نظر لگنا کیا ہے اور بُری نظر انسان کے جسم پر کیسے اثر انداز ہوتی ہے

Posted by

کہتے ہیں بُری نظر پہاڑ کو کھا جاتی ہےاور نظر بد انسان کو ہلاک کر دیتی ہے مگر بہت سے لوگ اس بات پر یقین نہیں رکھتے اُن کا کہنا ہے یہ سب من گھڑت اور تہم پرستی کی باتیں ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
مشہور امریکن رائٹر رابرٹ فلگھم اپنی کتاب "All I realy need to know I learn in kindergarten) میں لکھتے ہیں کہ افریقہ کے سولومون آئی لینڈ پر رہنے والے قبائل جب کسی درخت کی لکڑی کو استعمال کرنے کا ارادہ کرتے ہیں تو وہ ہرے بھرے درخت کو نہیں کاٹتے، سولومون قبائل کے لوگ اکھٹے ہو کر اُس درخت کو گھیر لیتے ہیں اور اُسے بد دُعائیں دینا شروع کر دیتے ہیں اور پھر کُچھ ہی دنوں میں وہ درخت سُوکھ جاتا ہے تب وہ اُسے کاٹ کر اُس کی لکڑی استعمال کر لیتے ہیں۔

نظر بد کیا انسان کے جسم پر اثر انداز ہوتی ہے سائنس ابھی اس بات کو نہیں مانتی کیوں کہ سائنس ہر اُس چیز سے انکار کر دیتی ہے جسے وہ لیبارٹری میں ٹیسٹ نہیں کر سکتی مگر میٹا فزکس کو پڑھنے والے اس بات کو جانتے ہیں کے نظر بد کے انسانی جسم پر اثرات پیدا ہوتے ہیں اور وہ نظر نہ آنے والی لہروں کی صورت میں جسم کو نقصان پہنچاتی ہے۔
اس بات کو مزید سمجھنے کے لیے ایک روایت ہے کہ ایک بادشاہ کی بیٹی بیمار ہوگئی اور مُلک کے تمام طبیب اُس کا علاج کرنے میں ناکام ہوگئے شہزادی کا مرض بڑھتا جارہا تھا اور کوئی دوا اُس پر اثر انداز نہیں ہو رہی تھی تب ایک شخص بادشاہ کے دربار میں آیا اور اُس نے بادشاہ سے شہزادی کا علاج کرنے کی اجازت مانگی۔

بادشاہ نے شاہی طبیب کو طلب کیا اور اُس سے کہا کے اس شخص سے دریافت کرو کے یہ شہزادی کا علاج کیسے کرے گا، طبیب نے اُس شخص سے پُوچھا کے بتاؤ تُم شہزادی کا علاج کیسے کرو گے تو اُس نے جواب دیا کے میں شہزادی پر کُچھ الفاظ پڑھ کر پھونکوں گا جس سے وہ ٹھیک ہوجائے گی۔

طبیب مُسکرایا اور طنزاً بولا کبھی الفاظ پڑھنے سے بھی بیماریاں ختم ہوتی ہیں اور پھر بادشاہ سے بولا یہ شخص جھوٹا ہے اور ہمارا وقت ضائع کر رہا ہے۔ وہ شخص بولا میں ابھی ثابت کر سکتا ہوں کہ الفاظ جسم پر اثر انداز ہوتے ہیں۔

بادشاہ نے اُسے اجازت دی کے وہ اپنی بات کو ثابت کرے، تب اس شخص نے شاہی طبیب کے متعلق چند نازیبا جملے بولے جس پر شاہی طبیب سخت غُصے میں آ گیا اور بادشاہ سے کہا کے اس گُستاخ کو سزا دی جائے۔ اس بات پر وہ شخص بادشاہ سے مخاطب ہُوا کہ جناب عالی میرے چند الفاظ نے شاہی طبیب کے جسم میں خُون کی گردش تیز کردی آپ دیکھ سکتے ہیں طبیب کی آنکھیں اور اس کے گال سُرخ ہو رہے ہیں اور یہ آپے سے باہر ہورہا ہے اور اگر بُرے الفاظ جسم پر اس طرح انداز ہوتے ہیں تو اچھے الفاظ جسم کو تندرست بھی کر سکتے ہیں۔

