پھیپھڑوں کی طاقت میں کئی گُنا اضافہ کرنے والی 2 آسان ایکسرسائزز

Posted by

پھیپھڑوں کی صلاحیت (capacity) ہوا کی اُس مقدار کو کہتے ہیں جو پھیپھڑے اپنے اندر جمع کر کے روک سکتے ہیں، اور پھیپھڑوں کی یہ صلاحیت 20 سال کی عُمر کے بعد آہستہ آہستہ کم ہونا شروع ہو جاتی ہے اور اگر پھیپھڑوں کو کوئی بیماری لاحق ہو جائے تو یہ صلاحیت بہت تیزی سے کم ہوتی ہے جسکی وجہ سے سانس کا اُکھڑنا اور سانس لینے میں تکلیف جیسی بیماریاں پیدا ہوتی ہیں۔

خوش قسمتی سے سانس کی کُچھ ایکسرسائزز ایسی ہیں جو پھیپھڑوں کی صلاحیت میں اضافہ کرتی ہیں اور پھیپڑوں کو مضبوط اور طاقتور بنا دیتی ہیں جس سے پُورے جسم میں آکسیجن کی سپلائی بہتر ہوتی ہے۔ اس آرٹیکل میں پھیپھڑوں کی ان آسان ایکسرسائزز کا ذکر کیا جائے گا جنہیں اپنا کر آپ اپنی صحت کو مزید بہتر بنا سکتے ہیں۔

نمبر 1 ڈائیافرامیٹک بریتھ ورزش

ڈائیافرامیٹک بریتھ یا بیلی بریتھ ایک ایسی ورزش ہے جو بھاری وزن اُٹھانے کے لیے استعمال کی جاتی ہے اور یہ ورزش پھیپھڑوں کی بیماری "سی او پی ڈی” جس میں مبتلا افراد کو سانس لینے میں دشواری ہوتی ہے کے اثرات کو کم کرتی ہے اور اس ورزش کو کرنے کا طریقہ یہ ہے:

  • اپنے کاندھوں کو ریلیکس کر دیں اور بیٹھ جائیں یا لیٹ جائیں
  • اپنا ایک ہاتھ پیٹ پر رکھ کر دُوسرا ہاتھ سینے پر رکھ لیں
  • ناک کے راستے ایک لمبا سانس 2 سیکنڈ تک کھنچیں تاکہ آپ کا پیٹ چھاتی سے اوپر آ جائے
  • اب اس سانس کو 2 سیکنڈ میں ہونٹوں سے اس طرح خارج کریں جیسے پھونک مار رہے ہوں اور ساتھ میں ایک ہاتھ سے پیٹ کو دبائیں
  • اس ورزش کو بار بار دہرائیں

نوٹ: اگر آپ پھیپھڑوں کے مریض ہیں تو اس ورزش کا طریقہ اپنے ڈاکٹر سے سیکھ سکتے ہیں اسکے علاوہ یوٹیوب پر Diaphragmatic Breathing ایکسرسائز کے طریقے تلاش کر کے بھی سیکھ سکتے ہیں۔

نمبر 2 پرسڈ لپس ورزش

ہونٹوں کو اس پوزشن پر لانا جیسے آپ پھونک مارنے لگے ہوں اورپھر اس سے سانس لی ہُوئی ہوا کو پھونک مارتے ہُوئے خارج کرنے کو پرسڈ لپس بریتھنینگ کہا جاتا ہے اور اس ورزش کے دوران جب آپ سانس چھوڑتے ہیں تو اس سے سانس چھوڑنے کی رفتار آہستہ ہوتی ہے جس سے پھیپھڑوں سے ہوا خارج کرنے والے راستے دیر تک کُھلے رہتے ہیں اور اُن سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کو پُوری طرح خارج ہونے کا موقع ملتا ہے اور اسی طرح آہستہ سانس لیکر جب ہم ہوا پھیپھڑوں میں داخل کرتے ہیں تو پھیپھڑے اُس سے پُوری مقدار میں آکسیجن حاصل کرتے ہیں جس سے ان کے کام کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔

اس ورزش کو کرنے کے لیے ضروری نہیں ہے کہ آپ کسی ڈاکٹر یا انسٹرکٹر سے جا کر اسے سیکھیں بلکہ آپ یوٹیوب سے یا نیچے درج طریقے سےاسے سیکھ سکتے ہیں اور کہیں بھی اس ورزش کو کر سکتے ہیں اور اسکا طریقہ درجہ ذیل ہے:

  • اپنی ناک کے راستے آہستہ سانس پھیپھڑوں میں بھریں
  • ہونٹوں کو پھونک مارنے کی پوزیشن پر ایسے لے آئیں جیسے آپ ابھی کسی چیز پر پھونکنے لگے ہیں
  • اب آہستہ آہستہ سانس منہ کے راستے پھونک مارتے ہُوئے خارج کریں اور آپ کی سانس خارج کرنے کی رفتار سانس لینے کی رفتار سے دو گُنا سست ہونی چاہیے
  • اس ورزش کو بار بار دہرائیں

نوٹ: پرہیز سب سے اچھا علاج ہے اور پھیپھڑوں کی ورزش کے لیے اس انتظار میں نہ رہیں کہ یہ خراب ہوں تو ورزش کریں گے اور پھیپھڑوں کو صحت مند رکھنے کے لیے ان ہدایات پر لازمی عمل کریں:

  • تمباکو نوشی سے مکمل پرہیز کریں اور ایسی جگہ نہ بیٹھیں جہاں دھواں ہو اور ہوا میں آلودگی ہو
  • اینٹی آکسائیڈینٹ سے بھرپُور کھانے جیسے لہسن، ہلدی، ادرک وغیرہ کا استعمال زیادہ کریں
  • وبائی نزلہ زکام وغیرہ کی لازمی ویکسین لگوائیں تاکہ آپ کے پھیپھڑے انفیکشن سے بچ سکیں
  • جسمانی ورزش کو اپنی روٹین کا حصہ بنائیں اس سے بھی پھیپھڑے مضبوط ہوتے ہیں
  • گھر کے اندر اور کمروں کی ہوا سے آلودگی اور ڈسٹ وغیرہ سے پاک رکھیں، آپ اس کام کے لیے کوئی ائرفلٹر وغیرہ استعمال کر سکتے ہیں