پاکستان میں ٹماٹر کی قمیت آسمان کو چھو رہی ہے اور ٹماٹر ایک ایسی سبزی ہے جو تقریباً تمام دیسی کھانوں میں استعمال ہوتی ہے خاص طور پر خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے لوگ تو پیاز کی جگہ بھی ٹماٹر ہی استعمال کرتے ہیں اور جب سے بازار میں ٹماٹر کی قیمت 250 روپئے سے اوپر گئی ہے گھر میں کھانا پکانے کا بجٹ بیحد متاثر ہُوا ہے لیکن گھبرانے کی بات نہیں ہے کیونکہ اس آرٹیکل میں ہم 7 ایسے کھانے شامل کر رہے ہیں جو سالن میں ٹماٹر کے بہترین متبادل کا کام کرتے ہیں اور کھانے کو ایک نیا ذائقہ دیتے ہیں۔ تو آئیے جانتے ہیں کہ یہ متبادل کون کونسے ہیں۔
نمبر 1 املی کی پیسٹ

املی ویسے تو بہت سے کھانوں کا ذائقہ دوبالا کرتی ہے لیکن ٹماٹر کی غیر موجودگی میں آپ اسے بطور ٹماٹر استعمال کر سکتے ہیں کیونکہ اسکا کھٹا میٹھا ذائقہ سالن میں ٹماٹر جیسا ذائقہ پیدا کرتا ہے۔ املی کی پیسٹ میں املی کے اندر میٹھا بھی ڈالا جاتا ہے جس سے املی میں کھٹاس کم ہو جاتی ہے اس پیسٹ کو آپ سالن میں ٹماٹر کی جگہ بھی استعمال کر سکتے ہیں لیکن اس پیسٹ کی مقدار کو سالن میں تھوڑا شامل کر کے پہلے ذائقہ کر لیجیے گا تا کہ یہ مطلوبہ مقدار سے زیادہ شامل نہ ہو جائے!
نمبر 2 خشک آلو بخارہ
آلو بخارہ اگرچہ بذات خود مہنگا ہے لیکن اگر ٹماٹر نایاب ہے تو خشک آلو بخارہ بھی ٹماٹر کی جگہ کھانے میں استعمال ہو سکتا ہے اور یہ کھانے کے ذائقے کو لاجواب بنا دیتا ہے۔
نمبر 3 آملہ
آملہ بیر کی شکل کا ایک پھل ہے جسے عام طور پر میٹھے اور کھٹے دونوں کھانوں میں استعمال کیا جاتا ہے خاص طور پر اس کا مربہ اور اچار پاکستان میں بیحد پسند کیے جاتے ہیں۔ آملہ کا ذائقہ کڑوا ہوتا ہے اس لیے اسے نمک لگا کر پانی میں بھگو دیا جاتا ہے جس سے اس کی کڑواہٹ کم ہو جاتی ہے۔ آپ آملہ کو سالن میں ٹماٹر کی جگہ استعمال کر سکتے ہیں اور اسے استعمال کرنے کے بیشمار فائدے ہیں کیونکہ آملہ وٹامن سی اور اینٹی آکسائیڈنٹ سے مالامال پھل ہے جو ہماری صحت کو بیشمار طریقوں سے فائدہ پہنچاتا ہے۔
نمبر 4 حلوہ کدو
جب ٹماٹر بہت زیادہ مہنگا ہو اور آپ کھانے کے ذائقے پر کوئی سمجھوتا نہ کرنا چاہتے ہوں تو ٹماٹر کی جگہ حلوہ کدو لے آئیں اور سالن کا مصالحہ حلوہ کدو کے ساتھ بھونیں اور پھر اس میں چاہے سبزی پکائیں اور چاہے گوشت، بچوں سمیت بڑے انتہائی شوق سے کھائیں گے۔
نمبر 5 دہی
دہی کسی تعریف کا محتاج نہیں اور سب ہی جانتے ہیں کہ یہ سالن میں بطور ٹماٹر کا متبادل استعمال ہوتا ہے اور نہ صرف کھانے کا ذائقہ بہتر بناتا ہے بلکہ کیلشیم اور پروٹین سے بھرپور ہونے کے باعث یہ ہماری صحت کو بھی کئی فوائد دیتا ہے خاص طور پر ہماری ہڈیوں کو کمزور ہونے سے بچاتا ہے۔
نمبر 6 آم کی کیری
کھانے کا ذائقے کو اگر سویٹ اینڈ سار کرنا ہو تو آم کی کیری سے بہتر شائد ہی کوئی اور پھل ہو کیونکہ اس میں کھٹاس اور مٹھاس کی موجودگی اسے ذائقے کا بادشاہ بنا دیتی ہے۔ آم کی کیری اگرچہ سارا سال دستیاب نہیں ہوتی لیکن آپ اس کے موسم میں اگر اس کی چٹنی بنا کر رکھ لیں تو اسے سارا سال بھی استعمال کر سکتے ہیں۔
نمبر 7 مصالحہ جات
جس کھانے میں ٹماٹر کھانے کا مرکزی جز نہ ہو اس کھانے میں مختلف مصالحہ جات کا استعمال کر کے بھی کھانے کے ذائقے کو بہتر بنایا جا سکتا ہے خاص طور پیپریکا پاوڈر، آم چور پاوڈر اور ادرک اور لہسن کے پاوڈر وغیرہ کا استعمال کر کے دیکھیں یہ آپ کے کھانے کے ذائقے کو دوبالا بنائیں گے۔