گرمیوں کے موسم میں پانی کی کمی سے بچنے کے لیے خود کو ہائیڈریٹ رکھنا بہت ضروری ہے۔ ایسے میں اس موسم میں ناریل کا پانی پینا آپ کو بہت سے فائدے دے سکتا ہے۔ ناریل کا پانی گرمی کی شدت کو کم کرنے اور توانائی بڑھانے کے لیے بہت فائدہ مند سمجھا جاتا ہے۔ ناریل کے پانی میں کیلوریز بہت کم ہوتی ہیں۔ اس کے ساتھ اس میں قدرتی انزائمز اور پوٹاشیم جیسے معدنیات پائے جاتے ہیں۔ ناریل کا پانی صحیح وقت پر پینا اس کے فوائد کو دگنا کردیتا ہے اور اس آرٹیکل میں ہم جانیں گے کہ یہ ہمیں کس وقت پینا چاہیے اور یہ ہماری صحت پر کیا اچھے اثرات مرتب کرتا ہے۔

نہار مُںہ
ویسے تو ناریل کا پانی کسی بھی وقت پیا جا سکتا ہے اور یہ صحت کو فائدہ دیتا ہے لیکن اسے پینے کا سب سے بہترین وقت نہار مُنہ ہے کیونکہ صبح اٹھتے ہی خالی پیٹ ناریل کا پانی پینا بہت سے فائدے فراہم کرتا ہے۔ ناریل کے پانی میں لوریک ایسڈ پایا جاتا ہے جو قوت مدافعت بڑھانے کے ساتھ ساتھ میٹابولزم کو بڑھاتا ہے اور وزن کم کرنے میں بھی مدد کرتا ہے۔ ناریل کے پانی کا استعمال حاملہ خواتین کے لیے بھی بہت فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔ یہ جسم میں پانی کی کمی اور قبض کے مسئلہ کے ساتھ ساتھ حمل کے مسائل جیسے مارننگ سیکنس اور سینے کی جلن سے بھی نجات دلاتا ہے۔
ورزش سے پہلے اور بعد میں
ناریل کا پانی بہترین قدرتی مشروب سمجھا جاتا ہے۔ یہ ورزش سے پہلے جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے اور توانائی بڑھانے میں مدد کرتا ہے۔ جب کہ ورزش کے بعد ناریل کا پانی شدید ورزش کے بعد ضائع ہونے والے الیکٹرولائٹس کو بحال کرنے میں مدد کرتا ہے۔ ناریل کا پانی پینے سے تھکاوٹ اور تھکن سے لڑنے میں مدد ملتی ہے اور ساتھ ہی یہ توانائی بڑھانے کے لیے بھی کافی مناسب سمجھا جاتا ہے۔
کھانے سے پہلے
اگر آپ کھانا کھانے سے پہلے ناریل کا پانی پی لیں تو ضرورت سے زیادہ کھانے سے بچا جا سکتا ہے۔ ناریل پانی پینے سے ہاضمہ درست رہتا ہے، ساتھ ہی کھانا کھانے کے بعد ہونے والے اپھارے سے بھی بچا جا سکتا ہے۔ ناریل کا پانی پینے سے بلڈ پریشر کنٹرول میں رہتا ہے اور ہاضمہ بہتر ہوتا ہے۔
سونے سے پہلے
ناریل کے پانی سے آنے والی خوشبو آپ کے دماغ کو پرسکون کرنے میں مدد دیتی ہے۔ اس سے بے چینی اور دل کی دھڑکن کو کم کرنے میں مدد ملتی ہےاس لیے رات کو سونے سے پہلے ناریل کا پانی پینا انتہائی مفید ثابت ہوتا ہے کیونکہ یہ ذہنی تناؤ کم کرتا ہے اور دماغ کو پرسکون کر کے نیند کو گہرا کرنے کا باعث بنتا ہے۔
ہینگ اوور کا علاج
الکوحل اگرچہ حرام ہے لیکن بہت سے لوگ اس کے عادی بن جاتے ہیں۔ اگر آپ الکحل کے ہینگ اوور سے بچنا چاہتے ہیں تو ناریل کا پانی آپ کے لیے بہت مفید ثابت ہوسکتا ہے۔ الکحل کا استعمال جسم میں پانی کی کمی کا باعث بنتا ہے جس کی وجہ سے آپ کو صبح اٹھتے ہی سر درد کے مسئلے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایسی صورت حال میں ناریل کا پانی کھوئی ہوئی الیکٹرولائٹس کو بحال کرنے میں مدد کرتا ہے جس سے آپ بہتر محسوس کرتے ہیں۔ ناریل کے پانی میں پوٹاشیم، مینگنیج، وٹامن سی، کیلشیم جیسے غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں جو آپ کو صحت مند رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔
Feature Image Preview Credit: Iaminfo, CC BY-SA 3.0, via Wikimedia Commons