لمبی عمر جینا انسان کی ازل سےخواہش رہی ہے۔ کئی لوگ لمبی عمر پانے کے لئے چلّے تک کاٹتے ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق جاپان لمبی عمر پانے والے افراد کے حساب سے دُنیا میں دوسرے نمبر پرآتا ہے۔ ایک اور تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ جاپان کے لوگوں کی لمبی عمر کا راز چاول ہیں اور جاپانیوں کی خوراک زیادہ تر چاول یا چاولوں سے بنی ہوئی چیزیں ہیں۔
ماضی میں جاپانی چاول نہیں کھاتے تھے کیونکہ چاول صرف اشرافیہ کے لئے مخصوص تھے۔ لیکن آج جاپانی چاول سے بنے ہوئے نوڈلز ، سوشی اور فرائڈ رائس کے بغیر اپنی زندگی تصور بھی نہیں کر سکتے۔
چاولوں کی ایک پلیٹ ہمارے جسم کو بے شمار فوائد پہنچاتی ہے۔ چاول نہ صرف انسان کی عمر کو دراز کرتے ہیں بلکہ اس کے علاوہ بھی اس کے بے شمار فوائد ہیں اور اس آرٹیکل میں ہم چاولوں کے انہیں فوائد کا ذکر کریں گے تاکہ آپ بھی اس خوراک کیساتھ اپنی صحت کو بہتر بنا سکیں۔
وزن کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں
اگر آپ کافی عرصے سے وزن کم کرنے کے لئے جتن کر رہے ہیں تو براؤن چاول کھانا آپ کے لئے کسی معجزے سے کم نہیں۔ کیونکہ اس چاول میں چکنائی اور سوڈیم کم مقدار میں جبکہ فائبر زیادہ مقدار میں پایا جاتا ہے۔لہذا وزن کم کرنے میں اسکا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔ ایک تحقیق سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ جو لوگ برا ﺅن چاول کھاتے ہیں ان کا وزن بھی کم ہوتا ہے اور ان میں وزن بڑھنے کے امکانات بھی کم ہوتے ہیں۔
جوان نظر آنے میں مدد دیتے ہیں
جاپانی خواتین اپنی جلد کو ہموار اور تروتازہ رکھنے کے لئے چاولوں کے پانی کا استعمال کرتی ہیں۔ چاول میں بہت سارے اینٹی آکسیڈینٹ ہوتے ہیں جو آپ کی جلد کے خلیوں کو فری ریڈیکلز کی وجہ سے ہونے والے نقصان سے بچاتے ہیں۔ چاولوں کا باقاعدگی سے استعمال جھریوں کو ختم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
دل کو صحت مند رکھتا ہے
براؤن چاول آپ کے دل کی صحت کو بہتر بنانے کا ایک قدرتی اور لذیذ خوراک ہے۔ یہ خون کی شریانوں کو بند ہونے سے روکتا ہے۔ جس سے دل کا دورہ پڑنے کے امکانات معدوم ہو جاتے ہیں۔چاول میں فلیوونائڈز وافر مقدار میں پایا جاتا ہے جو دل کی مختلف بیماریوں کو روکنے میں مدد دیتا ہے۔
ہائی بلڈ شوگر کو کنٹرول کرتا ہے
ہائی بلڈ شوگر کے مرض میں مبتلا ہر فرد کے لئے چاول کسی معجزہ سے کم نہیں ہے۔ لیکن براون چاول بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے میں سفید چاول کی نسبت زیادہ موثر ثابت ہوتے ہیں۔ دن میں صرف 7 اونس (200 گرام) چاول کھانے سے آپ بلڈ شوگر کی سطح کو بہتر بناسکتے ہیں۔
نظام انہظام کو بہتر بناتے ہیں
براؤن چاول میں موجود فائبر قبض کو کم کرنے اور آپ کے نظام ہاضمہ کو منظم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ چاول جسم سے زہریلے مواد کو خارج کر تا ہے جس سے گردے بہتر کام کرتے ہیں۔
اعصابی نظام کو بہتر بناتے ہیں
اگر آپ باقاعدگی سے براؤن چاول کھاتے ہیں تو اس سے آپ کا ا عصابی نظام بھی بہتر ہو جاتا ہے۔ ہمارے اعصابی نظام کو صحت مند رہنے کے لئے مختلف اقسام کے وٹامن-بی کی ضرورت ہوتی ہے۔ اور چونکہ چاولوں میں وافر مقدار میں وٹامن -بی موجود ہوتے ہیں جس سے اعصابی نظام مظبوط اور فالج کا اندیشہ کم ہوتا ہے۔
انرجی سے بھرپور ہوتے ہیں
اگر آپ بھی انرجی ڈرنک پینے کے عادی ہیں تو ان نقصان دہ انرجی ڈرنک سے جان چھڑائیں کیونکہ چاول انرجی پورا کرنے کے لئے صحت مند قدرتی غذا ہے۔ ہمارے جسم کو انرجی حاصل کرنے کے لئے کاربوہائڈریٹ کی ضرورت ہوتی ہے ۔ چونکہ چاول میں کاربوہائڈریٹ وافر مقدار میں پایا جاتا ہے اس لئے آپ جب بھی تھکاوٹ محسوس کریں تو چاول کا استعمال کریں جس سے آپ خود کو توانا محسوس کریں گے۔