پنجابی مہینے ہاڑھ کی دلچسپ روایات جو 15 جون سے شروع ہوتا ہے

Posted by

ہاڑھ کا مہینہ پنجابی کلینڈر کا تیسرا اور سکھ نانک شاہی کلینڈر کا چوتھا مہینہ ہے جو 15 جُون سے شروع ہوتا ہے اور 15 جولائی کو اس کا اختتام ہوتا ہے اور اس مہینے کے 31 دن ہیں جن میں صوبہ پنجاب کے اندر شدید گرمی پڑتی ہے اور بہت کم بارش ہوتی ہے اور عام طور پر سیاح اس مہینے میں پنجاب کا رُخ نہیں کرتے۔

پنجاب میں عام طور پر 4 موسم پائے جاتے ہیں اور پنجابی کلینڈر کے ان مہینوں میں چاند کے مہینوں کی طرح موسم بدلتے نہیں ہیں اور ایک جیسے ہی رہتے ہیں اور یہ مہینے اس صوبے کی سرزمین کے موسم کی صحیح ترجمانی کرتے ہیں کیونکہ صوبہ پنجاب میں شدید گرمی کا موسم 15 مئی سے شروع ہوتا ہے اور اس تاریخ سے جیٹھ کا مہینہ بھی شروع ہوتا ہے اسی طرح یہ گرمی 15 ستمبر تک جاری رہتی ہے اور پنجابی مہینے اسو جو 16 ستمبر کو شروع ہوتا ہے کے آغاز سے موسم بدلنا شروع ہو جاتا ہے۔

پنجابی کلینڈر میں جیٹھ اور ہاڑ گرمی کے 2 شدید مہینے ہیں اور ان کے متعلق پنجاب کے کسانوں کا کہنا ہے کہ ” جیٹھ ہاڑھ رج کے گرمی تے ساؤن بھادوں رج کے برسن” یعنی جیٹھ اور ہاڑھ کے مہینے میں زبردست گرمی پڑے اور ساؤن اور بھادوں میں خوب بارش ہو تاکہ کسانوں کی فصلوں کی پیداوار اچھی ہو۔

خطہ پنجاب میں عام طور پر اس مہینے میں ساحل بنگال سے اُٹھنے والی مُون سُون کی ہوائیں داخل ہونا شروع ہو جاتی ہیں اور ہاڑھ کے آخری دنوں میں پنجاب میں مُون سُون کا باقاعدہ آغاز ہوتا ہے اور اس موسم کے آغاز پر شدید گرمی کا زور ٹُوٹ جاتا ہے اور ہر بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو جاتا ہے۔

پنجاب میں اس مہینے میں دن میں شدید گرمی پڑتی اور لو چلتی ہے اور عام طور پر دوپہر کے وقت کاروبار وغیرہ تقریباً بند ہو جاتے ہیں اور لوگ دوپہر کو گھروں میں رہنا پسند کرتے ہیں اور رات میں بھی پنجاب کے وہ علاقے جہاں درخت نہیں ہیں وہاں کا موسم 30 ڈگری سے نیچے نہیں آتا اور لوگ دن کے اوقات میں نہروں اور دریاؤں کا رُخ کرتے ہیں اور اس مہینے میں پاکستان کے بالائی علاقوں کی طرف جہاں موسم خوشگوار ہوتا ہے جانا پسند کرتے ہیں۔

اس موسم میں پنجاب میں جامن کا پھل پک کر تیار ہوجاتا ہے اور جامن کا درخت پنجاب کے شہروں اور دیہاتوں میں عام پایا جاتا ہے اور اس کا پھل جسم کی گرمی کو دُور کرنے کا باعث بنتا ہے اور شدید گرمی میں یہاں کے رہنے والوں کو موسم کی سختی سے بچاتا ہے اور اس پھل کیساتھ آم کی انتہائی مزیدار نسل چونسا بھی تیار ہو جاتی ہے جو یہاں کے رہنے والوں کے نزدیک پھلوں کا بادشاہ ہے۔

Featured Image Preview Credit: Faran104, CC BY-SA 4.0, via Wikimedia Commons