زمین کی تخلیق رب کائنات کا ایک ایسا شہکار ہے جو غور کرنے والوں کے لیے نشانیوں سے بھری ہُوئی ہے اور مالک حق ہمیں اس کے دیدار کی دعوت دیتا ہے جس پر ہم اُسکے بہت شکر گزار ہیں۔ رب کریم فرماتا ہے "کیا نہیں دیکھتے اونٹ کی طرف ہم نے اسے کیسے پیدا کیا اور پہاڑ کی طرف کیسے اسے نصب کیا”۔
ماچو پیچو ویسٹرن ساؤتھ امریکہ کے ملک پیرو میں موجود ہے، اور پیرو کی سرحدیں برازیل، کولمبیا، چلی کیساتھ ساتھ بحراوقیانوس سے ملی ہُوئی ہیں اور اس ملک میں سطح سمندر سے 7000 فٹ کی بُلندی پر قائم ماچو پیچو پیرو میں سب سے زیادہ سیاحت کیا جانے والا ایک چھوٹا سا شہر ہے، جو پہاڑ کی چوٹی پر قائم ہے اور اسے 1450 عیسوی کے قریب "انکان” بادشاہوں نے تعمیر کیا۔ ماچو پیچو کو یونیسکو ورلڈ ہریٹیج سائٹ ہونے کا اعزاز حاصل ہے اور 2007 میں نئے 7 عجوبوں میں ماچو پیچو کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

اس آرٹیکل میں ہم ماچو پیچو کے چند دلچسپ حقائق جانیں گے جن سے ہمیں پتہ چلے گا کہ یہ علاقہ 7 عجوبوں میں کیوں شامل کیا گیا، اور ساتھ اس کی خوبصورت تصاویر بھی دیکھیں گے۔

ماچو پیچو کا مطلب پیرو میں بولی جانے والی ایک زبان کوئچو کے دو الفاظ ماچو یعنی پُرانا اور پیچو یعنی پہاڑ ہے۔ اس پرانے پہاڑ کے اوپر 150 کے قریب تعمیرات ہیں جن میں گھر، پبلک باتھ رومز، ٹیمپل اور پناہ گاہیں شامل ہیں جنہیں بڑے پتھروں سے بنایا گیا ہے اور مانا جاتا ہے کہ یہ بڑے پتھر یہاں سینکڑوں لوگوں نے ملکر دھکا لگا کر پہنچائے ہیں۔
پہاڑ کی چوٹی پر قائم یہ شہر ہزاروں کٹے ہُوئے پتھروں سے بنی سیڑھیوں، پتھروں سے بنی دیواریوں، سرنگوں کا ایک کلاسیکل شہکار ہے جسکا طرز تعمیر یہاں کے قدیم لوگوں کی بہترین انجنئیرینگ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس شہر کی تعمیر میں استعمال ہونے والے زیادہ تر پتھروں کا وزن 50 ٹن سے بھی زیادہ ہے اور تعمیر کے دوران ان کو اس انداز سے اوپر نیچے رکھا گیا ہے کہ ان کی درزوں میں کاغذ کا ایک ٹکڑا تک نہ سما سکے۔ اور ان پتھروں کو اوپر نیچے رکھنے کے لیے خود سے نہیں تراشا گیا بلکہ ان کی قدرتی ساخت کو استعمال کرتے ہُوئے ان سے تعمیرات کی گئی ہیں۔

اس شہر کو تعمیر کرنے کا مقصد اس دور کے حکمران اور امیر افراد کو ایک ایسا شیلٹر مہیا کرنا تھا جہاں وہ نہ صرف کسی بھی بیرونی حملے کی صورت میں محفوظ رہیں بلکہ اپنی خوراک خود اُگا سکیں اور اپنے مویشیوں کی بھی پرورش کر سکیں چنانچہ آپ کو اس پہاڑ پر جہاں چراہگاہیں نظر آتی ہیں وہاں خوبصورت چھوٹے چھوٹے کیاریوں کی شکل کے کھیت بھی دیکھائی دیتے ہیں۔
اپنی دلچسپ طرز تعمیر اور تاریخی ہونے کے باعث دُنیا بھر کے سیاح اس علاقے کو دیکھنے کے لیے آتے ہیں اور یہاں کی حیران کر دینے والی خوبصورتی اور دلچسپ طرز تعمیر دیکھ کر اس جگہ کے مداح بن جاتے ہیں۔
ماچو پیچو جانے کے لیے اپ کو پیرو کے شہر کوسکوز سے ٹرین اور بس مل سکتی ہے اسکے علاوہ یہاں سے لوگ اس پہاڑ پر جانے کے لیے پیدل ٹریک بھی استعمال کرتے ہیں جو تقریباً ایک ہفتے جتنا لمبا ہوتا ہے۔

دن کے وقت بادل جب اس پہاڑ کی چوٹی کو گھیرتے ہیں تو یہ علاقہ پرستان کا منظر پیش کرتا ہے اور دیکھنے والی آنکھ کو حیران کر دیتا ہے۔

نوٹ: ماچو پیچو اگرچہ بیحد خوبصورت جگہ ہے لیکن اگر خوبصورتی کو مد نظر رکھا جائے تو پاکستان کے شمالی علاقوں میں ایسے نجانے کتنے ماچو پیچو موجود ہیں جن سے بہت سے لوگ ابھی تک آشنا نہیں ہیں۔