چائے کی تاریخ ہزاروں سال پُرانی ہے اور روایات کے مُطابق 2737 قبل مسیح میں چین کے بادشاہ شین نونگ کے لیے پانی گرم کرنے کے دوران پانی میں چائے کے پتے گرے اور پانی کا رنگ بدل گیا شین نونگ کو سائنس اور ادویات میں دلچسپی تھی اُس نے پانی کا ذائقہ چکھا اور اُسے انسانی صحت کے لیے مُفید پایا اور یُوں چائے کا استعمال شروع ہو گیا۔
چائے کا استعمال دُنیا میں سب سے زیادہ تُرکی میں کیا جاتا ہے اور ہمارے مُلک پاکستان کا نمبر چائے استعمال کرنے والے ملکوں میں ساتواں ہے جہاں چائے کی کاشت بہت محدود پیمانے پر کی جاتی ہے اور اسے بڑے پیمانے پر درآمد کیا جاتا ہے اور چائے کی درآمد کرنے والے ملکوں میں ہمارا نمبر تیسرا ہے۔
ویسے تو دُنیا میں چائے بہت سے طریقوں سے پکائی جاتی ہے اور کوئی بھی طریقہ غلط نہیں ہے لیکن اس آرٹیکل میں کُھلی پتی اور ٹی بیگ سے چائے پکانے کے لیے چند ایسی ہدایات کو شامل کیا جا رہا ہے جن کو ملحوظ خاطر رکھ کر آپ چائے کے ذائقے اور خُوشبو کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
ٹی بیگ سے چائے
اگر آپ چائے پکانے کے لیے ٹی بیگ اور کیٹل کا استعمال کرتے ہیں تو کیٹل میں چائے کے لیے ہمیشہ تازہ پانی استعمال کریں کیونکہ پہلے سے بوائل کیا گیے پانی میں آکسیجن کا لیول کم ہوجاتا ہے جو چائے کے ذائقے پر اثر انداز ہوتا ہے۔
کیٹل میں چائے کے پانی کو ایک مخصوص درجہ حرارت پر گرم کریں اور یہ درجہ حرارت مختلف اقسام کی چائے کے لیے مختلف ہے یعنی اگر سبز چائے بنا رہے ہیں تو پانی کو 170 سے 180 ڈگری تک کم از کم 4 منٹ تک پکائیں اور اگر کالی چائے پکا رہے ہیں تو پانی کو 195 سے 215 ڈگری تک 5 سے 6 منٹ تک گرم ہونے دیں۔
چائے کو کپ یا ٹی پوٹ میں ڈالنے سے پہلے ان کو گرم کر لیں اور اس کام کے لیے کپ یا ٹی پوٹ میں گرم پانی ڈالیں اور جب برتن گرم ہو جائے تو پانی نکال کر چائے ڈالیں۔
ایک کپ پانی میں 1 ٹی بیگ کا استعمال کریں لیکن اگر آپ تیز چائے پسند کرتے ہیں تو 1 ٹی بیگ آپ کے لیے ناکافی ہوگا کیونکہ ٹی بیگ کی چائے کُھلی پتی کی چائے سے زیادہ تیز نہیں ہوتی اس لیے 2 ٹی بیگ آپ کو مطلوبہ ذائقہ مہیا کریں گے اور ٹی بیگ کو کپ میں ڈالنے کے بعد کم از کم 1 منٹ تک کپ میں رہنے دیں تاکہ چائے اچھی طرح رنگ چھوڑے اور آپ کو بھرپُور ذائقہ ملے۔
دُودھ اور چینی
جو لوگ چائے کے ذائقے سے آشنائی حاصل کر کے اُسے پسند کرنے لگ جاتے ہیں وہ پھر چائے میں چینی پسند نہیں کرتے لیکن اگر آپ چائے میں میٹھا ڈالنا چاہتے ہیں تو کپ میں پانی ڈالنے سے پہلے چینی ڈال لیں تا کہ چینی گرم پانی میں فوری حل ہو جائے اور بعد میں چمچ ہلانے کی ضرورت نہ رہے۔
