ہوائی سفر اگر لمبا ہو تو ذہنی تناؤ کا باعث بنتا ہے اور اس قدر بُلندی پر سفر کرتے ہُوئے بہت سے کام جو زمین پر نارمل لگتے ہیں جہاز میں بے سکون کر دیتے ہیں۔ اس آرٹیکل میں 10 ایسے کاموں کو شامل کیا جا رہا ہے جو آپ کو جہازمیں ہرگزنہیں کرنےچاہیے تاکہ جہاں آپ کا سفر پُرسکون گُزرے وہاں آپ کسی پریشانی میں مبتلا نہ ہوں۔
نمبر 1 کونٹیکٹ لینز کا استعمال نہ کریں

کونٹیکٹ لینز آنکھوں کو خشک کرتے ہیں اور فضا میں جہاز کے اندر کی خُشک ہوا بے سکون نتائج پیدا کر سکتی ہے اس لیے اگر آپ لمبے فضائی سفر پر جانے والے ہیں تو سفر کے دوران نظر کا چشمہ استعمال کریں اور لینز نہ پہنیں اور اگر لینز پہہنا ضروری سمجھ رہے ہوں تو ون ڈے لینز کا استعمال کریں اور اپنے ساتھ آئی ڈراپس ضرور رکھیں۔
نمبر 2 کان بند ہونے سے بچنا
جہاز جب ٹیک آف کرتا ہے اور لینڈ کرتا ہے تو ہوا کے پریشر کی وجہ سے آپ کے کان بند ہو جاتے ہیں اور بعض اوقات اگر کانوں میں خشکی اور میل جمی ہُوئی ہے تو جہاز کا ٹیک آف اور لینڈینگ کان بند کرنے کے ساتھ کانوں میں انتہائی تکلیف بھی پیدا کرتا ہے۔ اگر آپ ان احتیاطی تدابیر کو اختیار کریں تو آپ اس تکلیف سے بچ سکتے ہیں، لمبے سفر سے پہلے اپنے کانوں کو اچھی طرح صاف کریں اور کانوں میں کوئی موسچرائزر یا سرسوں کا تیل وغیرہ نیم گرم کرکے ڈالیں اور جہاز میں کان بند ہونے کی صُورت میں کوئی کینڈی یا چیونگم چبا کر کھائیں اور چھوٹے بچوں کو پانی کی بوتل پینے کو دیں۔
مُنہ کے جبڑوں کی حرکت سے بند کان جلدی کُھل سکتے ہیں اس لیے مُنہ کھولیں اور بند کریں اور سانس اندر کھینچ کر ناک کو انگلیوں سے بند کر دیں اور اور منہ بھی بند کر کے سانس کی ہوا کو باہر خارج کرنے کی کوشش کریں اس سے ہوا کانوں کے راستے خارج ہونے کی کوشش کرے گی اور آپ کے بند کان کُھل جائیں گے۔
نمبر 3 ناک بند ہونے کی صُورت میں
اگر آپ کو ساینس کا مسلہ ہے یا آپ کا ناک بند ہے اور آپ لمبی فلائٹ پر جانے والے ہیں تو یہ فلائٹ میں آپ کے سفر کو انتہائی بے آرام کر سکتی ہے کیونکہ جہاز کے اندر کی خشک ہوا آپ کی اس بیماری کو مزید تکلیف دہ بنا دے گی اس لیے جہاز میں سفر سے پہلے ناک میں کوئی موسچرائزر یا سرسوں اور زیتون وغیرہ کا تیل انگلی سے لگائیں اور ناک کو کھولنے والا سپرے جو فارمیسی سے عام مل جاتا ہے اپنے ساتھ رکھیں۔
نمبر 4 سیٹ پر بیٹھے مت رہیں
فلائٹ کے دوران آپ کے خون کی گردش سُست ہوتی ہے اور ایسی صُورت میں سیٹ پر بے حرکت بیٹھے رہنا تکلیف دہ ہو جاتا ہے اور جس کے اعضا سوئے ہُوئے اور بے حس محسوس ہونا شروع کر دیتے ہیں اس لیے جہاز ٹیک آف کے بعد جیسے ہی مناسب بلندی پر پہنچے اور آپ سیٹ بلٹ کھولنے کا میسج سُنیں تو اپنے جسم کو حرکت دیں اور کوشش کریں کے تھوڑی واک کریں اور اگر واک نہیں کرتے تو ٹانگوں کو حرکت دیں تاکہ دوران خون ٹھیک طریقے سے رواں رہ سکے۔
نمبر 5 سوڈا استعمال نہ کریں
