چینی کے کھانے کے علاوہ 15 استعمالات جو چینی کی قدرومنزلت میں اضافہ کریں گے

Posted by

ڈاکٹر حضرات کا کہنا ہے کہ چینی والے کھانے زیادہ کھانے سے صحت پر بُرے اثرات مرتب ہوتے ہیں کیونکہ شوگر بلڈ پریشر بڑھاتی ہے، جسم کو موٹا کرنے کا باعث بنتی ہے، اس سے ذیابطیس جیسی بیماری کا خطرہ بڑھ جاتا ہے اور یہ دل کی بہت سی بیماریوں کا باعث بن سکتی ہے وغیرہ وغیرہ یعنی چینی کھانے میں اچھی چیز نہیں ہے لیکن اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ یہ مفید نہیں ہے۔

اس آرٹیکل میں ہم چینی کے کھانے کے علاوہ ایسے استعمالات کا ذکر کریں گے جس سے جہاں زندگی آسان ہوگی وہاں چینی یعنی بیماریوں کی ماں کی قدرومنزلت میں تھوڑا سا اضافہ بھی ہوگا۔

نمبر 1 زبان جل جائے تو

چائے یا کافی وغیرہ کو اگر بے دھیانی میں فوراً پینے کی کوشش کی جائے تو یہ گرم مشروب صبر کا درس زُبان جلا کر دیتے ہیں، اگر کسی گرم مشروب سے آپ کو خدانخواستہ ایسا درس ملا ہے تو تھوڑی سی دانے دار چینی جلی ہُوئی زبان پر رکھ لیں درد میں راحت ملے گی۔

نمبر 2 سستی ہیر جل

بال بنانے ہیں اور ہیر جل ختم ہوگیا ہے یا نئے جل کو خریدنے کے پیسے نہیں ہیں تو پریشان نہ ہوں ایک چائے کی چمچ چینی ایک کپ گرم پانی میں حل کر لیں اور اس پانی میں انگلیاں ڈبو کر بالوں پر لگائیں اور بالوں کا سپائیک سٹائل تقریباً مفت حاصل کریں مگر یاد رہے سونے سے پہلے بال ضرور دھو لیں کیونکہ چینی سے محبت کرنے والے حشرات بالوں سے چینی کھانے آ جائیں گے۔

نمبر 3 چہرے کی صفائی کے لیے

چہرے کی صفائی کے لیے سکرب نہیں ہے تو کوئی بات نہیں ایک چُٹکی چینی میں چند قطرے زیتون کا تیل شامل کریں اور اس مکسچر کو آرام کیساتھ چہرے پر ملیں یہ چہرے سے ڈیڈ سکن کو اُتار دے گا اور چہرے کو چمکدار بنانے میں مدد گار ثابت ہو گا۔

نمبر 4 پیڈی کیور

اگر ایڑھی اور پاؤں سے سخت ڈیڈ سکن اُتارنا چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ پاؤں صاف سُتھرے اور چمکدار نظر آئیں تو چینی سے بہتر کُچھ بھی نہیں، صرف ایک چُٹکی چینی کو صابن وغیرہ کے ساتھ پاؤں پر اچھی طرح مل کر اوپر سے چاویں کا استعمال کریں مطلوبہ نتائج مل جائیں گے۔

نمبر 5 کہنیوں اور گھٹنے وغیرہ پر داغ ختم کرنے کے لیے

چوتھائی کپ گری کے تیل میں ایک چمچ چینی ڈال کر مکسچر بنا لیں اور اسے ہاتھوں، کہنیوں، گھٹنوں وغیرہ پر مساج کریں اس مساج سے چینی جہاں ان اعضا سے مُردہ جلد کو اُتار دے گی وہاں گری کا تیل ان اعضا کی جلد کو نرم و نازک اور ملائم بنانے کیساتھ ساتھ آپ کے ان اعضا میں کوکونٹ کی خوشگوار خوشبو پیدا کرے گا۔

نمبر 6 زخموں کو ٹھیک کرنے کے لیے

زخموں پر نمک چھڑکنا اچھی بات نہیں لیکن زخموں پر چینی چھڑکنے سے انہیں جلد آرام مل سکتا ہے، چھوٹا موٹا کٹ لگنے کی صورت میں زخم پر تھوڑی سی چینی چھڑک کر پٹی باندھ لیں، چینی میں شامل اینٹی سیپٹیک خوبیاں زخم کو انفیکشن سے بچائیں گی اور زخم سے بہنے والے خون کو جما کر خون بہنے سے روکیں گی اور جلد آرام کا باعث بنیں گی۔

