سرزمین پاکستان کا مُقام خطہ زمین پر انتہائی اہم ہے جہاں گرمیوں میں آپ کو ایسے علاقے بھی ملیں گے جہاں جون جولائی میں بھی برف باری ہوتی ہے اور سردیوں میں ایسے علاقے بھی ملیں گے جہاں آپ کو گرمی لگنے لگے گی، پاکستان میں آپ کو دُنیا کا شدید ترین ٹھنڈا موسم بھی ملے گا مثال کے طور پر ابھی اگر آپ گوگل پر چیک کریں K2 Weather تو گوگل آپ کو بتائے گا کہ اس وقت کےٹو کے بیس کیمپ پر منفی 47 ڈگری درجہ حرارت ہے اور یہ دیکھ کر آپ سوچ میں پڑ جائیں گے کے منفی 47 ڈگری کے درجہ حرارت میں حرارت کہاں ہے۔

اس آرٹیکل میں کے ٹو بیس کیمپ نہیں شامل کیا جا رہا بلکہ پاکستان کے اُن شہروں کو شامل کیا جا رہا ہے جہاں درجہ حرارت کبھی بھی 0 ڈگری یا اُس سے نیچے ریکارڈ کیا گیا، تو آئیے کراچی سے شروع کرتے ہیں۔
کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے اور کبھی پاکستان کا دارلحکومت ہوتا تھا، اس شہر کا عام طور موسم سرما سے زیادہ واسطہ نہیں پڑتا اور یہاں کا موسم گرم مرطوب ہی رہتا ہے لیکن 21 جنوری 1934 میں کراچی والوں نے ایک ایسا دن دیکھا جب کراچی کا درجہ حرارت 0 ڈگری ہو گیا۔
لاڑکانہ کا شُمار پاکستان کے گرم ترین علاقوں میں ہوتا ہے جہاں 31 مئی 1998 کو درجہ حرارت 52.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا لیکن لاڑکانہ میں 6 جنوری 2006 میں لوگوں نے ایک ایسا دن دیکھا جب اتنی سردی پڑی کے درجہ حرارت منفی 1 ڈگری ہو گیا۔
لاہور پاکستان کا دُوسرا بڑا شہر ہے جہاں عام طور پر کبھی درجہ حرارت 0 ڈگری تک نہیں پہنچا لیکن 17 جنوری 1935 کے دن اس شہر کا درجہ حرارت منفی 2.2 ڈگری تک چلا گیا اور یہ لاہور کا اب تک کا سب سے کم درجہ حرارت ہے جو ریکارڈ کیا گیا۔
پشاور صوبہ خیبر پختون خواہ کا دارلخلافہ ہے اور سردیوں میں اکثر یہاں درجہ حرارت 0 ڈگری کے قریب چلا جاتا ہے مگر 7 جنوری 1970 کے دن پشاور میں آج تک کی سب سے زیادہ سردی ریکارڈ کی گئی اور درجہ حرارت منفی 3.9 ڈگری تک چلا گیا۔
سکردو گلگت بلتستان کا ایک انتہائی خوبصورت شہر ہے جہاں شدید سردی پڑتی ہے مگر اس سال یعنی 24 جنوری 2019 کو اس شہر میں شدید ترین موسم ریکارڈ ہُوا اور درجہ حرارت منفی 22 ڈگری تک چلا گیا۔
قلات بلوچستان کا ایک خوبصورت شہر ہے جہاں سردیوں میں شدید سردی پڑتی ہے مگر 30 دسمبر 2013 کے دن اس شہر کا درجہ حرارت منفی 15 ڈگری تک چلا گیا۔
کوئٹہ صوبہ بلوچستان کا دارلخلافہ ہے جہاں عام طور پر سردیوں میں درجہ حرارت منفی میں چلا جاتا ہے مگر 18 جنوری 1970 میں اس شہر نے اپنی تاریخ کی سب سے شدید ترین سردی دیکھی اور یہاں درجہ حرارت منفی 18.3 ڈگری کو چُھو گیا۔
Featured Image Preview Credit: Shahid1024 [CC BY-SA 4.0], via Wikimedia Commons, Image has been cropped
And Ammar Ejaz [CC BY-SA 3.0], via Wikimedia Commons, The image has been cropped