وٹامن بی 12 ایک انتہائی اہم وٹامن ہے جو ہمارے جسم میں خُون کے سُرخ ذرات اور ڈی این اے بنانے میں انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے اور ہمارے نروس سسٹم کو فعال رکھتا ہے لیکن اگر ہم اپنی خوراک میں اس وٹامن کی پُوری مقدار نہیں کھارہے تو جسم میں اس وٹامن کی کمی کے خدشات بڑھ جاتے ہیں خاص طور پر عُمر رسیدہ افراد میں عام طور پر اس وٹامن کی کمی پیدا ہوتی ہے۔
عُمر رسیدہ افراد کیساتھ ساتھ اس وٹامن کی کمی کا شکار ایسے افراد بھی ہو سکتے ہیں جو ذیابطیس کو کنٹرول کرنے کے لیے میٹفورمین(گلوکوفج) جیسی ادویات کا استعمال کر رہے ہوتے ہیں یا اپنے کھانے میں صرف سبزیاں کھاتے ہیں یا ہارٹ برن کے لیے لمبے عرصے تک اینٹی ایسڈ ادویات کا استعمال کرتے ہیں۔
اس وٹامن کی کمی جسم پر فوری طور پر ظاہر نہیں ہوتی بلکہ عام طور پر کمی پیدا ہونے کی صُورت میں کمی کی نشانیاں بہت دیر سے ظاہر ہوتی ہیں اور علاج میں دیر ہوجاتی ہے، اس آرٹیکل میں ہم وٹامن بی 12 کی کمی کی 9 ایسی نشانیوں کا ذکر کریں گے جو جسم میں اس وٹامن کی کمی کو ظاہر کرتی ہیں۔
نمبر 1 جلد پیلی پڑنا
یہ وٹامن ہمارے جسم میں ڈی این اے کی پروڈکشن بڑھاتا ہے اور یہ ڈی این اے ہمارے خُون کے سُرخ ذرات کو بناتے ہیں اور اگر ہمارے جسم میں اس وٹامن کی کمی ہے تو خون کے سُرخ ذرات کی مقدار متاثر ہوتی ہے جس سے جلد کا رنگ پیلا پڑ جاتا ہے جیسے یرقان ہوگیا ہو۔
نمبر 2 کمزوری اور تھکاوٹ
جسم کا کمزور ہونا اور جلد تھک جانا اس وٹامن کی کمی کی ایک بڑی نشانی ہے اور ایسا اس لیے ہوتا ہے کیونکہ جسم میں خُون کے سُرخ ذرات ٹھیک سے پیدا نہیں ہوتے اور یہ ذرات چونکہ جسم میں آکسیجن پہنچانے کے ذمہ دار ہوتے ہیں لہذا ان کی کمی کے باعث جسم کو آکسیجن مطلوبہ مقدار میں ملنی بند ہوجاتی ہے اور کمزوری اور جلد تھکاؤٹ محسوس ہونی شروع ہو جاتی ہے۔
نمبر 3 سُوئیاں چھبنا
زیادہ عرصے تک جسم میں اس وٹامن کی کمی ہمارے نروس سسٹم کو متاثر کرنے کا باعث بنتی ہے، یہ وٹامن ہمارے جسم میں ایک فیٹی مادہ مائیلین بناتا ہے اور مائیلین ہمارے نروس سسٹم کی حفاظت کرتا ہے اور اگر اس وٹامن کی کمی واقع ہو تو مائیلین کی مقدار متاثر ہوتی ہے جس سے نروس سسٹم ٹھیک سے کام کرنا بند کر دیتا ہے اور مریض عام طور پر ہاتھوں اور پیروں میں سُوئیاں چھبنا محسوس کرنا شروع کر دیتا ہے۔
نمبر 4 نقل و حرکت متاثر کرتا ہے
نروس سسٹم کے زیادہ عرصہ تک کمزور رہنے سے نقل و حرکت مُتاثر ہوتی ہے خاص طور پر 60 سال سے بڑھی عُمر کے افراد اپنا بیلنس قائم نہیں رکھ پاتے اور چلتے چلتے گر جاتے ہیں اور اگر ایسے افراد کو مُناسب مقدار میں یہ وٹامن کھلایا جائے تو اُن کی نقل حرکت بہتر ہو جاتی ہے۔
نمبر 5 مُنہ اور زُبان کا پکنا
میڈیکل سائنس کی تحقیقات کے مُطابق وٹامن بی کی کمی سے زُبان پک جاتی ہے سُرخ ہوجاتی ہے اور مُنہ میں السر پیدا ہو سکتا ہے اسکے ساتھ ساتھ زُبان پر سُوئیاں چھبنا منہ کا جلنا وغیرہ اس وٹامن کی کمی کی ابتدائی نشانیاں ہیں۔
نمبر 6 سانس اُکھڑنا اور چکر آنا
اگر جسم میں اس وٹامن کی کمی پیدا ہو تو سانس کا اُکھڑنا اور چکر آنا عام نشانیاں ہیں کیونکہ جسم کو خُون کے سُرخ ذرات میں کمی کے باعث مقررہ مقدار میں آکسیجن ملنا بند ہو جاتی ہے لیکن یہ نشانیاں کئی اور بیماریوں کی وجہ سے بھی ظاہر ہو سکتی ہیں لہذا ڈاکٹر سے ملنا اور چیک اپ کروانا ضروری ہوتا ہے تاکہ صحیح مرض کی تشخیص ہو سکے۔
نمبر 7 نظر کا مُتاثر ہونا
وٹامن بی 12 کی کمی کی ایک نشانی نظر کا دُھندلا ہونا اور ویژن کا مُتاثر ہونا بھی ہے اور اس کی وجہ نروس سسٹم کا کمزور ہونا ہے جس سے آنکھوں کی نروزبھی متاثر ہوتی ہیں۔
نمبر8 مزاج بدلنا
وٹامن بی 12 کی کمی کے شکار افراد عام طور پر خراب مزاج کی شکایت کرتے ہیں کیونکہ اس وٹامن کی کمی سے دماغ ٹھیک طرح کام نہیں کر پاتا اور ڈپریشن اور عتاہت جیسی محسوسات پیدا ہونی شروع ہوجاتی ہیں۔
نمبر 9 تیز بُخار
وٹامن بی 12 کی کمی تیز بُخار میں مُبتلا کر سکتی ہے مگر یہ نشانی بہت کم مریضوں میں ظاہر ہوتی ہے۔
نوٹ: اگر آپ اوپر دی گئی نشانیوں میں سے کوئی ایک یا ساری محسوس کرتے ہیں تو ہو سکتا ہے کہ آپ وٹامن بی 12 کی کمی کا شکار ہوں اس لیے بہتر ہو گا کہ اپنے ڈاکٹر سے مکمل معائنہ کروائیں تاکہ مرض کی تشخیص ہو سکے اور وقت پر علاج ہوسکے۔