بچوں کی پرورش ایک انتہائی حساس کام ہے جس میں تھوڑی سی کوتاہی بچے کی زندگی میں خوف، جھجک، تلخی، حسد، پریشانی، خُود غرضی، غروروغیرہ جیسی کئی بیماریاں پیدا کر سکتی ہیں اور اُس کا بچپن اگر ان چیزوں کا شکار ہو جائے تو اُس کے اثرات اُس کی جوانی کیساتھ ساتھ اُس کے بُڑھاپے تک اُس کے ساتھ رہتے ہیں اور اُس کی زندگی کو تکلیف دیتے رہتے ہیں۔
اس آرٹیکل میں ہم بچوں کے ماہرین کی بیان کی ہوئی والدین کی چند ایسی کوتاہیوں کا ذکر کریں گے جنہیں کرتے وقت اُنہیں احساس نہیں ہوتا کہ اُن کے عمل کے اثرات کتنی دُور تک جا سکتے ہیں۔
نمبر 1 چُھپ کر کام کرنے والے بچے
اگر آپ کا بچہ کوئی کام کرنے سے پہلے آپ کی نگاہوں سے چُھپ جاتا ہے تو یہ نشانی ہو سکتی ہے کے آپ اکثر اُس کے سامنے چڑچڑے پن کا مُظاہرہ کرتے ہیں اور اُس کی بات پر اور اُس کے کاموں پر اُسے ہمیشہ ڈانٹتے ہیں، اس سے بچے میں خوف جنم لیتا ہے اور وہ والدین سے دُور ہٹتا جاتا ہے اوراُسکا والدین پر اعتماد کم ہو جاتا ہے۔
نمبر 2 حد سے زیادہ شرمیلے
اگر آپ کا بچہ ضرورت سے زیادہ شرمیلا ہے اور آپ کی باتوں سے بے نیاز رہتا ہے تو اس کی ایک وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ آپ اُسے ضرورت سے زیادہ وہ باتیں سمجھاتے ہیں جو وہ پہلے سے جانتا ہے اور سمجھتا ہے۔
نئے موضوع اور نئی کہانیاں بچوں کے اندر سیکھنے کی اور سُننے کی لگن پیدا کرتی ہیں اس لیے اُنہیں وہ کام اور باتیں سیکھائیں جن میں اُن کا انٹرسٹ ہو اور وہ پہلے سے نہ جانتے ہوں۔
نمبر 3 اپنے کھلونوں کی بجائے دُوسروں کے کھلونوں سے کھیلنا
اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپ اپنے بچوں کو ہر چیز خرید کر دیتے ہیں مگر پھر بھی وہ دُوسرے بچوں کے کھلونوں سے کھیلنا پسند کرتے ہیں اور اپنے کھلونے زیادہ تر توڑ دیتے ہیں تو یہ نشانی ہو سکتی ہے کہ آپ اُن کی چوائس کا احترام نہیں کرتے اور اُنہیں وہ کھلونے خرید کر دے رہے ہیں جو اُنہیں پسند نہیں ہیں۔
نمبر4 حسد کرنے والے بچے
اگر آپ کے بچے میں دُوسرے بچوں کے متعلق حسد پیدا ہو رہا ہے تو خاطر امکان ہے کہ آپ اُس کا موازنہ دوسرے بچوں سے کر رہے ہیں اور اکثر اُسے یہ بتا رہے ہیں کے فلاں بچہ بہت اچھا بچہ ہے اور آپ بلکل نکمے ہو۔
نمبر 5بدتمیز بچے
اگر آپ کا بچہ بدتمیزی پر اُتر آیا ہے اور کسی بات کو خاطر میں نہیں لا رہا تو یہ نشانی ہے کہ اُس کے اردگرد آپ یا کوئی اور بڑئے ایسا ہی عمل کر رہے ہیں جنہیں دیکھ کر وہ ایسے کام کرنا سیکھ رہا ہے۔
نمبر 6 چڑچڑے بچے
اگر بچے میں چڑاچڑا پن پیدا ہو رہا ہے تو یہ نشانی ہے کہ اُسے پُوری توجہ نہیں مل رہی، خاص طور پر ایسا اُس وقت ہوتا ہے جب ماں اور باپ اُس سے کم عُمر بہن اور بھائیوں کی طرف زیادہ توجہ کر رہے ہوں اور اُسے لگ رہا ہو کہ اُسے بلکل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
نمبر 7 جھوٹ بولنا
اگر آپ کو پتہ چلے کے آپ کا بچہ آپ سے جھوٹ بولتا ہے تو یہ نشانی ہے کہ آپ نے اُسے اُس کی غلطیوں پر ضرورت سے زیادہ ڈانٹا ہے۔
نمبر 8 قوت فیصلہ سے محرومی
اگر بچے میں قوت فیصلہ کی کمی پیدا ہو رہی ہے اور وہ مُشکلات کا مُقابلہ کرنے کی صلاحیت کھو رہا ہے تو یہ نشانی ہے کہ آپ اُسے دوسرے بچوں کے سامنے زیادہ ڈانٹ پلاتے ہیں۔
بچے کو دُوسرے بچوں کے سامنے چاہے وہ اُس کے بہن بھائی اور کزن ہوں ہرگز مت ڈانٹیں وگرنہ یہ بچوں کی قوت فیصلہ کو کمزور کر دے گا۔
نمبر 9 خاموش اور اُداس بچے
اگر بچہ کسی چیز کو پسند کرتا ہے مثال کے طور پر اگر وہ کوئی کھلونا گاڑی لینا چاہتا ہے اور آپ اُسے زبردستی کوئی دوسرا کھلونا خرید کر دے رہے ہیں یا اُسے بتا رہے ہیں کہ جو چیز آپ اُس کے لیے پسند کر رہے ہیں وہی اُس کے لیے بہتر ہے تو ایسے بچے بڑے ہوکر الگ تھلگ ہو جاتے ہیں اور اپنے لیے جاب ڈھونڈنے اور دوسرے کام کرنے میں انتہائی سُست ہوتے ہیں۔
نمبر 10 ہر وقت کی ڈانٹ
اگر آپ ذہنی تناؤ کی حالت میں رہتے ہیں اور بچوں کو ضرورت سے زیادہ ڈانٹ پلاتے ہیں تو ایسے بچے والدین سے دُور ہوتے جاتے ہیں وہ والدین پر بھروسا کرنا چھوڑ دیتے ہیں اور اُن کی باتوں کو اہمیت نہیں دیتے، ایسے بچے بڑے ہوکر منشیات کی طرف راغب ہوسکتے ہیں اور صحیح اور غلط کام کی پہچان کھو سکتے ہیں۔