لیموں کے بیجوں کا ذائقہ کڑوا ہوتا ہے اور عام طور پر لوگ انہیں نکال کر پھینک دیتے ہیں اور بہت سے لوگ سمجھتے ہیں کہ لیموں کے بیج کھانا صحت کے لیے نقصان دہ ہے لیکن درحقیقت ایسا نہیں ہے بلکہ لیموں کے بیج ہماری صحت کے لیے کئی فائدے رکھتے ہیں اور کھائے جا سکتے ہیں۔
اس آرٹیکل میں لیموں کے بیج کھانے سے صحت کو حاصل ہونے والے فوائد اور نقصانات کا ذکر کیا جائے گا تاکہ آپ کو ان کی غذائی صلاحیت کا اندازہ ہو اور کن حالات میں آپ نے انہیں استعمال نہیں کرنا اس کا بھی پتہ چلے۔
لیموں کے بیج کی غذائی صلاحیت
ماہرین کا کہنا ہے کہ لیموں کے بیجوں کے اندر لیموں کے جُوس جیسی ہی غذائی صلاحیت موجود ہوتی ہے اور اس میں بھی اینٹی آکسائیڈینٹ کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے جو وٹامن سی سے بنتی ہے اور اس بیج میں ایک خاص قسم کا ایسڈ پایا جاتا ہے جو جسم کی درد میں سکون کا باعث بنتا ہے۔
لیموں کے بیج میں امرود کے بیج کی طرح امائنو ایسڈ پائے جاتے ہیں جو صحت کے لیے بیحد مفید مانے جاتے ہیں اسی طرح لیموں کے بیج میں پروٹین اور چکنائی کی بھی تھوڑی مقدار پائی جاتی ہے جو ہماری صحت کے لیے فائدہ مند ہے۔
صحت کے لیے لیموں کے بیج کے فائدے
لیموں کے بیج ہماری صحت پر درجہ ذیل اثرات مرتب کرتے ہیں۔
نمبر 1 زہریلے اور فاسد مادوں کا اخراج
شکنجبین وغیرہ بناتے ہُوئے یا اور کسی طریقے سے لیموں کا جُوس نکالتے وقت کھانے میں اس کے بیجوں کا شامل ہوجانا عام سی بات ہے اور اگر شکنجبین وغیرہ پیتے ہُوئے ساتھ ہی لیموں کے بیج پیٹ میں چلے جائیں تو یہ صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں کیونکہ ان کے اندر جسم سے زہریلے مادے خارج کرنے کی زبردست صلاحیت ہوتی ہے۔
لیموں کے بیج اگر مُنہ میں آ جائیں تو انہیں اچھی طرح چبا لیں اور کھا لیں انکا ذائقہ اگرچہ کڑوا ہے لیکن کڑوے میں شفا ہوتی ہے اور یہ آپکے جسم میں فاسد پیراسائیٹس کو پیدا ہونے سے روکے گا اور خون کی صفائی کرے گا۔
نمبر 2 درد کش
لیموں کے بیج میں سیلیسیلک ایسڈ پایا جاتا ہے اور یہ کمپاونڈ اسپرین کا بنیادی عنصر ہے اور بہت سے لوگ سر درد یا جسم درد وغیرہ کے لیے اسپرین کا استعمال کرتے ہیں اس لیے سر درد یا جسم کی درد کے لیے لیموں کے بیج کھا لینا درد کش ثابت ہوتے ہیں۔
نمبر 3 پیٹ کے کیڑوں کے لیے
بچوں میں عام طور پر پیٹ میں کیڑے پڑ جاتے ہیں جنہیں تھریڈوارمز کہا جاتا ہے یہ کیڑے بڑی آنت کو متاثر کرتے ہیں اور بچوں میں بے چینی پیدا کرنے کے علاوہ اُن کی نشوونما کو بھی متاثر کرتے ہیں لیکن لیموں کے بیج ان کے لیے ایک قدرتی دوا ہیں اور اگر آپ ان بیجوں کو کرش کر کے پانی یا دُودھ میں اچھی طرح اُبال کر بچوں کو پلائیں تو اُن پیٹ کے کیڑے صاف ہو جائیں گے۔
نمبر 4 کینڈیڈیاسس
یہ ایک فنگل سے پیدا ہونے والی بیماری ہے جو نظام انہظام، جلد اور جسم کو اندر سے متاثر کرتی ہے اور لیموں کے بیجوں میں اینٹی فنگل خوبیاں شامل ہوتی ہیں جو اس بیماری کو قابو کرنے کے لیے بیحد فائدہ مند ثابت ہوتی ہیں۔