نمبر 7 غیر ضروری بالوں سے چھٹکارے کے لیے

چوتھائی کپ لیموں کے جُوس میں چوتھائی کپ پانی ڈالکر اس میں دو کپ چینی شامل کریں اور اس آمیرے کو آگ پر اُس وقت تک پکائیں جب تک اس کا رنگ گہرا براؤن مائل نہیں ہوجاتا پھر اس کو ٹھنڈا کر کے ویکس سٹرپس کیساتھ یا اس کے بغیر غیر ضروری بالوں پر لگائیں۔

نمبر 8 پھولوں کو دیر تک تازہ رکھنے کے لیے

چوتھائی کپ پانی میں دو چمچ سرکہ اور 3 چائے کی چمچ چینی مکس کر لیں اور بوتل میں ڈالکر پھولوں کی شاخوں کو اس میں ڈبو دیں یہ مکسچر جہاں پُھولوں کو دیر تک تازہ رکھنے میں مدد کرے گا وہاں پھول جلانے والے بیکٹریا کو پیدا ہونے سے روکے گا۔

نمبر 9 چیونٹیاں مارنے کے لیے

اگر گھر میں کسی جگہ چیونٹیوں کا بسیرا ہے تو پریشان نہ ہوں پانی، چینی اور سہاگہ ہم وزن لیکر مکسچر بنا لیں اور جہاں چیونٹیاں زیادہ ہوں وہاں یہ آمیزہ رکھ دیں اس آمیزے میں شامل چینی چینوٹیوں کو اپنی طرف متوجہ کرے گی اور جب وہ بیچاری متوجہ ہو جائیں گی تو سہاگہ اُن کا کام تمام کر دے گا۔

نمبر 10 لال بیگ کے خاتمے کے لیے

اگر گھر میں لال بیگ موجود ہیں اور آپ کی غیر موجودگی یا موجودگی میں اپنا درشن دیکر آپ کو پریشان کرتے ہیں تو بلکل پریشان نہ ہوں اور چینی اور بیکینگ پاوڈر ہم وزن ملا کر آمیزہ بنا لیں اور اس آمیزے کو ہمت کر کے لال بیگ کے راستے میں رکھ دیں اس آمیزے میں شامل چینی لال بیگ کو کھانے کی دعوت دے گی اور آمیزے میں شامل بیکینگ پاؤڈر اس دعوت کے بعد لال بیگ کا کام تمام کر دے گا۔

نمبر 11 برف کو پھگلانے کے لیے

برف کو عام طور پر نمک سے پگھلایا جاتا ہے کیونکہ وہ سستا ہے لیکن اگر آپ یہ کام چینی سے لینا چاہتے ہیں تو چینی بھی آپ کا یہ کام تھوڑے زیادہ پیسوں میں آسانی سے کر دے گی۔

نمبر 12 مچھر یا کسی حشرات کے کاٹنے پر

اگر کوئی حشرات وغیرہ کاٹ گیا ہے تو تکلیف میں راحت کے لیے چینی اور پانی کی برابر مقدار لیکر مکسچر بنا لیں اور اس مکسچر کو متاثرہ حصے پر لگائیں اور 20 منٹ تک لگا رہنے دیں اس سے آپ کو راحت ملے گی لیکن یاد رکھیں اس دوران کوشش کریں کے متاثرہ حصہ کسی چینی سے محبت کرنے والے حشرات کی نظر میں نہ آئے۔

نمبر 13 لپ سٹک کی لائف کو لمبا اور رنگ گہرا کرنے کے لیے

لپ سٹک لگانے کے بعد ہونٹوں پر تھوڑی چینی چھڑک دیں اور ایک منٹ کے بعد چینی صاف کر دیں، چینی لپ سٹک سے موئسچرائزر کو بیدار کردے گی جس سے لپ سٹک کا رنگ گہرا ہوگا اور وہ دیر تک ہونٹوں پر اپنا رنگ کھلائے رکھے گی۔

نمبر 14 گھاس کے داغ اُتارنے کے لیے

گارڈن میں کام کرتے وقت یا کوئی اور حرکت کرتے وقت اگر کپڑے پر گھاس ملی گئی ہے تو اُس کا داغ اُتارنے کے لیے گرم پانی میں ہم وزن چینی ملا کر گاڑھی پیسٹ بنالیں اور اسے داغ پر لگا کر ایک سے دو گھنٹے لگا رہنے دیں اور پھر کپڑا دھو لیں۔

نمبر 15 کیمیکل فائر امی سے مار کھانے کے لیے

کسی فائر پروف برتن میں تھوڑی سی چینی اور سوڈیم کلوریٹ کو مکس کریں اور اس میں کیمیکل فائر کو بیدار کرنے کے لیے چند قطرے سلفوریک ایسڈ کے شامل کریں اس سائنس کو دیکھ کر آپ کو مزہ آئے گا لیکن اگر اس دوران امی نے دیکھ لیا تو نتائج کے ذمہ دار آپ ہی ہوں گے۔

Featured Image Preview Credit: AJC ajcann.wordpress.com from UK [CC BY-SA], The image has been cropped and edited.