کوک کے 9 ایسے استعمال جو اسے پینے سے زیادہ دلچسپ ہیں

Posted by

کوکا کولا ایک ایسا سوفٹ ڈرنک ہے جسے دنیا بھر میں پسندکیا جاتا ہے۔کوکا کولا کے علاوہ بھی ہزاروں مشروبات ہیں لیکن ذائقے کے لحاظ سے اس کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا۔ ایک تحقیق کے مطابق دنیا میں لگ بھگ دو ارب مختلف سافٹ ڈرنکس فروخت ہوتی ہیں لیکن ان میں کوکا کولا سب سے زیادہ فروخت ہونے والی سافٹ ڈرنک ہے جو اس وقت دنیا کے 200 سے زیادہ ممالک میں فروخت ہو رہی ہے۔

پاکستان کی سالانہ آمدنی سے بھی زیادہ آمدنی رکھنے والی یہ مشروب کی کہانی کا آغاز امریکہ کی ایک چھوٹی سی ریاست جورجیا سے ہوتا ہے جہاں ایک دوا ساز کمپنی نے تھکاوٹ سے بچنے کے لئے ایک نسخہ تیار کیا۔ لیکن کون جانتا تھا کہ یہ نسخہ آگے جا کر دنیا کا پسندیدہ ترین مشروب بن جائے گا۔

اس آرٹیکل میں کوکا کولا کے پینے کے علاوہ 9 ایسے استعمال بتائیں گے جو آپ کی زندگی کو مزید آسان بنا دیں گے اور آپ میں سے اکثر انہیں پہلے نہیں جانتے ہوں گے ۔

چیونگم اتارنے میں فائدہ مند ہے

اگر آپ کے بالوں پر چیونگم چپک گئی ہے اور لاکھ کوشش کرنے کے باوجود آپ اسے اتار نہیں پارہے تو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ بالوں پر لگی چیونگم پر تھوڑی سی کوکا کولا ڈالیں اور کچھ دیر بعد آہستہ آہستہ چیونگم کو اتار لیں۔ یہ عمل ہے تو تھوڑا لمبا لیکن چیونگم کی وجہ سے بال کاٹنےسے بہتر ہے۔

بالوں کے لئے بلیچ کا کام کرتا ہے

اگر آپ اپنے بالوں کو کوکا کولا سے دھوتے ہیں تو یہ بالوں کے بلیچ کا کام کرتا ہے۔کوکاکولا میں موجود فاسفورک ایسڈ بالوں کو مظبوط بناتا ہے اور اس میں موجود شوگر بالوں کو گھنا بناتی ہے۔

کیڑوں سے تحفظ فراہم کرتا ہے

ہندوستانی کاشتکار اپنی فصلوں کو کیڑوں سے بچانے کے لئے کوکاکولا سے اسپرے کرتے ہیں۔ اس میں موجود شوگرسرخ چیونٹیوں کو اپنی طرف کھینچتی ہے۔ سرخ چیونٹیاں کیڑے مکوڑوں کی دشمن ہیں ۔ یہ کچھ دیر میں ہی کھیتوں سے تمام کیڑوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیتی ہیں۔

درد سے نجات دیتا ہے

اگر آپ کی جلد پر کیڑوں کے کاٹنے کی وجہ سے لال دھبے بن گئے ہیں جو آپ کے لئے تکلیف کا باعث بن رہے ہیں تو روئی میں کو کا کولا بھگو کر متاثرہ جگہ پر لگائیں۔ خارش اور جلن میں فوری کمی آئے گی۔بہت سے ممالک میں کوکا کولا جیلی فش کے ڈنک کے تریاق کے طور پر بھی استعمال ہوتی ہے۔

باتھ روم کی صفائی

کوکا کولا میں پایا جانے والا فاسفورس ایسڈ لائم اسکیل اور دیگر گندگی کا خاتمہ کرتا ہے جس سے باتھ روم چمکدار محسوس ہوتا ہے۔ متاثرہ جگہ پر تھوڑی سی کوکا کولا لگا ئیں ۔ چند گھنٹوں یا بہتر نتائج کے لئے پوری رات کے بعد دھو لیں۔ لائم اسکیل اور گندگی کا خاتمہ ہو جائے گا۔

کچن سے چکنائی کا خاتمہ کرتا ہے

کوکا کولا میں موجود ایسڈ اور کیفین سنک میں جمی چکنائی کا خاتمہ کرتا ہے۔ اس کے علاوہ آپ کوکا کولا کو برتن دھونے اور باورچی خانے کی ٹائلوں کو بھی صاف کرنے کے لئے استعمال کر سکتے ہیں۔

تیزاب کی ناخوشگوار بد بو کا خاتمہ کرتا ہے

اگر آپ کے کپڑوں یا چیزوں سے تیزاب کی طرح کی ناخوشگوار بو آرہی ہے تو پریشان مت ہوں۔ ایک بالٹی میں پانی اور کوکا کولا ہم وزن ملا لیں ان بدبو دار کپڑوں کو اس محلول میں کچھ دیر کے لئے بھگو دیں۔ ناخوشگوار بد بو کا خاتمہ ہو جائے گا۔ اس محلول کو واشنگ مشین میں ڈال کر استعمال مت کریں۔

جیولری اورکرنسی والے سکوں کی صفائی

جیولری یا پرانے اور داغدار سکوں کو تھوڑی دیر کے لئے کوکا کولا میں ڈال کر اچھی طرح ہلائیں ۔10 سے 15 منٹ کے بعد پانی سے دھو لیں جیولری اور سکے بالکل نئے اور چمکدار ہوجائیں گے۔

زنگ کا خاتمہ

کوکا کولا زنگ کے خاتمے میں بھی بے حد مفید ہے۔ متاثرہ جگہ پر کوکا کولا ڈالیں اور پھر سپنچ کے ساتھ رگڑیں۔ اگر زنگ پرانا ہو تو آپ بہتر نتائج کے لئے فوئل پیپر کا بھی استعمال کر سکتے ہیں۔