نمبر 5 جلد کو توانا کرتے ہیں
لیموں وٹامن سی سے بھرپور کھانا ہے اور یہ وٹامن اس کے بیجوں میں بھی بڑی مقدار میں پایا جاتا ہے یہ وٹامن جلد کو جلدی بُوڑھا نہیں ہونے دیتا اور جلد کو تروتازہ اور جوان رکھنے میں انتہائی مددگارثابت ہوتا ہے۔
نمبر 6 چہرے کے کیل مہاسے
لیموں کے بیجوں کا تیل اینٹی بیکٹریل خوبیوں کا حامل ہے اور چہرے کے کیل مہاسے بیکٹریا کی وجہ سے ہی پیدا ہوتے ہیں اور اگر چہرے پر لیموں کا تیل استعمال کیا جائے خاص طور پر کیل مہاسوں پر اسے روئی وغیرہ سے لگانا بیکٹریا کا خاتمہ کردیتا ہے اور کیل مہاسے ختم کرتا ہے اسی لیے کیل مہاسے ختم کرنے والی بہت سی کریموں وغیرہ میں لیموں کے بیج کا استعمال کیا جاتا ہے۔
نمبر 7 پیشاب کی انفیکشن
لیموں کے بیجوں کا استعمال پیشاب کی انفیکشن پر حیرت انگیز طور پر اثر انداز ہوتا ہے کیونکہ اس میں شامل اینٹی بیکٹریل خوبیاں اور اینٹی بائیوٹیک خوبیاں پیشاب کی انفیکشن کو ختم کرنے میں انتہائی معاؤن ثابت ہوتی ہیں۔
نمبر 8 ناخنوں کی فنگس
لیموں کے بیج کے ایکسٹریکٹ پاؤں پر پیدا ہونے والی فنگس کو کنٹرول کرتے ہیں اور اتھلیٹ حضرات جنہیں یہ بیماری عام طور پر لگ جاتی ہے وہ اسے اپنے پاؤں میں استعمال کرتے ہیں کیونکہ اس میں ٹی ٹری آئل جیسی خوبیاں ہوتی ہیں جو فنگس کا قدرتی علاج ہیں۔
نمبر 9 اینٹی بیکٹریل سپرے
لیموں کے بیجوں کے ایکسٹریکٹ سے آپ اینٹی بیکٹریل سپرے بنا سکتے ہیں اور اسے چہرے اور ہاتھوں وغیرہ پر استعمال کر سکتے ہیں اسکے علاوہ اس سپرے کو کپڑے دھونے کے دوران استعمال کرنا کپڑوں سے بیکٹریا کے خاتمے کا باعث بنتا ہے۔
نمبر 10 بہترین خوشبو
لیموں کی خوشبو دماغ کو اروما تھراپی دیتی ہے اور یہ خوشبو اس کے بیجوں میں بھی پائی جاتی ہے اور اگر آپ اس کے بیجوں کو کسی باریک کپڑے میں باندھ کر اپنے بستر کے تکیے کے نیچے رکھیں تو یہ مچھر وغیرہ سے آپ کی حفاظت کرتے ہیں کیونکہ ان سے ایسا اروما پیدا ہوتا ہے جسے مچھر اور دیگر حشرات بلکل پسند نہیں کرتے اور اسکے قریب نہیں جاتے۔
لیموں کے بیج استعمال کرنے کے نقصانات
عام طور پر لیموں کے بیج کھانا صحت کے لیے نقصان دہ نہیں ہے لیکن اگر آپ کو IBS کی بیماری ہے تو اسے استعمال نہ کریں کیونکہ اس بیماری میں پاخانہ کی حاجت میں تکلیف ہوتی ہے اور لیموں کے بیج چونکہ جلدی ہضم نہیں ہوتے اس لیے اس بیماری میں مبتلا افراد کو ان سے پرہیز ضروری ہے۔
لیموں کے بیجوں کا زیادہ استعمال نظام ہضم کو متاثر کر سکتا ہے اور قبض اور معدے میں خرابی پیدا کر سکتا ہے اس لیے اگر آپ اسے استعمال کرنا چاہتے ہیں تو انہیں پیس کر استعمال کریں کیونکہ ثابت لیموں کے بیج جلدی ہضم نہیں ہوتے اور اگر آپ ان بیجوں کو کسی بیماری کے خلاف استعمال کرنا چاہتے ہیں تو بہتر ہے کہ اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کرنے کے بعد انہیں کھانا شروع کریں۔