باربار پیشاب آنا ایک بے سکون کرنے والی تکلیف دہ بیماری ہے جو عام طور پر مثانے کے ضرورت سے زیادہ فعال ہونے کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے اور خاص طور پر یہ رات کی نیند کو متاثر کرتی ہے جس میں مریض کثرت پیشاب کی حاجت کی وجہ سے بے بار بار اُٹھتا ہے اور گہری نیند نہیں لے پاتا اور اکثر پیشاب پر کنٹرول بھی کھو دیتا ہے۔
اس بیماری کے پیدا ہونے کی کئی وجوہات ہیں جن میں ذیابطیس، مردوں میں پروسٹیٹ، اور مثانے میں انفیکشن وغیرہ شامل ہیں، اس آرٹیکل میں طب یونان اور ایوردیک کے 5 ایسے نسخوں کا ذکر کیا جائے گا جن کے استعمال سے مثانے کو تقویت ملتی ہے اور مرض کی شدت میں کمی پیدا ہوتی ہے۔
سفید تل اور گُڑ

سفید تل جہاں غذائی صلاحیت سے بھرپُور غذا ہے وہاں اس میں ایسے کیمیا پائے جاتے ہیں جو مثانے کے کام کرنے کی صلاحیت کو بہتر بناتے ہیں، اگر آپ سفید تلوں کو کثرت پیشاب میں کمی کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں تو انہیں گُڑ کے ساتھ ملا کر دن میں 2 سے تین دفعہ استعمال کریں اور اگر ذیابطیس کے مریض ہیں تو بغیر گُڑ کے ایک چائے کی چمچ تل چبا کر کھا لیں یہ آپ کے لیے راحت کا باعث بنیں گے۔
آملہ

آملہ مثانے کی صفائی کرنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتا اور ساتھ ہی یہ مثانے کے پٹھوں کو طاقت دیتا ہے، کثرت پیشاب کی حاجت کم کرنے کے لیے آملہ کا جُوس نکال کر اس میں شہد مکس کر لیں اور اسے پکے ہُوئے کیلے کیساتھ استعمال کریں یہ آپ کی تکلیف میں فوری راحت کا باعث بنے گا۔
تُلسی

بار بار پیشاب آنے کی ایک بڑی وجہ مثانے میں انفیکشن ہے اور ایسی صُورت میں تُلسی یعنی ریحان کے پتے اس انفیکشن کو ختم کرنے کے لیے انتہائی مُفید ثابت ہو سکتے ہیں کیونکہ تُلسی کے پتوں میں ایسی ادویاتی خوبیاں شامل ہیں جو مثانے کی انفیکشن ختم کرکے کثرت پیشاب میں کمی پیدا کرتے ہیں۔
2 سے 3 تازہ تُلسی کے پتے لے کر پیس لیں اور اسے شہد میں ملا کر یا ذیابطیس کی صُورت میں بغیر شہد کے نہار مُنہ استعمال کریں یہ جہاں پیشاب کی کثرت میں کمی لائیں گے وہاں پیٹ کی بھی صفائی کر دیں گے۔
سفید زیرہ
بیمشار خوبیوں کا حامل زیرہ ہماری صحت پر کئی اچھے اثرات مرتب کرتا ہے اور اس کی ایک خوبی مثانے کی انفیکشن ختم کرنا اور مثانے کو تقویت دینا بھی ہے اور اس کام کے لیے ایک چائے کی چمچ زیرے کو 2 کپ پانی میں ڈال کر اتنا پکائیں کے پانی آدھا رہ جائے پھر پانی سے زیرہ چھان کر اس میں شہد ملا کر اور ذیابطیس کی صُورت میں بغیر شہد کے دن میں 2 دفعہ استعمال کریں۔
ریٹھا

ریٹھا صرف بالوں کو گھنا اور تندرست نہیں بناتا بلکے یہ کثرت پیشاب میں اپنے اندر ایسی ادویاتی خوبیاں رکھتا ہے جو مرض کا فوری خاتمہ کرتی ہیں، ریٹھے کو رات بھر پانی میں بیگھا رہنے دیں اور صُبح نہار مُنہ یہ پانی پی لیں اور اس نُسخے کو 7 دن استعمال کریں۔