نظر بد جسم پر کیسے اثر انداز ہوتی ہے

بُری نظر شیطان کی نظر ہوتی ہے اور بُری نظر کے پیچھے حسد چُھپا ہوتا ہے جس سے اللہ خود اپنی کتاب القرآن میں فرماتا ہے کہ حسد کرنے والوں کے شر سے اللہ کی پناہ مانگو۔

جب کوئی شخص بُری نظر میں گھر جاتا ہے تو اُس کے جسم پر درجہ ذیل نشانیاں ظاہر ہوتی ہیں۔

  • وہ اچانک بغیر کسی وجہ کے جسم میں کمزوری اور لاحقی محسوس کرتا ہے۔
  • آنکھوں سے پانی نکلنا شروع ہوجاتا ہے
  • اُسے بغیر کسی وجہ سے بھوک لگنا ختم ہوجاتی ہے۔
  • اُس کے چہرے کا رنگ پیلا یا زرد ہونا شُروع ہوجاتا ہے۔
  • چھوٹی اور معمولی باتوں پر بھی پریشانی اُسے گھیرتی ہے اور اُس کی ہمت کو شدید نقصان پہنچاتی ہے۔
  • اُسے سینے مین جکڑن اور بھاری پن محسوس ہوتا ہے۔
  • جسم پر سُستی طاری ہوجاتی ہے اور کام کرنے کی صلاحیت ختم ہوجاتی ہے۔
  • بغیر کسی دُوسری وجہ کے متلی محسوس ہوتی ہے اور چکر آتے ہیں۔
  • سر میں درد مستقل ہونا شروع ہوجاتی ہے یا وہ درد شقیقہ میں مبتلا ہوجاتا ہے اور سر کو بھاری محسوس کرتا ہے۔
  • نظر لگنے کی صورت میں آدمی اپنے دوست احباب اور رشتہ داروں سے ملنا پسند نہیں کرتا۔
  • کاروبار میں نقصان ہونا شروع ہو جاتا ہے یا املاک میں نقصان ہوتا ہے

نظر بد سے بچنے کے طریقے

انسان عام طور پر بُری نظر کو خود دعوت دیتا ہے کہ وہ اُسے کھا جائے، آپکا اچھا لباس، آپکا اچھا کھانا، آپکی ترقی، آپکی خوبصورتی، نیک اولاد، ماں باپ سے فرمانبرداری، آپکی سخاوت، آپکا اچھا اخلاق، آپکا خوبصورت سخن، لوگوں میں آپکی مقبولیت وغیرہ وغیرہ یہ تمام خوبیاں حسد کرنے والوں کو آپ سے حسد کرنے پر مجبور کرتی ہیں، اور آجکل سوشل میڈیا پر آپکی ترقی سب کی نظر میں آتی ہے آپ جب کسی خوبصورت تصویر اور اچھے کھانے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہیں تو بہت سے ایسے بھی ہوتے ہیں جن کے دلوں کا حسد اُن تصاویر کو دیکھ کر بیدار ہوجاتا ہے اور آپکے نقصان کا باعث بنتا ہے۔

سُورہ یُوسف میں 2 واقعات ہمیں نظر بد سے بچنے کی تلقین کرتے ہیں، ایک جب جناب یُوسف کو اُن کے والد نے کہا تھا کے اپنا خواب اپنے بھائیوں کو مت سُنانا ( وہ تُم سے حسد کرنے لگیں گے) اور دُوسرا جب باپ نے اپنے بیٹوں کو محل میں داخل ہونے سے پہلے کہا تھا کے محل میں اکھٹے داخل مت ہونا بلکہ علیحدہ علیحدہ داخل ہونا ( تاکہ نظر بد سے بچ سکو)۔

ان مثالوں سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ لوگوں کی نظروں سے بچنا ضروری ہے آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ارشاد کا مفہوم ہے” اپنی ضروریات کو پُورا کرنے سے پہلے رازداری سے کام لیا کرو کیوں کے ہر نعمت والے سے حسد کیا جاتا ہے” (السلسلہ الصیحہ 257)۔

نظر اُتارنے کا سب سے اچھا طریقہ چاروں قُل اول و آخر درود شریف پڑھ کر ہاتھوں پر پھونک مار کر ہاتھ پُورے جسم پر پھیر لو اور اللہ سے حاسدین کے شر سے پناہ مانگ لو اور اگر ممکن ہو تو ساتھ میں کسی مسکین کو کھانا کھلا دو۔

Featured Image Preview Credit: Gabriel S. Delgado C. from Puerto Ordaz, Venezuela [CC BY 2.0], via Wikimedia Commons