فلائٹ میں جب ہوا کا پریشر بدلتا ہے تو اس سے پیٹ میں گیس پیدا ہوتی ہے اور کاربونیٹڈ ڈرنکس گیس پیدا ہونے کے اس عمل کو اور تیز کر دیتے ہیں اس لیے فلائٹ کے دوران ایسے ڈرنکس اور کھانے خاص طور پر پربراون بریڈ، بینز اور سیب وغیرہ کھانے سے اجتناب کریں۔
نمبر 6 موشن سکنس
کُچھ لوگوں کو یہ بیماری ہوتی ہے اور ایسے افراد سفر میں انتہائی بے سکونی محسوس کرتے ہیں خاص طور پر گاڑی میں سفر کرتے ہُوئے جب گاڑی موڑ مڑتی ہے تو انہیں الٹی اور متلی محسوس ہونا شروع کر دیتی ہے اس لیے ایسے افراد جنہیں موشن سکنس ہو وہ جہاز کی پچھلی سیٹوں پر سفر نہ کریں اور اپنے لیے آگے والی سیٹ کا انتخاب کریں اور کوشش کریں کے فلائٹ کے دوران سو جائیں، یہ تکنیک وہ زمینی کے سفر کے دوران بھی استعمال کریں تو انہیں فائدہ ہوگا اور سفر سے پہلے چکنائی والے کھانے فرائی کھانے اور معدے پر وزن ڈالنے والے کھانے مت کھائیں اور ہلکا پھلکا کھانا کھا کر سفر کا آغاز کریں۔
نمبر 7 جہاز کے اندر ادھر اُدھر ہاتھ نہ لگائیں
جہاز جراثیموں سے بھرا ہوتا ہے اس لیے جہاز میں فضول ادھر اُدھر ہاتھ مت لگائیں اور اپنے ہاتھوں کو سینیٹائز کریں اور یاد رکھیں چین سے شروع ہونے والا کرونا ساری دُنیا میں اتنی تیزی سےجہازوں کی وجہ سے ہی پھیلا ہے۔
نمبر 8 فون استعمال نہ کریں
ٹیک آف اور لینڈینگ کے دوران اپنی موبائل ڈیوائسز کو بند رکھیں اور بہتر ہے کہ انہیں پاور آف کر دیں کیونکہ ان ڈیوائسز سے نکلنے والے سگنلرز پائیلٹ کے کنٹرول ٹاور سے رابطے کو متاثر کر سکتے ہیں جس سے خدانٰخواستہ حادثہ بھی ہو سکتا ہے اس لیے جہاز کے عملے کی طرف سے دی جانی والی وارننگ کو سنجیدگی سے لیں اور ایسی تمام ڈیوائسزز آف کر دیں۔
نمبر 9 ہیڈ فونز
آپ کو جہاز میں جو ہیڈ فونز مہیا کیے جاتے ہیں اگرچہ انہیں صاف کرکے لفافے میں بند کیا ہوتا ہے لیکن اسے بہت سے لوگ پہلے استعمال کر چُکے ہوتے ہیں اور ان پر جراثیموں کی موجودگی کا خدشہ ہوتا ہے اس لیے اگر آپ جہاز پر انہیں استعمال کرنا چاہتے ہیں تو اپنا ہیڈ فون ساتھ لیکر جائیں۔
نمبر 10 ننگے پاؤں پھرنا
لمبی فلائٹ پر دل چاہتا ہے کہ جوتے اُتار دئیے جائیں تاکہ پُرسکون ہو کر بیٹھا جاسکے لیکن فلائٹ میں ننگے پاؤں پھرنے سے آپ اپنے پاؤں کو گندا کریں گے اور انہیں جراثیموں سے آلودہ کریں گے اس لیے پاؤں میں جرابیں یا موزے وغیرہ پہنیں اور ننگے پاؤں نہ پھریں۔
نوٹ: آجکل فلائٹس کے قوانین مسافروں کے لیے کافی سخت کر دئیے گئے ہیں اس لیے سفر کے دوران جہاز کے عملے سے الجھیں مت اور اگر آپ کو ان سے کوئی شکایت ہے تو تحمل اور بردباری سے انہیں آگاہ کریں اور اگر وہ آپ کی بات کو نہ سمجھیں تو فلائٹ کے بعد ٹھیک طریقے سے اپنی شکائت انتظامیہ کو درج کروائیں اور تلخ کلامی سے بچے رہیں اور صبر اور استقامت کا مظاہرہ کریں بصورت دیگر آپ اپنے لیے بڑی پریشانی پیدا کر لیں گے۔