ٹی بیگ کی چائے میں دُودھ پہلے ڈالنا چاہیے یا بعد میں یہ ایک بہت پُرانی بحث ہے اور درحقیقت اس سے ذائقے میں کوئی فرق نہیں پڑتا، پہلے زمانے میں صاحب حثیت لوگ چائے کے کپ میں دُودھ بعد میں ڈالتے تھے کیونکہ اُن کے مہنگے برتن تیز گرم پانی کو برداشت کر لیتے تھے اورتیز گرم پانی میں جب چائے رنگ چھوڑتی تھی تو وہ اُس میں دُودھ ڈالتے تھے تاکہ چائے کا درجہ حرارت پینے کے قابل ہوجائے۔
دیسی یا کُھلی پتی کی چائے
زیادہ تر چائے کے شوقین حضرات ٹی بیگ کی چائے کو پسند نہیں کرتے کیونکہ اُن کے مُنہ کو کُھلی اور تیز پتی کا ذائقہ لگ چُکا ہوتا ہے اور کُھلی پتی کی چائے بنانے کے لیے اچھی پتی کا انتخاب کرنا بہت ضروری ہے۔
بازار میں عام طورکالی چائے کی 2 اقسام ملتی ہیں جس میں دانے دار اور باریک پتی شامل ہے اور چائے کی پتی پیک کرنے والی کمپنیاں دونوں کو علیحدہ علیحدہ فروخت کرتی ہیں اور دونوں میں دانے دار پتی زیادہ عُمدہ اور کوالٹی میں باریک پتی سے بہتر ہوتی ہے اس لیے اگر آپ چائے کے شوقین ہیں تو اپنی چائے کے لیے دانے دار پتی کا انتخاب کریں۔
کُھلی چائے کو اچھے طریقے سے پکانے کے لیے ہمیشہ تازہ پانی کا استعمال کریں اور چائے کے پانی میں پتی ڈالنے سے پہلے پانی کو نیم گرم سے تھوڑا زیادہ گرم ہونے دیں اور جب پانی مناسب گرم ہو جائے تو ایک کپ چائے کے لیے ایک چائے کی چمچ پتی اس پانی میں ڈالیں اور پھر پانی کو 195 ڈگری سے 215 ڈگری تک تیز آنچ پر 4 سے پانچ منٹ پکائیں اور اس دوران چائے کے پانی کو تھوڑی تھوڑی دیر بعد پھینٹیں تاکہ چائے اپنا رنگ اچھی طرح چھوڑ دے۔
جب چائے کا قہوہ پک کر تیار ہوجائے تو پھر اس میں گرم دُودھ ڈالیں، پکتے ہُوئے قہوے میں ٹھنڈا دُودھ ڈالنے سے قہوے کا درجہ حرارت فوری طور پر کم ہوجاتا ہے اور یہ چیز چائے کے ذائقے پر اثر انداز ہوتی ہے۔
دُودھ ڈالنے کے بعد چائے کو تیز آنچ پر اُبال آنے تک پکائیں اور اس دوران تھوڑی تھوڑی دیر بعد چائے کو پھینٹیں اس سے قہوے اور پتی میں دُودھ اچھی طرح مکس ہوگا اور پتی اپنا رنگ پُوری طرح چھوڑ دے گی جس سے آپ کو بہترین چائے کا ذائقہ ملے گا اور اگر آپ تیز چائے پینے کے عادی ہیں تو اُبال آنے کے بعد چائے کے نیچے آگ کو تھوڑا سا دھیما کر دیں اور چائے کو مزید اُس وقت تک پکنے دیں جب تک چائے کے اوپر پتی سے پیلے رنگ کی نیکوٹین ظاہر نہ ہوجائے۔
مزید ہدایات
اچھے اور بہترین ذائقے کے لیے چائے میں ہمیشہ خالص دُودھ استعمال کریں اور دُودھ کو پہلے اچھی طرح اُبال لیں اور اُس پر بالائی آنے دیں جب دُودھ پر بالائی آجائے تو یہ بالائی اُتار لیں اور پھر نیم گرم دُودھ کو چائے میں ڈالیں اور اگر آپ میٹھی چائے پیتے ہیں تو چینی کو چائے کے ساتھ مت پکائیں کیونکہ تیز آنچ پر چینی جلنا شروع ہو جاتی ہے اور ایسی چائے پینے سے معدے میں تیزابیت کا خدشہ پیدا ہوتا ہے اسی طرح چائے پر آنے والی براؤن رنگ کی باریک بالائی بھی اُتار دیا کریں کیونکہ یہ بھی معدے میں تیزابیت پیدا کر سکتی ہے۔