کان انسانی جسم کا انتہائی نازک اور اہم اعضو ہے جس کی حفاظت کا نظام قدرت نے کمال مہارت سے بنایا ہے اور عام طور پر ہمیں کان کی حفاظت اور صفائی کی ضرورت نہیں ہوتی اور وہ لوگ جو بغیرکسی وجہ کہ بازار میں انتہائی سستے داموں بکنے والے کاٹن بڈز خرید کر کان کی ویکس صاف کرتے رہتے ہیں وہ قُدرت کے اس انمول تحفے کی صحت کو خطرے میں ڈال دیتے ہیں۔
اس آرٹیکل میں ہم ذکر کریں گے کہ کان کب اور کیوں اور کیسے صاف کرنے چاہیے اور کیا کاٹن بڈز ہمارے کان کے لیے نقصان دہ تو نہیں تاکہ ہم اپنی حس سماعت کو متاثر نہ کر بیٹھیں۔
کان کی میل
کان کی ویکس جسے ہم کان کی میل بھی کہتے ہیں کان کے لیے انتہائی ضروری چیز ہے جو کان کے پردے کی حفاظت کرتی ہے اور مٹی، بیکٹریا، حشرات اور دوسرے ذرات وغیرہ کو کان کے پردے تک پہنچنے سے روکتی ہے اور یہ ویکس قدرتی نظام سے جب ہم کھانا کھاتے ہُوئے جبڑے چلاتے ہیں یا بولتے ہُوئے جبڑوں کا استعمال کرتے ہیں صاف ہوتی رہتی ہے اور بہت سے لوگوں کو کان صاف کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی لیکن کبھی کبھار کان میں بننے والی یہ ویکس زیادہ مقدار میں جمع ہوجائے اور سماعت متاثر ہونے لگے تو اس زیادہ مقدار کی ویکس کو ایمپیکشن کہتے ہیں جس کی صفائی ضروری ہوتی ہے۔
کاٹن بڈ، تیلی کے اوپر روئی لگا کر یا کسی اور باریک چیز کو جب ہم کان میں داخل کرتے ہیں تو یہ کاٹن بڈ وغیرہ میل کو کان کے اندر دھکیل دیتا ہے اور کان بند ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
کان میں ویکس اکھٹا ہونے کی نشانیاں
کان میں جب ایمپیکشن ہوتی ہے یعنی میل زیادہ مقدار میں اکھٹی ہو جاتی ہے تو ہمیں اُس کی درجہ ذیل نشانیاں وصول ہوتی ہیں۔
- متاثرہ کان میں خارش ہو سکتی ہے
- کان بھرا بھرا محسوس ہوتا ہے اور کان میں گھنٹیاں بجتی سُنائی دیتی ہیں
- آوازیں ٹھیک طرح سُنائی نہیں دیتی
- متاثرہ کان سے بُو آ سکتی ہے
- چکر آنا شروع ہو سکتے ہیں
- کھانسی لاحق ہو سکتی ہے
کان کی صفائی
کان سے ویکس صاف کرنے کے لیے سب سے بہترین طریقہ ہے کہ ڈاکٹر کے پاس جایا جائے اور ڈاکٹر سے کان کی صفائی کروائی جائے کیونکہ کانوں کے ڈاکٹر حضرات کے پاس ایسے آلات ہوتے ہیں جن سے حفاظت کیساتھ کان کی صفائی ممکن ہوتی ہے لیکن اگر آپ کان کی صفائی گھر میں خُود سے کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے چند حفاظتی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے تاکہ آپ کہیں کان کے پردے کو نقصان نہ پہنچا دیں۔
کاٹن بڈ سے کان کی صفائی کے دوران یہ خطرہ ہوتا ہے کہ وہ میل کو کان کے اندر دھکیل سکتی ہے یا پردہ سماعت کو متاثر کر سکتی ہے اس لیے کاٹن بڈ سے صفائی کرتے ہُوئے اُسے کان کے اندر تک داخل مت کریں اور کان کے باہر باہر کناروں کو اس کیساتھ صفف کریں اور دھیان رکھیں کے کاٹن بڈ میل کو اندر نہ دھکیلے اور بہتر طریقہ یہ ہے کہ آپ کسی نرم کپڑے کو گرم پانی میں بھگو کر پانی نچوڑ دیں اور کان کے سوراخ کے اردگرد اُس کپڑے سے صفائی کریں۔
کان کی بڑھی ہوئی ویکس نکالنے کے لیے عام طورپر آپ کو میڈیکل سٹوراور فارمیسی وغیرہ سے ائیر ویکس سوفٹنر بھی مل جائیں گے جن کے قطرے کان میں ڈالنے سے ویکس پتلی ہو کر خود بخود خارج ہوجاتی ہے ان ویکس سوفٹنرز میں منرل آئل، بے بی آئل، گلیسرین، پر آکسائیڈ، ہائیڈروجن پر آکسائیڈ اور سالین وغیرہ استعمال کی جاتی ہے جو میل کو پتلا کر دیتی ہے اور کان کی صفائی کر دیتی ہے۔
ائیر ویکس سوفٹنر کے اُتنے ہی قطرے کان میں ڈالیں جتنے اُس کے استعمال کے لیے ہدایت نامے پر تحریر ہوں اور مطلوبہ وقت تک اُسے کان کے اندر رہنے دیں اور بعد میں کان سے وہ قطرے نکال دیں اور اگر کان کی کیفیت برقرار رہے تو ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔
کان کی صفائی کے لیے کان کی موم بتیاں Ear Candlesبھی استعمال کی جاسکتی ہیں یہ کینڈلز کان سے ویکس کو کھینچ کر نکال دیتی ہیں مگر ان کے استعمال سے خطرہ رہتا ہے کہ آپ جل سکتے ہیں یا موم بتی کی موم غلطی سے کان میں داخل ہو سکتی ہے، ائیر کینڈل کیسے کام کرتی ہے اس کے لیے نیچے دی گئی ویڈیو ملاحظہ فرمائیں۔
نوٹ: اگر آپ ذیابطیس کے مریض ہیں یا آپ کا ایمیون سسٹم ٹھیک کام نہیں کر رہا یا آپ کے کان کے پردے میں سوراخ ہے یا آپ کے کان میں ٹیوب ہے تو اوپر دئیے گئے طریقے ہرگز استعمال نہ کریں اور کان کی صفائی کے لیے ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