں سکرین لائٹ کم کرتی ہے تاکہ موبائل بیٹری پر بوجھ نہ پڑے) اور پروکسی میٹی سینسر ( یہ سینسر اس بات کا سراغ لگاتا ہے کہ صارف نے موبائل ہاتھ میں پکڑ کر چہرے کے قریب کیا ہے اور ایسی صورت میں یہ سکرین بند کر دیتا ہے تاکہ کال سُننے کے دوران سکرین پر کوئی غلط جگہ کلک نہ ہو جائے) موجود ہوتے ہیں اور جب سکرین پر ٹیمپر گلاس لگا دیا جاتا ہے تو یہ سینسر گلاس کے نیچے دب کر کام کرنا بند کر دیتے ہیں۔

ان سینسرز کے بلاک ہونے کی صُورت میں آپ کا فون سکرین لائٹ کو غلط طریقے سے ایڈجسٹ کرنا شروع کر دیتا ہے اور ساتھ ہی پروکسیمیٹی سینسر کے بلاک ہونے سے کال کے دوران آپ کا فون کوئی نئی ایپ کھول دیتا ہے اور آپ کو لگتا ہے کہ فون میں خرابی پیدا ہو گئی ہے یا ٹچ خراب ہو گیا ہے لیکن ایسا نہیں ہے کیونکہ یہ سب آپ کے فون میں گھٹیا کوالٹی کا ٹیمپر گلاس لگنے کی وجہ سے ہو رہا ہے۔

ایسے جدید موبائل فون جن کی سکرین میں فنگر پرنٹ کی سہولت موجود ہے اُن پر بھی ٹیمپر گلاس ٹھیک کام نہیں کرتا اور فنگر سکین کے دوران فون کو سکین کرنے میں دُشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور وہ اس کام کے لیے لمبا وقت لیتا ہے۔

اس مشکل کا حل

اس موقع پر آپ سوچیں گے کہ اگر فون کی سکرین پر حفاظتی گلاس نہ لگایا جائے تو فون کی سکرین کے جلد خراب ہونے کے چانس بڑھ جائیں گے اور یہ بات ٹھیک بھی ہے اس لیے اپنے فون پر جب بھی ٹیمپر گلاس لگوائیں تو 2 چیزوں کا خاص خیال رکھیں، نمبر 1 وہ ٹیمپر گلاس خاص آپ کے فون کے لیے بنایا گیا ہو کیونکہ اگر آپ عام ٹیمپر گلاس کو انسٹال کروائیں گے تو ہو سکتا ہے کہ وہ سکرین پر اچھی طرح سائز میں فٹ ہو جائے لیکن وہ آپ کے فون کے سینسرز کی لوکیشن کو نہیں جانتا ہو گا چنانچہ آپ کی سکرین کی خوبیاں اُس کے نیچے دب جائیں گی، نمبر 2 ہمیشہ اچھی کوالٹی کا ٹیمپر گلاس خریدیں کیونکہ گھٹیا کوالٹی کے گلاس فون کے ٹچ سسٹم کو متاثر کرتے ہیں اور بہت جلد ٹوٹ کر خراب بھی ہو جاتے ہیں۔