اتوار کا دن تھا ۔ میں اطمنان سے اپنے گھر بیٹھا ٹی وی دور درشن پر خبریں دیکھ رہا تھا جس پر کشمیر کی تازہ ترین صورت حال دکھائی جارہی تھی اور قوم کو بتایا جا رھا تھا کہ کشمیر میں حالات پوری طرح قابو میں ہیں ۔
صرف پاکستان نواز کچھ شرپسند امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ اچانک گلی میں شور اُٹھا ۔ میں نے کھڑکی کھول کر دیکھا تو گلی میں ایک ہندو نوجوان چیخ چیخ کر لوگوں کو بتا رہا تھا کہ ایک مسلمان کے کتے نے گاؤ ماتا جی کو کاٹ کھایا ہے۔
وہ سب کو گھروں سے نکلنے کا کہہ رہا تھا۔ میں بھی رام رام کرتا گھر سے باہر آگیا۔ ڈنڈا ، چاقو، پستول جس کے ہاتھ جو آیا ہاتھ میں اُٹھائے گھر سے نکل آیا۔سب لوگ ایک ہی سمت میں بھاگ رہے تھے۔ میں بھی ادھر چل دیا۔
چوک کے اگلی طرف مسلمانوں کی آبادی شروع ہو جاتی تھی۔ سب لوگ ادھر ہی جا رہے تھے۔ کچھ ہی فاصلے پر لوگوں کا مجمع لگا ہوا تھا ۔ میں قریب پہنچا تو دیکھا کہ ایک طرف گاؤ ماتا کھڑی ہے جس کی ایک ٹانگ پر زخم تھا ۔
دوسری طرف ایک مسلمان زمین پر لیٹا نظر آیا وہ بھی زخمی حالت میں تھا ۔ اسے ہندو نوجوانوں نے مارا پیٹا تھا۔ کچھ نوجوان ایک کتے کو پکڑے ہوئے تھے۔ پتہ چلا کہ اس کتے نے گاؤں میں آزاد پھرنے والی گاؤ ماتا کو کاٹ لیا تھا۔
کیوں کہ یہ واقعہ مسلمان کی دکان کے پاس پیش آیا تھا اس لئے یہ تصور کر لیا گیا کہ مزکورہ کتا اسی مسلمان کا پالتو ہے۔ چنانچہ اس مسلمان دکاندار کو پکڑ کر پھینٹالگایا گیا ۔
اب پورا گاؤں یہاں اکٹھا ہو چکا تھا۔جن میں ہندو بھی تھے اور مسلمان بھی۔ سب اتنا شور مچا رہے تھے کہ کان پڑی آواز سنائ نہ دیتی تھی۔ مسلم اور ہندو دونوں طرف کے کچھ سنجیدہ اور معتدل مزاج افراد کی کوشش سے باہم بات چیت شروع ہوئی۔
لمبی چوڑی بحث و شنید کے بعد عقدہ کھلا کہ گاؤ ماتا کو کاٹنے والا کتا مسلمان دکاندار کا نہیں بلکہ وہ کتا گاؤں کے کسی بھی مسلمان کا پالتو نہیں ۔ یہ جان کرمجمع کے جزبات ٹھنڈے پڑ گئے۔
ہاں ! اگر یہ کتا کسی مسلمان کا ہوتا تو گاؤں میں فسادات پھوٹ پڑنے تھے ۔ ۔ہندو اور مسلم دونوں کے جان و مال کا نقصان ہونا تھا ۔ اب یہ سب اس لیےرک گیا کہ کتے کا تعلق اسلام کے ماننے والوں سے نہیں تھا ۔ وہ ایک کتا تھا ۔۔آوارہ کتا ۔۔ جسکا کوئی بھی مالک کسی مذہب سے تعلق نہیں رکھتا تھا۔۔ میں سوچ رہا تھا اب انسانوں کے مابین جھگڑوں کی بنیاد جانوروں کا مذہبی تعلق ہوا کرے گا کیا؟؟؟۔
(تنویر بیتاب)
Featured Image Preview CreditHoly cow and dog, Palolem, Goa, India.” (CC BY 2.0) by spiraltri3e Via Flicker