کمپیوٹر کے کی بورڈ کے اوپر ایف 1 سے لیکر ایف 12 تک بنے بٹن جنہیں فنکشن بٹن کہتے ہیں اس لیے نہیں ہوتے کہ انہیں پر مٹی پڑتی رہے بلکہ یہ بہت سے زبردست کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ان کے کُچھ فنکشن تو انتہائی فائدہ مند اور وقت کو بچانے والے ہوتے ہیں۔
اس آرٹیکل میں کی بورڈ کے ان بٹنز کے کُچھ ایسے استعمالات ذکر کیے جائیں گے جن سے آپ کو اندازہ ہوگا کہ آپ کا کی بورڈ کتنا زبردست کام کر سکتا ہے اور ان بٹنز سے آپ کیسے کیسے فائدے حاصل کر سکتے ہیں۔
ایف 1 یہ بٹن آپکا مددگار ہے اور آپ کمپیوٹر کے کسی بھی پروگرام میں اگر اُس پروگرام کے متعلق کوئی مدد چاہتے ہیں تو اس بٹن کو دبانے سے آپ کو اُس پروگرام کے متعلق معلوماتی مدد مل سکتی ہے۔
ایف 2 ویسے تو اس بٹن کے اور بھی کئی کام ہیں لیکن اگر آپ کسی فائل یا فولڈر کا نام تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو اُس پر کلک کرکے صرف ایف 2 دبا دیں آپ کا مطلوبہ کام ہو جائے گا۔ ایف 3 اس بٹن کی مدد سے اگر آپ کسی پروگرام میں کوئی چیز تلاش کرنا چاہتے ہیں جیسے مائیکروسافٹ ورڈ میں کوئی لفظ ڈھونڈنا چاہتے ہیں تو اسے دبا دیں یہ سرچ کا شارٹ کٹ ہوگا۔
ایف 4 ایک انتہائی اہم بٹن ہے اور جس وقت آپکا ماؤس کام نہ کر رہا ہو تو یہ آپکا بہت مددگار ثابت ہوتا ہے اور ALT کے ساتھ اسے دبانے سے جو بھی پروگرام چل رہا ہوگا وہ بند ہو جائے گا۔ ایف 5 کی مدد سے آپ کسی بھی پروگرام کو ریفریش اور ری لوڈ کر سکتے ہیں۔
ایف 6 یہ بٹن انتہائی اہم بٹن ہے اور اسکی مدد سے آپ کسی بھی انٹرنیٹ براوزر میں کرزر کو ایڈریس بار میں لیکر جا سکتے ہیں، ایف 7 کا بٹن مائیکرو سافٹ ورڈ میں انتہائی اہم بٹن ہے اور اسکی مدد سے آپ کسی بھی لفظ کے سپیلینگ اور گرائمر صرف اسے دبانے سے چیک کر سکتے ہیں۔
ایف 8 مائیکرو سافٹ وینڈو کا ایک انتہائی اہم فنکشن بٹن ہے جسکی مدد سے آپ کمپیوٹر کو بوٹ مینو اور سیف موڈ میں چلانے کے لیے جا سکتے ہیں بس کمپیوٹر کو آن کرتے ہی اس بٹن کو دبانا آپ کو بوٹ مینو کی آپشن میں لیجائے گا۔
ایف 9 مائیکرو سافٹ ورڈ میں کسی ڈاکومینٹ کو ریفریش کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے اور یہی بٹن مائکروسافٹ آوٹ لُک میں ای میل وصول کرنے اور بھیجنے کے لیے بطور شارٹ کٹ استعمال ہوتا ہے۔
ایف 10 یہ بٹن کسی بھی ونڈو ایپلیکشن میں مینو بار کو ایکٹیو کر دیتا ہے اور اگر اسے SHIFT کے بٹن کیساتھ استعمال کیا جائے تو یہ ماؤس کے رائٹ کلک کا کام کرتا ہے۔ ایف 11 انٹرنیٹ ایکسپلورر اور گوگل کروم کے براوزر میں فُل سکرین کو ان ایبل کرنے اور ڈیس ایبل کرنے کے لیے شارٹ کٹ کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔
ایف 12 اگر آپ مائیکرو سافٹ ورڈ استعمال کر رہے ہیں اور کسی فائل کو سیو ایز کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو کچھ کرنے کی ضرورت نہیں بس ایف 12 کا بٹن دبا دیں آپکا کام ہو جائے گا اور آپ کا بہت سا قیمتی وقت بچ جائےگا۔