لوگ عام طور پر منہ کے چھالوں کو سنجیدگی سے نہیں لیتے کیونکہ یہ چھالے عام طور پر 4 سے 7 دن میں خود ہی ختم ہو جاتے ہیں لیکن بعض اوقات ان کی وجہ سے تکلیف حد سے بڑھ جاتی ہے اور کھانا پینا مشکل ہو جاتا ہے اور یہ بات کرنے میں بھی تکلیف پیدا کرنا شروع کر دیتے ہیں۔
مُنہ میں چھالے پڑنے کی بہت سی وجوہات ہو سکتی ہیں جن میں دانت سے مُنہ کی جلد کا غلطی سے کاٹا جانا، بُرش کے سخت ہونے کی وجہ سے جلد کا چھل جانا، وٹامنز کی کمی سے بھی کئی لوگوں کو یہ تکلیف ہوتی ہے اور نیند کی کمی اور پیٹ کی خرابی وغیرہ بھی ان چھالوں کا سبب بنتی ہے۔
آپ کو فارمیسی پر بغیر ڈاکٹر کے نسخے کے مُنہ کے چھالوں کو ختم کرنے کے لیے جیل وغیرہ مل جاتی ہے جو ان کی تکلیف کو ختم کرنے میں مدد دیتی ہے مگر اس آرٹیکل میں مُنہ کے چھالوں سے نجات کے لیے 7 گھریلو ٹوٹکے شامل کیے جا رہے ہیں جو اس تکلیف میں راحت پیدا کرتے ہیں اور جلد آرام پہنچاتے ہیں۔
نمبر 1 تلسی کے پتے
تلسی کا پودا بیشمار خوبیوں کا حامل ہے اور اس کی ایک خوبی اینٹی بیکٹریل ہونا ہے اور یہ خوبی مُنہ کے چھالوں کے لیے انتہائی مفید ہے کیونکہ یہ مُنہ میں پیدا ہونے والے جراثیموں کا خاتمہ کرتی ہے اور چھالوں کو جلد ٹھیک کرنے میں انتہائی معاؤن ثابت ہوتی ہے۔ مُنہ میں چھالوں کی صورت میں صبح شام تلسی کے پتے چبائیں اور تلسی کے پتوں کو پانی میں ابال کر اس پانی سے کلی کریں اس سے آپ کو راحت ملے گی۔
نمبر 2 میتھی کے پتے
یہ پتے بھی مُنہ کے چھالوں کے لیے انتہائی مفید ہیں میتھی کے پتوں کو پانی میں ابال لیں اور پھر پانی کو ٹھنڈا ہونے دیں اور ٹھنڈا ہونے پر اس پانی سے کلی کریں اس سے چھالوں میں پیدا ہونے والی درد میں آرام ملے گا اور چھالے جلدی ٹھیک ہو جائیں گے۔
نمبر 3 شہد
شہد ادویاتی خوبیوں سے بھرپور کھانا ہے اور اس کی اینٹی بیکٹریل خوبیاں منہ کے چھالوں کو آرام دیتی ہیں، منہ میں پڑنے والے چھالوں کی صورت میں شہد کو متاثرہ حصے پر لگائیں اور اگر شہد میں ایک چٹکی ہلدی شامل کر لیں تو یہ سونے پر سہاگہ کا کام کرے گا۔
نمبر 4 ایلوویرا
یہ کڑوا پودا بھی اپنے اندر شفا رکھتا ہے مُنہ میں چھالوں کی صورت میں ایلوویرا جُوس کے ساتھ کلی کریں یہ بہترین ماوتھ واش کا کام کرے گا اور جہاں چھالوں میں درد کو ختم کرنے کا باعث بنے گا وہاں انہیں جلدی ٹھیک کرنے میں بھی معاؤن ثابت ہوگا۔
نوٹ: اگر آپ کے پاس ایلوویرا کا جُوس نہیں ہے تو آپ اس پودے کی جیل بھی استعمال کر سکتے ہیں۔
نمبر 5 ناریل کا تیل

اس تیل میں قدرت نے اینٹی وائرل، اینٹی فنگل، اینٹی اینفلامیٹری خوبیاں رکھی ہیں جو اسے مُنہ کے چھالوں کے لیے انتہائی مفید بنا دیتی ہیں، مُنہ میں چھالوں کی صورت میں اس تیل کو چھالوں پر لگائیں یا اسے مُنہ میں تھوڑی دیر رکھ کر کلی کری دیں یہ آپ کی تکلیف کو کم کر کے جلد آرام دینے کا سبب بنے گا۔
نمبر 6 نمکین پانی
صدیوں پُرانا یہ طریقہ علاج بھی منہ کے چھالوں کے لیے ایک بہترین ٹوٹکا ہے کیونکہ یہ نہ صرف مُنہ کے چھالوں کو آرام دیتا ہے بلکہ اس سے غرارے کرنا گلے کی سوزش اور نزلہ کھانسی زکام جیسی بیماریوں کو بھی ٹھیک کرتا ہے۔
نمبر 7 ٹوتھ پیسٹ
ٹوتھ پیسٹ میں جہاں جراثیم کش خصوصیات شامل ہوتی ہیں وہاں اس میں اینٹی مائیکروبل خوبیاں مُنہ کے چھالوں کو جلد آرام دینے میں مدد دیتی ہیں اس لیے اگر اور کوئی چیز نہیں ملتی تو مُنہ کے چھالوں پر ٹوتھ پیسٹ کا لیپ لگا دیں یہ آپ کو درد میں فوری آرام دے گی اور ان چھالوں کو جلد ٹھیک کر کے آپ کے لیے سکون کا باعث بنے گی۔
نوٹ: اگر منہ میں چھالے زیادہ تکلیف دہ ہیں اور ختم نہیں ہو رہے تو ڈاکٹر سے رابطہ کریں تاکہ ان کی اصل وجہ کی تشخیص ہو سکے۔
Featured Image Preview Credit: https://www.scientificanimations.com/, CC BY-SA 4.0, via Wikimedia Commons